کیا حکومتِ پاکستان قرض لے کر قرض اتارنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے؟

تنویر ملک - صحافی، کراچی

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

روپے

Getty Images

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ڈھائی سالہ دورِ حکومت میں پاکستان نے 20 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کیا ہے جو بیرونی قرضوں کی ریکارڈ واپسی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ڈھائی سالہ دور حکومت میں 20 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے تو واپس کیے ہیں تاہم ان کے دور اقتدار میں ملک کا مجموعی بیرونی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق حکومت نے قرض تو واپس کیا ہے لیکن اس بیرونی قرض کو اتارنے کے لیے اس نے نیا قرض لے کر ملک پر قرضوں کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

پاکستان کو تین برس میں 38 ارب ڈالر قرض ملنے کی امید

کیا پاکستان آئی ایم ایف سے قرض کی شرائط نرم کروا سکتا ہے؟

کریڈٹ ریٹنگ میں کمی ’معاشی عدم استحکام کی نشانی‘

پاکستان پر مجموعی قرضہ کتنا ہے؟

پاکستان کے ذمے واجب الادا مجموعی رقم اس وقت 115 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31 دسمبر 2020 تک ملک کا مجموعی قرض 115.756 ارب ڈالر تھا۔

ایک سال پہلے یعنی 31 دسمبر 2019 کو 110.719 ارب ڈالر تھا یعنی پاکستان کے ذمے مجموعی طور پر واجب الادا قرض میں ایک سال میں پانچ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

پاکستان کی فنانس ڈویژن میں قائم ڈیبٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل عبد الرحمن وڑائچ نے بی بی سی کو بتایا کہ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار میں ملک کے مجموعی طور پر بیرونی قرض کی بات کی گئی ہے۔

اس قرض میں حکومت پاکستان کی جانب سے لیے جانے والے قرضے کے علاوہ حکومتی تحویل میں چلنے والے اداروں کی جانب سے لیا گیا قرض بھی شامل ہے تو اس کے ساتھ ملک کے نجی شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بیرون ملک سے لیا گیا قرض بھی شامل ہے۔ یہ رقم صرف حکومت نہیں بلکہ پورے پاکستان کی واجب الادا رقم ہے۔

عبد الرحمان وڑائچ نے بیرون ملک سے لیے جانے والے حکومتی قرضے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قرضہ اسی ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بیرونی اور داخلی ذرائع سے قرض حاصل کرتی ہے۔ حکومتی قرضے کو دیکھا جائے تو اس میں سے ایک تہائی قرض بیرونی ذرائع سے حاصل کیا گیا اور دو تہائی قرضہ داخلی ذرائع یعنی مقامی بینکوں سے لیا جانے والا ادھار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کے جی ڈی پی اور قرض کے درمیان تناسب پر بات کی جائے تو یہ تقریباً تیس فیصد ہے۔

روپے

Getty Images

گذشتہ اور موجودہ ادوار میں کتنا بیرونی قرض واپس کیا گیا؟

وزیر اعظم عمران خان کے دعویٰ کے مطابق موجودہ حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں 20 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کیا ہے۔

ڈارسن سیکورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ یوسف سعید نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے واپس کیے گئے بیرونی قرض کی واپسی کی تصدیق سرکاری اعداد و شمار سے ہوتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو پتا چلے گا کہ موجودہ حکومت کی مدت شروع ہونے سے لے کر 31 دسمبر 2020 تک اس حکومت نے 20.454 ارب ڈالر کا بیرونی قرض واپس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ نواز کے پہلے ڈھائی سالہ دور حکومت میں بیرونی قرض کی واپسی کو دیکھا جائے تو اس کی مالیت 9.953 ارب ڈالر تھی۔ ان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی حکومت کے پہلے ڈھائی سالوں میں 6.454 ارب ڈالر کا بیرونی قرض واپس کیا تھا۔

عبد الرحمن وڑائچ سے جب پوچھا گیا کہ کیا موجودہ حکومت نے بیرونی قرضے کی واپسی کا ریکارڈ قائم کیا ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر اعداد و شمار کے لحاظ سے دیکھا جائے تو یقینی طور پر یہ سب سے زیادہ ادا کیا جانے والا قرضہ ہے لیکن اسے ہمیں معیشت کے حجم کے تناظر میں بھی دیکھنا ہوگا کیونکہ معیشت کا سائز بڑھا ہے تو اس لحاظ سے قرض بھی زیادہ لیا گیا ہے اور اسی حساب سے اس کی واپسی بھی زیادہ ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرض اور اس کی واپسی کو معیشت کے حجم سے دیکھنا ہی مناسب ہوتا ہے۔

عبد الرحمان وڑائچ نے بتایا کہ واپس کیے جانے والے قرضے میں نوے فیصد سے زائد حصہ تو پرنسپل اماونٹ یعنی اصل رقم ہے اور سود کی ادائیگی بہت کم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیرونی ملک سے حاصل کیے گئے قرض پر شرح سود بہت کم ہوتا ہے اور یہ دو تین فیصد تک ہونے کے ساتھ اس کی واپسی بھی طویل مدتی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کی پاکستان کی بیرونی قرض کی واپسی کا میچورٹی دورانیہ اوسطاً سات سال بنتا ہے جو بہت اچھا دورانیہ سمجھا جاتا ہے اور بیرون ملک قرضے دینے والے ادارے بھی اسی وجہ سے پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں کہ ملک قرض لینے اور واپس کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

