لوگوں کے روزے میری تصویروں سے نہیں، ذاتی بے غیرتی کی وجہ سے خراب ہوں گے: رابعہ بٹ
پاکستانی ماڈل گرل رابعہ بٹ نے اپنے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ماڈل گرل رابعہ بٹ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جن لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ اسلام کو سب سے بڑا خطرہ رابعہ بٹ کی تصاویر سے ہے اور روزے تم سب کی ذاتی بے غیرتی کی وجہ سے نہیں بلکہ رابعہ کی وجہ سے خراب ہونے ہیں تو آپ لوگ مجھے ان فالو، بلاک یا میوٹ کرسکتے ہیں، اچھے مسلمان بنو اور دوسروں کی زندگیاں اجیرن کرنا بند کرو۔
ایک اور ٹویٹ میں رابعہ بٹ نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم مردہ ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارا تو یہ حال ہے کہ ہمارے سامنے بہن بھائیوں کی عزتیں لوٹی جا رہی ہوتی ہیں لیکن ہم ویڈیوز بنا رہے ہوتے ہیں ۔ ہمارا ملک تباہ ہو رہا ہے اور ہم صرف سوشل میڈیا پر تو گندا اور تو کافر کہنے میں مشغول ہیں۔
خیال رہے کہ تین روز قبل رابعہ بٹ نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر ایک صارف نے ان سے سوال پوچھا تھا کہ کیا وہ رمضان میں بھی ایسی تصاویر کے ذریعے لوگوں کے روزے خراب کرتی رہیں گی؟ یہ سوال پوچھنے والے اپنے فالور کو رابعہ بٹ نے خوب کھری کھری سنائی تھیں۔



