بائیس سالہ لڑکی جو دم نکلنے سے پریشان ہے

دُم والا بندر، یا دُم والی بلی تو آپ نے دیکھی یا سنی ہو گی، لیکن دُم والی لڑکی، یہ کیسی حیرت کی بات ہے! یہ عجیب و غریب انکشاف حال ہی میں یوٹیوب پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ہوا ہے۔ یہ ویڈیو ایک مشہور سرجن نے پوسٹ کی ہے۔ اگرچہ اُن کے یوٹیوب اکاﺅنٹ پر اس سے پہلے بھی دلچسپ و عجیب ویڈیوز پوسٹ کی جاتی رہی ہیں مگر اس بار تو حد ہی ہو گئی ہے۔
اس 22 سالہ لڑکی کا نام ٹیلر بتایا گیا ہے جس کی کمر کے زیریں حصے پر دُم نکل آئی تھی۔ ٹیلر کا کہنا تھا کہ ننھی سی دُم تو اُن کی کمر پر بہت سالوں سے موجود تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ بڑی ہوتی گئی۔ دو سال قبل ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے اسے ٹیلر کے جسم سے علیحدہ کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ یہ چربی کا ٹکڑا تھا۔ بدقسمتی سے یہ دوبارہ اُگنے لگی جس پر ٹیلر نے ایک بار پھر ڈاکٹر سے رابطہ کیا۔
ٹیلر کا آپریشن کرنے والے سرجن کا کہنا ہے کہ چونکہ چربی کا یہ ٹکڑا اُن کی ریڑھ کی ہڈی کے بے حد قریب جڑا ہوا تھا لہٰذا اسے جڑ سے کاٹنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا، اور یہی وجہ ہے کہ آپریشن کے بعد اس کی افزائش دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔ اس بار بھی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اسے اُوپر سے کاٹ دیا گیا ہے کیونکہ جڑ سے کاٹنا مناسب نہیں۔


