گدھے کی شادی زبردستی کیوں کروائی گئی؟


گاﺅں والوں نے اس گدھے کی شادی کروادی، لیکن یہ کام کیوں کرنا پڑا، وجہ آپ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے

 

بھارت ایک دلچسپ و عجیب ملک ہے، جہاں آج کے جدید دور میں بھی ایسے ایسے رسوم و رواج پائے جاتے ہیں کہ جان کر آپ ہنسنے، یا پھر رونے، پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ تاریخی شہر میسور میں ہونے والی اس انوکھی شادی کو ہی دیکھ لیجئے۔ یہ ایک گدھے اور گدھی کی شادی ہے، جس کا اہتمام عین اسی طرح محنت اور فکرمندی سے کیا گیا جیسے کسی انسان کی شادی کے لئے کیا جاتا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق میسور شہر کے ہورا گاﺅں میں ایک گدھا گزشتہ کچھ عرصے سے لوگوں کے لئے شدید درد سر بن چکا تھا۔ چند ماہ قبل تک یہ ایک گدھی کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزار رہا تھا مگر ایک منحوس تیندوے نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے گدھی کی جان لے لی۔ اس سانحے نے گدھے کو بالکل دیوانہ سا کر دیا۔ اُس نے کئی لوگوں کو دولتیاں ماریں اور کچھ کو تو کاٹ بھی لیا۔

دیہاتیوں نے بہت غور و خوض کیا اور بالآخر اس نتیجے پر پہنچے کہ گدھے کے لئے گدھی کا انتظام کرنا پڑے گا۔ خوش قسمتی سے ایک قریبی گاﺅں میں موزوں گدھی مل گئی جسے خریدنے کے لئے 20 ہزار کا چندہ جمع کیا گیا۔ جب گدھی کے مالک کو سارے معاملے کا علم ہوا تو وہ بھی جذباتی ہو گیا اور گدھی مفت دینے کا اعلان کر دیا۔

کافی رقم تو جمع ہو چکی تھی لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ شادی دھوم دھام سے ہو گی۔ دونوں دیہاتوں کے لوگ اس شادی میں شریک ہوئے اور ناچ گانے کے ساتھ خوب اچھا کھانے پینے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ دلہن کو بنا سنوار کر تقریب میں لایا گیا۔ اگرچہ وہ دولتیاں مار رہی تھی اور کافی اچھل کود بھی کررہی تھی، مگر دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ وہ خوشی کا اظہار کر رہی تھی۔

انہیں پوری امید ہے کہ شادی کے بعد اس کا رویہ بدل جائے گا اور وہ پرسکون ہوجائے گا۔

مہینوں کی تنہائی کے بعد ساتھی مل جانے پر گدھا بھی بہت پرجوش نظر آرہا تھا۔ اُس کی شادی کا اہتمام کرنے والے دیہاتی بھی خوش تھے، اس اُمید پر کہ اب اُس کے رویے میں تبدیل آ جائے گی اور ایک بار پھر وہ سکون کی زندگی گزارے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).