زندگی نمایاں اور مثالی بنائیے


کامیاب زندگی کے لیے صلاحیت سے زیادہ لگن کی ضرورت ہے اس زندگی میں اپنے آپ کو کھپانے کی ضرورت ہے بہت سے صلاحیت مند ناکام اور پریشان ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں جو صلاحیت انسان کو آگے بڑھاتی ہے آگے بڑھنے میں جو جذبہ درکار ہے وہ ان میں سرے سے موجود ہی نہیں اس لیے وہ صلاحیتوں کی چادر اوڑھے ایک گوشے میں بیٹھے رہتے ہیں ایسے لوگ اپنی ذات کے قیدی ہیں انہوں نے ایک حد متعین کی ہے جس سے باہر نکلنا نہیں چاہتے یہی وجہ ہے کہ ان کی صلاحیتوں کے درخت پر کبھی پھل نمودار نہیں ہوتا، اور اس کے بر عکس ایک دوسرا شخص ہے جس کی صلاحیت معمولی ہوتی ہے مگر وہ زندگی میں کچھ حاصل کرنے اور کچھ پانے کے لیے دیوانہ ہے وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہونے کے لیے ایسی لگن رکھتا ہے اور اس میں انتھک کوشش بھی کرتا ہے جو مثالی ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ کامیابی اس کے قدم چومتی ہے وہ صبح دیکھتا ہے نہ شام اسے گرمی کی پرواہ ہے نہ سردی کی وہ صرف یہ دیکھتا ہے کہ دن کیسے گزر گیا اور رات کتنی بیت گئی وہ اپنے کام کو اپنے اوپر ایک دھن کی طرح ہر وقت سوار کیے رہتا ہے نتیجہ یہی ہوتا ہے کہ کم صلاحیت والا شخص کامیاب ہوجاتا ہے قابلیت ایک کونے میں سسکتی رہتی ہے لگن آگے بڑھتی اور زندگی کے بھر پور قہقہے لگاتی ہے

اگر آپ ایک اچھی اور کامیاب زندگی گزارانا چاہتے ہیں تو ان چند رہنما اصولوں کو زندگی کا حصہ بنالیں۔

کامیابی کو دولت کے بجائے خوشی سے ناپیں

جب آپ پیسے، روپے، ڈالر اور پاؤنڈ سے اپنی کامیابی وابستہ کرلیں گے تو آپ کی ہوس بڑھتی جائے گی اور آپ یہ کتنے بھی حاصل کرلیں گے خود کو خوش نہیں پائیں گے، حقیقی خوشی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنے سوچنے کا انداز بدلیں اور کامیابی کو دولت میں نہیں بلکہ خوشیوں میں تلاش کریں۔

مشکل کام کرنے کے لیے اپنے آپ کو چیلنج کریں

جب تک زندگی میں مقابلہ کرنے کا ہنر نہیں سیکھیں گے زندگی میں کامیابی نہیں ملے گی، جب بھی کوئی مشکل آئے اس سے فرار کے بجائے اس کا سامنا کریں، ایک بار ایسا کرلینے سے اگلی بار آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور مشکلات کا سامنا نہ کرسکنے کے حوالے سے آپ کا تصور بھی بدل جائے گا۔

مثبت تنقید اور اختلافی رائے سننے کا حوصلہ پیدا کریں

جس طرح تعریف انسان کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافے کا سبب بن سکتی ہے، اسی طرح مثبت تنقید سے اپنی خامیاں دور کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اس سے ان پہلوؤں پر بھی توجہ دینے کا موقع ملے گا جو پہلے نظر انداز ہوکر ناکامی اور کمزوری کی وجہ بن رہے تھے۔

غلطیوں سے سیکھیں

زندگی میں ناکامیوں کو استاد کہا جاتا ہے، یہ تلخ اور دررناک لمحات مستقبل کی کامیابیوں میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں اگر آپ اپنی کمزوریوں کو ختم کرکے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوسکتا ہے کہ آپ ایک ہی طرح کی وجوہات سے بار بار ناکام نہیں ہوں گے۔

جلدی اور روزانہ اٹھنا عادت بنالیں

انسانی جسم کو چھ سے آٹھ گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے، اگر انسان جلد سونے اور جلد اٹھنے کی عادت اپنا لے تو وقت کا زیادہ بہتر استعمال کرسکتا ہے اور اس وقت جب دوسرے سو رہے ہوں انسان دن سے متعلق شیڈول بنا کر یا کسی مثبت سرگرمی میں حصہ لے کر اس وقت سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

مثبت رویہ اپنائیں

اگر انسان ہر وقت خوف کا شکار رہے تو یہ کیفیت اس پر طاری ہوجاتی ہے اور پھر یہ خوف ہر راستے میں آکھڑا ہوتا ہے۔ یہ کامیابی کے حصول میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ہمیشہ منفی کے بجائے مثبت رویہ اپنائیں۔

اپنے لیے روزانہ کی بنیاد پر ہدف مقرر کریں

روزانہ کی بنیاد پر اپنے لیے ٹاسک مقرر کریں اور سونے سے پہلے اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ اس سے ایک تو توجہ اپنے ہدف پر مسلسل مرکوز رکھنے میں مدد ملے گی دوسرا اس سے مسلسل رکاوٹ یا ناکامی کا تجزیہ کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

کبھی اپنی کارکردگی سے مطئمن نہ ہوں

اگر زندگی کے کسی میدان میں انسان میں آگے بڑھنے یا مزید کچھ کرنے کی خواہش باقی نہ رہے تو انسان مزید کچھ حاصل نہیں کرسکتا۔ آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر دن گزشتہ سے بہتر ہو، ہر روز تھوڑی زیادہ کوشش کریں تاکہ انسان کی اہلیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ نتائج میں بھی خاطرخواہ کامیابی نظر آئے۔

مثبت سوچ رکھنے والے کامیاب لوگوں کے ساتھ وقت گزارایں

اگر کامیاب اور اچھی سوچ رکھنے والے لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں گے تو انسان کی سوچ بھی ان جیسا بننے اور ان جیسا کرنے کی طرف مڑ جاتی ہے۔ اگر آپ کو اچھی منزل یا برے دوستوں میں سے انتخاب کرنا پڑے تو اچھی منزل کو چنیں۔ اچھے لوگ منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوں گے جبکہ برے دوست اس میں رکاوٹ بنیں گے۔

حق تعالیٰ جل مجدہ ہمیں ان تمام باتوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے آمین


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).