مودی کا جنگی جنون: جمہوریت اور امن کے لئے خطرے کی گھنٹی


بھارتی نیوی نے ایک آبدوز کے ذریعے پاکستان کی بحری حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق اس آبدوز کا پتہ لگانے کے علاوہ اسے نشانے پر لیا گیا۔ لیکن پاکستان نے جنگ نہ کرنے کی پالیسی کا اعلان کررکھا ہے اس لئے بحری حدود کی خلاف ورزی کرنے والی اس آبدوز کو تباہ کرنے کی بجائے، اسے وارننگ دے کر پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے باز رکھا گیا۔ بالاکوٹ پر فضائی حملہ کی کوشش کے بعد پاکستانی بحری حدود کی خلاف ورزی ایک نئی سنگین جارحیت ہے۔ اس دوران پاکستانی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اس سے پہلے بھارتی فوج اسرائیل کے مشورہ اور رہنمائی سے راجسھتان کے ائیر بیس سے پاکستان پر میزائیل حملے کرنے کا منصوبہ بھی بنا چکی تھی۔ تاہم پاکستان کو اس مذموم منصوبہ بندی کا علم ہو گیا اور دوست ملکوں کے ذریعے بھارت کو ایسی کوشش کا بھرپور جواب دینے کی وارننگ دی گئی جس کے بعد بھارتی فوج اپنے ارادوں سے باز رہی۔

ایک ہفتہ کے دوران پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کی یہ تیسری کوشش ہے۔ بالاکوٹ حملہ کی کوشش کو ناکام بنانے کے علاوہ پاک فضائیہ نے جس طرح اگلے ہی روز بھارتی فضائیہ کی برتری کا پول کھولا اور اس کے دو فائیٹر جہازوں کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر مار گرایا، اس نے اگر اہل پاکستان کے سر فخر سے بلندکیے ہیں تو پوری دنیا کے ماہرین کو پاکستان کی عسکری مہارت کو تسلیم کرنے پر مجبور بھی کیا ہے۔ اگرچہ بھارت اپنی ہزیمت کو بھی کامیابی بنا کر پیش کررہا ہے اور بالاکوٹ حملہ میں دہشت گردوں کا تربیتی کیمپ تباہ کرنے کے علاوہ سینکڑوں افراد کو ہلاک کرنے کے دعوےکیے گئے۔ لیکن ان خبروں کی تصدیق نہ ہونے پر یہ تعداد ساڑھے تین سو سے کم ہو کر دو اڑھائی سو رہ گئی اور گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے ہدف حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے اعتراف کیا انہیں ہلاکتوں کا علم نہیں ہے کیوں کہ لاشیں گننا ائیرفورس کاکام نہیں ہوتا۔

ٹیکنالوجی کے اس دور میں انڈین ائیر فورس کے چیف کا یہ بیان بچگانہ اور ناقابل فہم ہے۔ اسے زیادہ سے زیادہ بھارتی حکومت کی ڈینگوں سے پیدا ہونے والی بدحواسی پر قابو پانے کی کوشش قرار دیا جاسکتا ہے۔ بھارتی ائیر چیف نے یہ دلیل بھی دی ہے کہ اگر ہم نے حملہ نہ کیا ہوتا تو پاکستان جوابی کارروائی نہ کرتا۔ اس معاملہ پر بھی ان کا بیان اس حقیقت کے برعکس ہے کہ بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں پاکستانی فضائیہ کے نشانہ پر آئے تھے۔ اور ونگ کمانڈر ابھے نندن آزاد کشمیر کے علاقے میں گرفتار ہؤا تھا۔ اس کے علاوہ یہ اس بات کا اعتراف بھی ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا تھا۔

حکومت پاکستان کی طرف سے ونگ کمانڈر ابھے نندن کی رہائی کے خوشگوار اور حوصلہ مندانہ اقدام کے باوجود بھارتی حکومت نے پاکستانی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنے کی اخلاقی جرات بھی نہیں کی۔ بجائے اس کے کہ نریندر مودی خود فون کرکے عمران خان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتے کہ پاکستان نے جارحانہ ماحول اور بھارت کی اشتعال انگیزی کے باوجود خیرسگالی کا اظہار کیا اور امن کا پیغام دیا۔ بلکہ عمران خان کی طرف سے نریندر مودی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کی خواہش کو بھی مسترد کیا گیا۔ اس کی بجائے ابھے نندن کو ہیرو کے طور پیش کیا گیا۔ اس کی واپسی والے دن ضروری دستاویزات کے انتظار میں تاخیر کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ بھارتی میڈیا پر یہ خبریں نشر ہوئیں کہ پاکستانی فوج ابھے نندن کو پاکستان کی حمایت میں بیان ریکارڈ کروانے پر مجبور کررہی تھی جس کی وجہ سے اس کی واپسی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی۔

حالانکہ پاکستان کو اس قسم کا بیان ریکارڈ کروانا ہوتا تو ابھے نندن کو واہگہ لاکر اس کا اہتمام نہ کیا جاتا بلکہ اس سے پہلے ہی یہ کام کرلیا جاتا۔ یا اس کی واپسی کا فوری اعلان ہی نہ کیا جاتا۔ یوں توگزشتہ بدھ کو بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کے چند گھنٹے بعد ہی لطف لے کر چائے پیتے ہوئی بھارتی ونگ کمانڈر کی ویڈیو ہی کسی بھی بیان سے زیادہ یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ پاک فوج نے بھارتی ہواباز کے ساتھ احترام کا سلوک کیا۔ نریندر مودی اور بھارتی حکام اس سارے معاملے میں پاکستان کو قصوروار اور شکست خوردہ قرار دینے کی سر توڑ کوشش کررہے ہیں تاکہ بھارتی عوام میں پاکستان کے خلاف جوش اور نفرت ابھار کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصلکیے جاسکیں۔

سچ البتہ کسی نہ کسی صورت ظاہر ہو ہی جاتا ہے۔ اسی بدحواسی میں نریندر مودی نے ہی یہ کہا ہے کہ اگر اپوزیشن نے فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کے معاملے میں ٹانگ نہ اڑائی ہوتی تو صورت حال مختلف ہوتی۔ اس طرح انہوں نے ایک طرف اپوزیشن کو بھارتی ائیرفورس کی ناقص کارکردگی کا الزام دینے کی کوشش کی تو دوسری طرف خود کو اس ڈیل میں ہونے والی بدعنوانی اور بے قاعدگی سے بری الذمہ ثابت کرنا چاہا ہے۔ لیکن اس کوشش میں وہ یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے کہ بالاکوٹ حملہ کی حقیقت کسی افسانے سے زیادہ نہیں تھی اور بھارتی فضائیہ کے دعوے سراسر بھارتی عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش تھے۔ اسی لئے کانگرس پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بالاکوٹ حملہ میں بھارت کی ناکامی کا اعلان تو خود مودی کررہے ہیں۔ وہ اس بارے میں سوال اٹھانے والوں کو کس منہ سے الزام دیتے ہیں۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 2772 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali