جنسی سرگرمی کے دوران اپاہج ہو جانے والی خاتون کا مقدمہ خارج
برطانیہ میں ایک خاتون جنسی عمل کے دوران بیڈ سے گر کر اپاہج ہو گئی جس کے بعد اس نے عدالت میں بستر بنانے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ کر دیا۔
میل آن لائن کے مطابق برطانوی علاقے برکشائر کے شہر میڈن ہیڈ کی 46 سالہ کلیئر بسبی کے ساتھ یہ واقعہ 2013ء میں پیش آیا تھا۔ بیڈ سے گرنے کے باعث اس کی ریڑھ کی ہڈی کو سنگین نقصان پہنچا اور اس کا نچلا دھڑ مفلوج ہو گیا۔ تب سے وہ وہیل چیئر کی محتاج ہو کر رہ گئی ہے۔ کلیئر نے اس واقعے کے بعد بیڈ بنانے والی ’برکشائر بیڈ کمپنی‘ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کروا دیا تھا جس میں ہرجانے کی استدعا کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق کلیئر بسبی نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ’’میں بیڈ کی خرابی کی وجہ سے نیچے گری۔ اس میں کئی خامیاں تھی جن کی وجہ سے میں عمر بھر کے لیے معذور ہو گئی۔ چنانچہ وہ بیڈ بنانے والی کمپنی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔‘‘ تاہم عدالت نے اب کلیئر بسبی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا ہے اور بیڈ بنانے والی کمپنی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ عدالت کے جج بیری کوٹر کا کہنا تھا کہ ’’عدالت میں یہ ثابت نہیں کیا جا سکا کہ بیڈ ناقص تھا۔ چنانچہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کلیئر بسبی کا گرنا ایک حادثہ تھا جس کا ذمہ دار بیڈ بنانے والی کمپنی کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘‘



