جب پرواز کے دوران پائلٹ مسافروں میں آ کر اطمینان سے سوتا رہا

دوران پرواز پائلٹ کی معمولی غفلت سینکڑوں مسافروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے چنانچہ پائلٹوں سے انتہائی ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔ تاہم گزشتہ دنوں ایک مسافر نے یونائیٹڈ ایئرلائن کی ایک پرواز کے مسافر کا ایسا قصہ سوشل میڈیا پر سنا دیا کہ ہر کوئی حیران پریشان رہ گیا۔ دی مرر کے مطابق اس مسافر نے بتایا کہ میں یونائیٹڈ ایئرلائن کی سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر نیوارک جانے والی پرواز میں سوار تھا۔ راستے میں کاک پٹ کا دروازہ کھلا، پائلٹ باہر آیا اور یونیفارم اتار کر فرسٹ کلاس میں سو گیا۔“
مسافر نے مزید لکھا کہ ”پرواز یو اے 161کے پائلٹ کا یہ رویہ دیکھ کر تمام مسافروں میں سراسیمگی پھیل گئی۔ 7گھنٹے کی پرواز میں وہ ایک گھنٹے تک سوتا رہا اور پھر اٹھ کر یونیفارم پہن کر واپس کاک پٹ میں چلا گیا۔“اپنی اس پوسٹ میں مسافر نے پائلٹ کی ایک تصویر بھی بنا کر شیئر کی ہے جس میں وہ ٹی شرٹ پہنے سو رہا ہوتا ہے۔ اس واقعے پر یونائیٹڈ ایئرلائن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”بین البراعظمی پروازوں میں تین پائلٹ ہوتے ہیں اور انہیں آرام کی ضرورت ہوتی ہے، چنانچہ وہ باری باری آرام کر سکتے ہیں۔ اس دوران جہاز کو دیگر دو پائلٹ کنٹرول کر رہے ہوتے ہیں۔“تاہم یہ پوسٹ کرنے والے مسافر کا کہنا ہے کہ ”ٹھیک ہے کہ پائلٹ کو آرام کرنا چاہیے کہ لیکن اسے اس طرح مسافروں کے درمیان آ کر نہیں سونا چاہیے بلکہ ان کے آرام کرنے کے لیے الگ جگہ ہوتی ہے اور انہیں وہیں جا کر آرام کرنا چاہیے۔

