میرے والد کی دوسری شادی کی تصاویر جعلی ہیں: جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد چیمہ کے صاحبزادے کا بیان


کیا 79 سالہ ریٹائرڈ جج افتخار چیمہ نے واقعی 26 سالہ نوجوان لڑکی سے شادی کر لی ؟ سوشل میڈیا پر ہنگامے کے بعد اس تصویر کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

جسٹس ریٹائر افتخار چیمہ کے بارے سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ روز سے افواہ گردش کر رہی ہے کہ انہوں نے 80 سال کی عمر میں ایک نوجوان 26 سالہ لڑکی کے ساتھ شادی کر لی ہے اور ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جارہی ہے جس میں وہ دلہن کے ساتھ بیٹھے ہیں اور ایک چیک پر دستخط کر رہے ہیں تاہم اب ان کے بیٹے بیرسٹر عثمان چیمہ میدان میں آ گئے ہیں اور اصل حقیقت سے پردہ اٹھا دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد چیمہ کے صاحبزادے بیرسٹر عثمان چیمہ نے اپنے والد کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے افواہوں کی تردید اور سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” میرے والد کے بارے میں شائع کی گئی تصویر حلقہ کے پی ٹی آئی کے سیاسی یتیموں کی جانب سے جاری کی گئی ہیں ، میں اپنے پورے خاندان کی طرف سے اس کی بھر پور مذمت کرتاہوں اور یہ مکمل طور پر جعلی اور جھوٹ پر مبنی ہیں ۔

بیرسٹر عثمان چیمہ کا کہناتھا کہ یہ تصویر دراصل ایک یتیم بچی کی شادی کی ہے جس میں میرے والد بطور ایم این اے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ، اس موقع پر انہوں نے یتیم بچی کی مالی امداد بھی کی ، شکست خوردہ عناصر نے یہ مذموم حرکت 2016 کے ضمنی الیکشن میں بھی کی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر سے اپنی شکست کا غم بھلانے کیلئے انہوں نے وہی گندہ راستہ اپنا ہے ۔ اس طرح کی حرکتیں ان کی گندی ذہنیت و تربیت کی عکاسی کرتی ہیں ۔

انہوں نے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس بے بنیاد مہم کو شروع کرنے اور اس کو پھیلانے والے ہیں ، ان کے خلاف باضابطہ کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو درخواست دیدی ہے ، جن اخبارات نے یہ خبر چھاپی اور ٹی وی چینل نے بغیر تصدیق کے چلائی ہے ،ان کے خلاف بھی ہتک عزت کا دعویٰ دائرکرنے کیلئے لیگل ٹیم کو ہدایت کر دی ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).