295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آخر سائیکل چلائی کیسے گئی؟

تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر یا تو ہوائی جہاز اُڑ سکتا ہے یا پھر کوئی طاقتور ترین سپورٹس کار اس رفتار کو پہنچ سکتی ہو گی، مگر امریکامیں ایک خاتون نے عجیب کام کر ڈالا ہے۔ ان محترمہ نے تقریباً اس رفتار پر سائیکل دوڑا کر دکھا دی ہے۔
میل آن لائن کے مطابق ڈنیس میولر کورنک نامی خاتون نے تقریباً 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سائیکل چلا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ یہ ناقابل یقین ریکارڈ قائم کرنے میں ڈنیس کو پروفیشنل کار ریس ڈرائیور شیا ہول بروک کورلی کی مدد حاصل تھی اور ان کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً اڑھائی سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی توقع کر رہی تھیں مگر خوش قسمتی سے وہ اس ہدف سے بھی آگے نکل گئیں۔ جب وہ فنش لائن پر پہنچیں تو ان کی رفتار 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کہ پہنچ رہی تھی۔
تیز ترین سائیکل سواری کا ریکارڈ بنانے کے لئے بلندی سے نیچے کی جانب آنے والا خاص ٹریک تیار کیا گیا تھا، جس پر ابتدائی کچھ فاصلے تک مشینی طاقت سے سائیکل کو حرکت دے کر بلند ترین رفتار پر پہنچایا گیا۔ اس کے بعد ڈنیس کے لئے انتہائی رفتار برقرار رکھنا مشکل کام نہیں تھا، البتہ انتہا درجے کی تیز رفتاری کے باعث یہ ایک خطرناک کام ضرور تھا۔غیر معمولی رفتا ر کے باعث ڈنیس کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے تیز ترین سائیکل سواری کا ریکارڈ 1995ءمیں نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والیے فریڈ رامپلبرگ نے بنایا تھا۔ انہوں نے 269 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سائیکل چلائی تھی۔


