پی ڈی ایم کا لاہور میں جلسہ: مریم نواز جلسہ گاہ پہنچ گئیں
اب سے کچھ دیر قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جلسہ گاہ پہنچ چکی ہیں۔ ان کے ساتھ لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی سٹیج پر موجود ہے۔
بات کی جائے آج کے جلسے کی تو مختلف شہروں سے ان جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے جو لاہور کے اقبال پارک میں جمع ہو رہے ہیں۔
اس جلسے کا انعقاد مینارِ پاکستان پر کیا جا رہا ہے جہاں اب سے تقریباً 81 برس قبل پاکستان کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔
پنجاب اور وفاق میں پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومتوں نے اس جلسے کو روکنے کے لیے کورونا کے پھیلاؤ اور دہشتگردی کے خطرے سمیت کئی طریقوں سے خبردار کیا ہے لیکن حزبِ اختلاف نے یہ جلسہ ملتوی کرنے سے انکار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کورونا کے خطرے کے باوجود کارکن لاہور جلسے میں کیوں جانا چاہتے ہیں؟
31 دسمبر تک تمام پارٹیوں کے اراکین اپنے استعفے قیادت کو جمع کروا دیں گے: اپوزیشن کا فیصلہ
مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر
گذشتہ روز لاہور کے ڈپٹی کمشنر کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں مریم نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، رانا ثنااللہ اور دیگر کی زندگی کو خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے دوران عوامی صحت اور تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے کسی جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایسا کوئی بھی جلسہ غیر قانونی ہوگا۔
لاہور میں کیا سماں ہے؟
حکومت کی جانب سے کہا تو جا رہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، تاہم بی بی سی کی نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق ابھی تک شہر بھر میں کہیں بھی کسی قسم کی رکاوٹیں نہیں لگائی گئیں۔
تاہم پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کثیر تعداد لاہور شہر میں جگہ جگہ تعینات کی گئی ہے۔
دوسری جانب مینار پاکستان میں پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ قیادت کے لیے لگائے گئے سٹیج اور مینار پاکستان کے گراؤنڈ کے اندر کے سکیورٹی انتظامات جمعیت علما اسلام کے کارکنان نے سنبھال رکھے ہیں۔
پی ڈی ایم قائدین ظہرانے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر اکٹھے ہوں گے، جہاں سے وہ جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس ظہرانے کا اہتمام مریم نواز نے پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے اعزاز میں کیا ہے۔


