کیا شہباز شریف کو آخری موقع ملنے والا ہے؟
شہباز شریف نے گزشتہ روز فوجی عدالتوں کے تسلسل کے لئے آئینی ترمیم کی حمایت کرنے کے علاوہ بیرون ملک سے ملنے والی معاشی امداد کا کریڈٹ فوج کے سربراہ کو دے کر ایک تیر سے دو شکار کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایک طرف انہوں نے حکومت پر یہ واضح کیا ہے کہ اس کے پاس کوئی معاشی حکمت عملی نہیں ہے اور جو بیرونی امداد پاکستان کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے دوست ملکوں سے مل رہی ہے، وہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے دہشت گردی ختم کرنے کے لئے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کا ذکر کرتے ہوئے فوجی عدالتوں کو بھی اس حوالے سے اہم عنصر قرار دیا۔ اس طرح انہوں نے فوجی عدالتوں کے تسلسل کے لئے سیاسی حمایت کو موجودہ حکومت کے لئے رعایت ظاہر کرنے کی بجائے براہ راست فوج کو خوش کرنے کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
دور کی کوڑی لانے والے حال ہی میں سپریم کورٹ کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف اور مریم نواز کے کی سزا معطل کرنے کے فیصلہ کے خلاف نیب کی اپیل مسترد ہونے اور آج لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حکم کو بھی ملک کے سیاسی منظر نامہ سے علیحدہ کرکے نہیں دیکھیں گے۔ بدنصیبی سے انصاف، احتساب اور سیاست کو یوں خلط ملط کر دیا گیا ہے کہ چیزوں کو علیحدہ کرکے میرٹ کی بنیاد پر دیکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔ اگر شہباز شریف کی باتیں، اپوزیشن کا اتحاد اور عدالتوں کے فیصلے ایک ہی سلسلہ کی کڑی شمارکیے جائیں تو آنے والے دنوں میں موجودہ حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہوتا محسوس کیا جاسکتا ہے۔
تاہم پاکستان کو اس وقت داخلی طور سے معاشی اور عالمی سطح پر جن سفارتی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کے ہوتے اس قسم کے سیاسی کھیل ملک کی تقدیر سے کھیلنے کے مترادف ہیں۔ تحریک انصاف اور عمران خان سے اختلاف کرنے کا مقصد ہرگز یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت کو گرا کر ملک میں ایک نیا بحران پیدا کیا جائے اور موجودہ چہروں کو ہٹا کر نئے مہروں کو عہدے دے کر ایک نئی تبدیلی کا پیغام دینے کی کوشش کی جائے۔ شہباز شریف نے پاکستان کی مقبول سیاست کے حوالے سے تو یقیناً بے مثال چال چلی ہے لیکن کیا اس چال بازی سے ملک کی تقدیر بدلنے کا سامان بھی ہو سکے گا؟
تحریک انصاف کی حکومت سماجی و انتظامی ڈھانچے اور سیاسی مزاج کا طور طریقہ بدل دینا چاہتی ہے۔ لیکن وہ اس مقصد کے لئے پارلیمنٹ کو طاقت کا مرکز بنانے کی بجائے مقتدر حلقوں پر تکیہ کرتے ہوئے اپنے سب سیاسی مخالفین کو پچھاڑنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ کسی بھی سیاسی حکومت کے لئے یہ طریقہ ناکامی کا پیغام ثابت ہوتا ہے۔ ماضی میں بہت سی سیاسی پارٹیوں اور لیڈروں نے یہ طریقہ اختیار کیا۔ اس سے ملک میں جمہوریت کا راستہ کھوٹا ہوا اور ایسے سارے لیڈروں کو پریشانی اور خواری کا سامنا کرنا پڑا۔
مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت کو اسی لڑائی کی وجہ سے اقتدار میں دقت کا سامنا ہؤا اور گزشتہ برس جولائی کے انتخابات میں ناکامی نوشتہ دیوار بنا دی گئی۔ اس کے باوجود ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگانے والے جیل میں مقید ہونے کے باوجود خاموش رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور شہباز شریف انتخابی ناکامی کو کامرانی سے تبدیل کرنے کے لئے گٹھ جوڑ کررہے ہیں۔ اگر وہ اس مقصد میں کامیاب ہو بھی جائیں تو بھی نہ تویہ جمہوریت کی کامیابی ہوگی اور نہ ہی اس طرح ملکی معیشت کو بہتری کے راستے پر لایا جاسکے گا۔ البتہ موجودہ خرابیوں کی مدت میں اضافہ ضرور ہو گا اور پاکستان افغان جنگ 1 اور 2 کے بحران سے جاں بر ہونے سے پہلے ہی ایک نئے طوفان کو گھر آنے کی دعوت دینے کا موجب بنے گا۔
پاکستان کے مسائل کا کوئی آسان حل دستیاب نہیں۔ کسی لیڈر یا پارٹی کے پاس ان مسائل کو حل کرنے کے لئے جادو کی چھڑی نہیں ہے۔ ان مسائل کو حل کرنا عوام کے منتخب لیڈروں اور جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اقتدار یا اپوزیشن سے قطع نظر اگر ملک کے سیاست دان اس بات کو سمجھ سکیں، تب ہی وہ مسائل کے حل میں کوئی کردار ادا کر سکیں گے۔ اس کامیابی کا راستہ ایک دوسرے کی گردن دبوچنے کی بجائے طاقت ور پارلیمنٹ سے ہو کر گزرتا ہے۔
آج پارلیمنٹ کو صرف حکومت گرانے یا اقتدار تک پہنچنے کا ذریعہ سمجھنے والوں کو یہ باور کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ ہتھکنڈے سیاستدانوں کو کمزور اور جمہوریت دشمن قوتوں کو مضبوط کرتے ہیں۔ با اختیار پارلیمنٹ صرف حکومت سازی کا ذریعہ نہیں بنتی بلکہ فیصلے کرنے کا پلیٹ فارم ہوتی ہے۔ کیا نئے موقع کی تلاش میں شہباز شریف اس بات کو سمجھ سکیں گے؟

