سڑک کنارے کھڑی نوجوان لڑکی کو لفٹ نہ دیں

اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو چوری و ڈکیتی سمیت کسی بھی مشکل میں پھنسنے سے بچانے کے لیے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی اجنبی یا رات کی تاریکی میں سڑک کنارے کھڑی اکیلی لڑکی کو گاڑی یا موٹرسائیکل پر ساتھ بٹھانے سے گریز کریں ۔
پولیس کی طرف سے جاری آگاہی پیغام میں شہریوں کو کہا ہے کہ رات گئے یا ایسے اوقات جب ٹریفک کم ہوتی ہے تو محتاط رہیں، اگر آپ کو کوئی لڑکی اکیلی کھڑی ملے اور لفٹ مانگے یا سڑک کنارے بے ہوش ملے تو اس کی مدد کیلئے نہ رکیں، اس کے پاس گزر جائیں یا اس کی جگہ کی اطلاع کیلئے 15 پر کال کریں۔ ایک افسر نے بتایاکہ یہ ڈکیتوں کا نیا طریقہ واردات ہے جو ایک لڑکی کو استعمال کرتے ہوئے منظم طریقے سے کام کررہے ہیں ، کم رش والی سڑکوں یا پھرہائی ویز پر درختوں والی جگہوں پر ایسی وارداتیں زیادہ ہورہی ہیں ۔
پولیس حکام کے مطابق اس صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور بغیر کسی تاخیر کے ذمہ داران پکڑ لیں گے تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ کسی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے پولیس کو بروقت اطلاع کی جائے ۔

