میں مسلمان ہونا چاہتا ہوں


\"Mansoor

مہربان، قدردان، ہمارے پاس آئیے!

ہم ایک نمبر کوالٹی کا مسلما ن بناتے ہیں۔ وہ مسلمان جس پر جنت واجب ہوتی ہے!

نا بھائی نا!

صرف کلمہ پڑھنے سے سچا اور پکا مسلمان نہیں بنتے!

ادھر آو ہمارا پیکج سُنو!

ہم سنی مسلمان ہیں، اے ون برانڈ ہے خدا قسم نذر نیاز نہیں مانتے

آجاؤ آجاؤ۔ ڈرو نہیں۔ ہم تم کو جنت کی ضمانت اور حوروں کی گارنٹی دیتے ہیں

ہمارے مسلک میں آجاؤ زندگی آسان ہو جائے گی۔

بس اب آ جاؤ ورنہ فتوی لگا دیں گے

اچھا کیا کہا کل آؤ گے!

چلو مدرسے کے لیے چندہ تو دیتے جاؤ۔ ارے بھاگ کہاں رہے ہو!

کافر کا بچہ۔ بھاگ گیا!

ارے جناب آپ بھی نا بہت معصوم ہیں!

ارے صاحب ان کے پاس کہاں چلے گئے تھے

وہ لوگ تو پکے دوزخی ہیں!

ہم ہیں االلہ نبیؐ کے وارث، جنت کے حق دار اور اصلی تصدیق شدہ سُنی مسلمان!

ہاں ہاں کھانے پینے کو بھی بہت ملے گا ہمارے پاس!

نظر نیاز، لنگر عرس سب کام ہوتا ہے یہاں

ہم سب سے اچھا پیکج دیں گے آپ کو جنت، حوریں، دنیا کی آسانیاں ہر مسئلے کا حل آپ کی مرضی کے مطابق

نہیں نہیں ہماری کوئی فیس نہیں ہے!

ہاں یاد آیا۔ جناب حضرت مولانا پیر صاحب کا عُرس ہے بس پچاس دیگوں کا چندہ دے جائیں۔ کام بھی ہو جائے گا اور آپ پر پکے مسلمان کی مہر بھی لگ جائے گی!

ارے بھاگ کہاں رہے ہو؟ لو نہ لو سن تو لو!

دوسرا ڈسکاؤنٹ پیکج بھی ہے اس میں نیاز کی صرف دس دیگیں ہیں!

ارے بھاگ گیا! جہنم میں جائے گا! مردود کہیں کا!

ارے حضرت آپ بھی کن لوگوں میں جا کر پھنس گئے تھے!

ہم جنت کے ساتھ دنیا میں بھی بہت کچھ دلوا سکتے ہیں!

سب جانتے ہیں کے ہم ہی سب سے اچھے پکے اور مظلوم مسلمان ہیں!

نہ نہ ہم سُنی نہیں ہم شیعہ مسلمان ہیں!

ہاں ہاں جنت اور حوریں سب ہے ہمارے پاس بھی!

 ہمارے پاس جو پیکج ہے وہ کسی کے پاس نہیں ہے!

دیکھ بھائی کسی کے دھوکے میں نہیں آنا۔ یہ سب جعلی مسلمان ہیں ہمارے پاس آؤ ہماری کو ئی اور برانچ نہیں! ہیں نہیں تم نے غلط سُنا ہے کے صرف ہمارے جلوسوں اور مجلسوں پر بم دھماکے ہوتے ہیں وہ تو سنی جلوس پر بھی ہوتے ہیں!

ڈرو نہیں آجاؤ۔ کیا کل آو گے، چلو کوئی سبیل کا، جلوس کا کسی چیز کا چندہ تو دیتے جاو!

بھاگ گیا یزید کہیں کا!

دیکھا اب آئے نا ہمارے پاس!

 ہم ہیں حدیث کے وارث!

ہماری پناہ میں آجاؤ!

ورنہ جہنم تمھارا مقدر بن جائے گا، ہمارا فرقہ جنتی ہے باقی سب شرک ہے!

اور ہاں جو دینا ہے کیش دینا!

ارے بھاگ گیا مردود!

ارے سر آئیے نا کیا لیں گے آپ؟

ویسے سر آپ پر یہ جینز اور ٹی شرٹ بہت اچھی لگ رہی ہے!

اب آپ درست جگہ آئے ہیں!

جی پڑھے لکھے لوگوں کے لیے تو بس صرف ہماری جماعت ہے!

جی جی ہم لبرل مسلمان ہیں! پڑھے لکھے روشن خیال!

کیا کہا؟ جنت!

 ہاں ہاں وہ بھی دلاتے ہیں

اور حوریں

اُف حوریں، ساری کی ساری ایک دم آپ کی پسند کی

سب ملے گا!

کیا فرمایا داڑھی نہیں رکھ سکتے!

ارے آپ ہم میں شامل تو ہوں زندگی کا مزہ آ جائے گا، کوئی روک ٹوک نہیں ہے زندگی آسان ہو جائے گی

ہمارے ہاں سارے کریڈٹ کارڈز قابل قبول ہیں

ارے جا کہاں رہے ہو کم ازکم فیس بُک پر ہمارا پیج ہی لائیک کر دینا

بھاگ گیا جاہل۔

لاحول ولا!

ادھر آؤ ادھر ادھر کیا بھٹکتا ہے!

پاگل کا بچہ! ادھر آؤ ہمارے پاس

ہم سب سے قدیم اور نسلی مسلمان ہیں!

سب سے پرانے اور جہادی

ہمارے پاس بہت سے پیکج ہیں!

جنت اور حوریں؟

ہاں ہم ادھر ہی دلا دیں گے ایک سے بڑھ کر ایک سب یہاں ہی دلا دیں گے فکر مت کرو!

ہمارے خودکُش پیکج سنو!

ارے بزدل جاتے کہاں ہو!

لاکھوں پیسے ملیں گے تیرے گھر والوں کی زندگی بن جائے گی

لو نام سن کر ہی بھاگ گیا خبیث کا بچہ بزدل کہیں کا!

بھائی اتنا پریشان کیوں ہو؟
میں مسلمان ہونا چاہتا تھا!
چاہتا تھا کیا مطلب؟

کیا اب نہیں؟
ہاں اب بھی چاہتا ہوں مگر سمجھ نہیں آ رہا کے کون سا پیکج لوں؟ کسی میں جنت کے ساتھ حوریں ہیں کسی میں دنیا کی آسانیاں، کوئی شہادت کے نام پر مالا مال کر رہا ہے توکوئی جہنم سے ڈرا رہا ہے۔ کیا کروں کون سا مسلمان بنوں؟

 مگر تم کون ہو؟

تم کون سے مسلمان ہو؟

 تمہارا کیا پیکج ہے؟ تمہارے امیر کی گاڑی کون سی اور سیکورٹی کتنی ہے؟
میں کون سا مسلمان ہوں؟ یار میں عجیب سا، سادہ سا مسلمان ہوں!

 میری کوئی جماعت نہیں!

کوئی گروہ نہیں!

اور جنت کی گارنٹی بھی نہیں!

یہ عجیب سا مسلمان کیا ہوتا ہے؟
یہ مجھ جیسے چند لوگوں کو کہا جاتا ہے، کیوں کے ہم قرآن، حدیث، اللہ اور اس کے آخری رسولؐ پر ایمان رکھتے ہیں۔ (وہ تو سب رکھتے ہیں)

اب سنو!

ہم تمام صحابہؓ تمام امام تمام بُزرگان دین کا احترام بھی کرتے ہیں اور مانتے ہیں

ہم شدت پسند نہیں ہیں۔

ہم امن پسند لوگ ہیں

ہم برداشت والے لوگ ہیں!

ہم فتوے نہیں لگاتے!

ہم لبرل نہیں ہیں مگر اسلام جتنی آزادی دیتا ہے وہ لیتے ہیں!

ہم انسانیت کا درس دیتے ہیں اور اس پابندی کو قبول کرتے ہیں جو اسلام ہم پر لگاتا ہے!

ہم محبت کا پیغام دیتے ہیں!

آو ہمارے ساتھ آ جاؤ!

 ارے کیا ہوا سنو تو!

نہ بھائی تم تو عجیب مسلمان ہو!
کیا کوئی ہے جو مجھے مسلمان، صرف مسلمان کر سکے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments