جب میں گھر داخل ہوئی تو نوکرانی بے ہوش پڑی ہوئی تھی

لوگ ملازموں کی خدمات لیتے ہیں تا کہ زندگی میں کچھ آسانی آ جائے مگر بعض اوقات یہ ملازمین ایسا درد سر ثابت ہوتے ہیں کہ انسان آئندہ ان کی خدمات کے حصول سے توبہ کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ نیویارک شہر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے، جو انہوں نے دوسروں کو خبردار کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر شئیر کیا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین سے تعلق رکھنے والی گیوی سنو کا کہنا ہے کہ وہ اور اُن کے شریک حیات چھٹیوں سے واپس آئے تو سوچا کہ ایک بار گھر کی مکمل صفائی ستھرائی کروا لی جائے۔ انہوں نے گھریلو ملازمین کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’جواینا کلیننگ سروسز‘ سے رابطہ کیا کیونکہ اس کمپنی کی شہرت بہت اچھی سنی تھی۔ کمپنی نے ان کے ہاں دو خواتین کو صفائی کے لئے بھیج دیا اور گیوی اپنا گھر اُن کے حوالے کر کے خود اپنے کام پر چلی گئیں، اور یہی اُن کی سب سے بڑی غلطی ثابت ہوئی۔
گیوی یہ سمجھ کر اپنا گھر صفائی والی خواتین کے حوالے کر گئیں کہ اُنہیں ایک مشہور کمپنی نے بھیجا ہے اور یقیناً وہ پروفیشنل اور ذمہ دار ہوں گی، مگر جب وہ واپس آئیں تو گھر کی حالت دیکھ کر چودہ طبق روشن ہو گئے۔ گھر کا سارا سامان ادھر اُدھر بکھرا پڑا تھا اور دونوں خواتین نشے کی زیادتی سے بیہوش ہو چکی تھیں۔ ان میں سے ایک کمرے میں صوفے پر اور دوسری باورچی خانے کے فرش پر مدہوش پڑی تھی۔ باورچی خانے میں بیہوش پڑی خاتون نے جو شرٹ پہن رکھی تھی اُس پر لکھا تھا ”کھاﺅ، پیو، موج کرو!“ یقیناً وہ اس نعرے کی عملی تصویر تھی۔
گیوی کہتی ہیں کہ اپنے گھر کا حال دیکھ کر انہیں لگا کہ گویا ملازماﺅں نے اس کی صفائی کرنے کی بجائے اسے منہدم کرنے کی کوشش کی تھی۔ ہر چیز الٹی سیدھی ہوئی پڑی تھی اور باورچی خانے میں کھانے پینے کی جو بھی اشیاءتھیں ان کا صفایا ہوچکا تھا۔ مرچ مصالحے والی ایک الماری نیچے گری ہوئی تھی، کچھ برتن ٹوٹے ہوئے تھے، چابیاں پتہ نہیں کہاں غائب تھیں، فریج میں پڑی اشیاءخصوصاً آئسکریم و چاکلیٹ وغیرہ غائب تھے اور گھر میں جتنی شراب تھی اُسے پی کر یہ دونوں خواتین بے سدھ پڑی تھیں۔گیوی کہتی ہیں کہ ” میں نے ان ملازماﺅں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کمپنی کو 400 ڈالر ادا کئے تھے، مگر بدلے میں انہوں نے مجھے کیا دیا ہے، یہ آپ کے سامنے ہے۔“






