اقلیتوں کے خلاف توہین مذہب کے الزامات کی تعداد میں اضافہ


\"blasphamy\"رواں برس 20جنوری کو ہزاروں افراد پر مشتمل مشتعل ہجوم نے ایک سکیورٹی گارڈ کی جانب سے قرآن حکیم کی مبینہ بے حرمتی پر جہلم میں پاکستان چپ بورڈ فیکٹری پر دھاوا بولا اوراسے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔یہ پاکستان میں توہین مذہب کو جواز بناتے ہوئے تشدد کا اولین واقعہ نہیں ہے۔
قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق 1987ءسے اب تک توہینِ مذہب کے قوانین کی مختلف دفعات کے تحت 633مسلمان، 494احمدی، 187مسیحی اور 21ہندوﺅں کوتوہینِ مذہب کے تحت مختلف مقدمات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں فرقہ ورانہ تشدد کوئی نیا بیانیہ نہیں ہے۔ملک کی شیعہ، احمدی، مسیحی اور ہندو آبادی اکثر و بیش تر اپنے مذہبی عقائد کے باعث بدترین تشدد کا نشانہ بنتی رہی ہے۔
ایف سی یونیورسٹی، لاہور کے سنٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس ( سی پی پی جی) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید شفقت یہ یقین رکھتے ہیں کہ انتہا پسند ملاﺅں کی جانب سے خودساختہ طور پر اقلیتوں کی جائیدادوں ، عبادت گاہوں اور ان کا خون بہانا درست خیال کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے مواقع پر مذہبی جذبات کو جان بوجھ کر مذہبی اقلیتوں کے خلاف بھڑکایا گیا۔
ڈاکٹر سعید شفقت کا مزید کہنا تھا:” ضیا الحق کے دور میں توہین مذہبِ کا قانون متعارف کروایا گیا جس میں بعدازاں نواز شریف کے دورِ حکومت میں ترامیم کرتے ہوئے عمر قید اور سزائے موت بھی بالترتیب شامل کر دی گئیں اور اب یہ قانون ذاتی دشمنیوں میں بطور ایک حربہ استعمال ہورہا ہے۔“
احمدی کمیونٹی یہ یقین رکھتی ہے کہ جہلم کا واقعہ درحقیقت ان کے خلاف نفرت کو فروغ دینے کی ایک منظم سازش تھی۔ احمدیہ ٹائمز کے چیف ایڈیٹر عمران جٹالہ نے اس حملے کے بعد اپنے ٹوئیٹ میں اس کی ذمہ داری پاکستان علما کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی اور ان کے خطیب بھائی حسن معاویہ کی نفرت انگیز تقاریر پر عاید کی جو احمدیوں کے خلاف توہین مذہب کے خلاف تشدد کے ہر واقعہ میں ملوث ہوتے ہیں۔ انہوں نے 23نومبر کو اپنے ٹوئیٹ میں لکھا:” جہلم کا وقوعہ مولانا طاہر اشرفی کے ان اشتعال انگیز بیانات کے باعث پیش آیاجو وہ عرصہ دراز سے احمدی کمیونٹی کے خلاف دیتے آرہے ہیں۔“
مولانا طاہر اشرفی نے نیوز لینز پاکستان سے بات کرتے ہوئے احمدیوں پر الزام لگایا کہ ان کو ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی معقول وجہ نہیں کہ احمدی خود کو مسلمان کہیں کیوں کہ آئینی طور پر ان کے مذہب کا تعین ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمدی کمیونٹی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مواد تقسیم کرتی رہی ہے۔
مجاہد اکبر نے مزید کہا:” میری پولیس فورس کا ایک بڑا حصہ چکوال میں انتخابات کی سکیورٹی پر مامور تھااور خصوصی خدمات انجام دے رہا تھا۔“
احمدیہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کاروباری برادری ایک اور نقطہ نظر پیش کرتی ہے۔ ایک بڑی کاروباری شخصیت، جو کراچی اور لاہور میں ایک بڑی پلاسٹک کمپنی کے مالک ہیں، ٹیپو (سکیورٹی وجوہات کے باعث اصل نام ظاہر نہیں کیا جارہا)خوف زدہ ہیں کہ ا±ن کا مستقبل محفوظ نہیں ہے اور وہ بھی نشانے پر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کی چپ بورڈ فیکٹری کے مالک کو ملک کے سب سے بڑے ریئل سٹیٹ ٹائیکون کی جانب سے فیکٹری اور اس سے متصل اراضی فروخت کرنے کے لیے ڈرایا دھمکایاجاتا رہاتاکہ اس مقام پر ہاﺅسنگ سوسائٹی تعمیر کی جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا:” یہ کس طرح ممکن ہے کہ چند ہی لمحوں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد یکجا ہوجائے اور فیکٹری کو نذرِ ا?تش کر ڈالے؟ یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس میں نام نہاد مذہبی سکالرز ، مقامی حکومت اور ریئل سٹیٹ ٹائیکون ایک دوسرے سے تعاون کر رہے تھے۔“
انسانی حقوق کمیشن پاکستان سے وابستہ وکیل سروپ اعجاز کہتے ہیں کہ پہلی بار ایسا نہیں ہوا جب توہینِ مذہب کے باعث اقلیتوں کی جائیداد یا زندگیاں خطرات کی زد پر آئی ہیں اور نہ ہی ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی خطیب نے مذہب کے نام پر لوگوں کے جذبات کو بھڑکایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست کی جانب سے ایک سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے کہ کوئی بھی عمارتوں یا فیکٹریوں کو نذرِ آتش کرنے کے لیے جذبات ابھار سکتا ہے تو نفرت کا فروغ نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔ سروپ اعجاز مزید کہتے ہیں کہ ریاست اور اس کے قوانین میں خامیاں موجود ہیں۔ تعزیراتِ پاکستان اقلیتوںاور خاص طور پر احمدیوں کے خلاف تعصب پرمبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا:”جدید دنیا میں ایسی معدودے چند مثالیں ہی ڈھونڈنے سے ملتی ہیں جب ریاست لوگوں کے کسی گروہ کے خلاف فریق بنی ہو۔“
سروپ اعجاز کا کہنا تھا:” اس کا دارو مدار طاقت پر ہے۔ مذہبی تنظیموں سے منسلک کارکن آسانی کے ساتھ بلوﺅں پر انحصار کرسکتے ہیں کیوں کہ ا±ن کو ریاست کی اشیرواد حاصل ہوتی ہے جس کے باعث اقلیتوں کے خلاف توہین مذہب کے الزامات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ریاست طاقت ور مذہبی تنظیموں کو نفرت کی آبیاری کے لیے سازگارماحول فراہم کر رہی ہے۔“
وہ مزید کہتے ہیں کہ اہلِ سنت مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے خطیب کی جانب سے احمدیوں پر عاید کیے جانے والے نفرت انگیز مواد شایع کرنے کے الزامات اگر درست ہیں تو اس صورت میں عدالت کے روبرو شواہد پیش کرنے کی ضرورت ہے ‘خاص طور پر جب قومی ایکشن پلان کے تحت بہت سے لوگوں کو نفرت انگیز مواد پھیلانے پر سزائیں دی جارہی ہیں۔سماج میں مذہب کے نام پر جنگ شروع کرنے سے صرف عدم رواداری میں ہی اضافہ ہوگا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریاست کو یہ حکم جاری کیا تھا :” وہ اس نوعیت کے جرم میںبے گناہ لوگوں کوغلط الزامات یادھوکہ دہی کے تحت تفتیش یا مقدمات کا سامنا نہ کرنے کے عمل کو یقینی بنائے۔“
سروپ اعجاز نے مزید کہا کہ ریاست کو عدالت کے اس حکم کے بعد یہ موقع ملا ہے کہ وہ توہینِ مذہب کے قانون میں سنجیدہ نوعیت کی ترامیم کرے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments