معروف امریکی اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ ریٹا ولسن کرونا وائرس کی لپیٹ میں آ گئے
معروف امریکی اداکار ٹام ہینکس نے 11 مارچ 2020 کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔
آسکر ایوارڈ یافتہ 63 سالہ ٹام ہینکس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ریٹا اور میں آسٹریلیا میں موجود تھے۔ ہم دونوں کو تھکاوٹ کا احساس ہوا، نزلہ ہوا اور جسم میں درد بھی محسوس ہوا۔ ریٹا کو بار بار سردی بھی لگی اور بخار بھی چڑھا۔ اس کے بعد ہم دونوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا اور ہم دونوں میں ہی اس مرض کی تصدیق بھی ہو گئی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اب آگے کیا کرنا چاہیے؟ طبی افسران کے کچھ پروٹوکولز ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے‘۔
انہوں نے لکھا ’ہم دونوں کے کچھ ٹیسٹ ہوں گے، ہمارا معائنہ کیا جائے گا اور بالکل الگ رکھا جائے گا جب تک عوام کی صحت کے لیے ضروری ہوگا’۔ اداکار نے لکھا کہ وہ اس حوالے سے اپنے مداحوں کو باخبر کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ اداکار ٹام ہینکس اس وقت آسٹریلیا کے شہر کوئنزلینڈ میں امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی سوانح حیات پر مبنی فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ اداکارہ و گلوکارہ ریٹا ولسن نے چند روز قبل آسٹریلیا کے شہر برسبین اور سڈنی میں کچھ کنسرٹس میں پرفارم بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹام ہینکس اور ریٹا ولسن کی ملاقات اسی کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں ہوئی تھی۔ دونوں نے 1988 میں شادی کی اور انہیں ہالی ووڈ کے مثالی جوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے۔