روپے

Getty Images

انھوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان کے ذمے بیرونی قرض میں سے آٹھ سے دس ارب ڈالر ادائیگی کے لیے میچور ہوجاتا ہے۔ ان کے مطابق اس کی ادائیگی کے لیے نیا قرض لینا پڑتا ہے تو اس کے ساتھ بجٹ خسارے کے لیے مزید قرض بھی حاصل کرنا پڑتا ہے جو تقریباً پانچ ارب ڈالر کے لگ بھگ ہوتا ہے۔

ماہر معیشت قیصر بنگالی نے اس سلسلے میں کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے 20 ارب ڈالر قرضے کی واپسی کی تصدیق اگر سرکاری اعداد و شمار سے ہوتی ہے تو اسے جھٹلانے کی کوئی ضرورت نہیں تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ بیرونی قرضہ پاکستان نے اپنے وسائل پیدا کر کے ادا کیا یا پھر بیرون ملک سے نیا قرض اٹھا کر پرانا قرض ادا کیا۔

قیصر بنگالی نے کہا کہ اب تک یہی ہوتا آرہا ہے اور اب بھی یہی ہوا کہ بیرونی قرضوں کی واپسی کے لیے نیا قرض اٹھایا گیا جو حکومتی اعداد و شمار سے ظاہر ہے کہ بیرون ملک سے لیے جانے والے قرض کی مالیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے 20 ارب ڈالر کے بیرون ملک قرضے کی واپسی کے باوجود 31 دسمبر 2019 سے 31 دسمبر 2020 کے درمیان ملک کے ذمے بیرونی قرضے میں پانچ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو 110 ارب ڈالر سے 115 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔

کیا بیرونی قرضہ لینا ضروری ہے؟

عبد الرحمن وڑائچ نے کہا کہ یہ ملک میں حکومتوں کی پالیسی رہی ہے کہ اندرونی و بیرونی ذرائع سے قرض لے کر اپنے بجٹ خسارے کو پورا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں بین الاقوامی اداروں سے لیے گئے قرضے کے علاوہ مقامی طور پر بینکوں سے لیا جانے والا ادھار بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا یہ حکمت علمی مختلف حکومتوں نے اپنائی ہے۔

عبد الرحمان وڑائچ نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو قرضہ لینا پڑتا ہے اور قرضہ لینا کوئی بری بات نہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ یہ قرضہ کیسے خرچ ہوتا ہے۔

’اگر یہ قرضہ پیداواری شعبے کو بڑھانے کے لیے خرچ ہو رہا ہے اور اس سے معیشت کا حجم بڑھ رہا ہے تو یہ بہت اچھی پالیسی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ قرضہ ایک دو دھاری تلوار ہے اسے آپ اپنے فائدے اور نقصان کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اسے کیسے استعمال کرتے ہیں۔

قیصر بنگالی نے اس سلسلے میں کہا اگر ملک بیرونی قرضہ لے کر اپنی آمدنی بڑھاتا ہے اور اثاثے بناتا ہے تو ایسا قرضہ لینے میں کوئی مسئلہ نہیں جیسا کہ ہم نے پاکستان میں ساٹھ اور ستر کی دہائی میں دیکھا کہ قرض لے کر میگا پراجیکٹس یعنی ڈیم وغیرہ بنائے گئے۔

’تاہم نوے کی دہائی سے قرض جس پالیسی کے تحت لیا جارہا ہے وہ ‘لون پروگرامز‘ ہوتے ہیں کہ جب میں بیرون ملک سے بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے قرض لیا جاتا ہے تو اس کا معیشت اور ملک پر بہت منفی اثر پڑتا ہے اور ملک قرضوں کے چنگل میں پھنسا چلا جاتا ہے۔‘

قرض پر انحصار کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟

ملک پر لدے ہوئے بیرونی قرضے سے نجات حاصل کرنے کے لیے کیا طریقہ کار ہو سکتا ہے، اس کے بارے میں عبد الرحمن وڑائچ نے کہا اس کے لیے ملکی کی آمدنی بڑھانا سب سے ضروری ہے جو زیادہ سے زیادہ ٹیکس حاصل کر کے ہی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کی وجہ ریونیو کا نہیں بڑھنا ہے۔

’اگر ملک میں زیادہ ٹیکس اکٹھا ہو گا تو حکومت کو بیرون ملک سے بجٹ خسارے کے لیے رقم ادھار نہیں لینا پڑے گی۔‘

قیصر بنگالی نے اس امکان کو مسترد کیا کہ فی الحال ملک کی آمدنی بڑھا کر بیرون ملک قرضے پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملک کی معیشت سکڑ رہی ہے اور اس میں اتنی جان نہیں ہے کہ وہ زیادہ ٹیکس ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا فی الحال ملک میں ایسی پالیسی اپنانی ہو گی جس میں غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ یہ غیر ترقیاتی اخراجات سول اور عسکری دونوں شعبوں میں کم کرنا ہوں گے۔ مثال کے طور پر وفاقی سطح پر 40 ڈویژن کو گھٹا کر انہیں 20 تک لانا ہو گا اور اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل کیے جانے والے محکموں کو ایک نئے نام سے وفاقی سطح پر برقرار رکھنے کی روش کو ختم کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ اسی طرح دفاعی شعبے میں غیر جنگی اخراجات کو کم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا صرف یہ دو کام کرنے سے ملک کو سالانہ اخراجات کی مدد میں ایک کھرب روپے کی بچت ہو گی جس سے ملک کا بیرونی قرضے پر انحصار کم ہو ہوگا۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 17773 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp