جہنم کا ایندھن: گناہگار عورتیں


آج یو ٹیوب پر ایک ویڈیو ڈھونڈتے وقت، سمجھو دماغ کی دہی بھی نہیں لسی ہو گئی۔ زبان پر وہ شکوہٰ آ گیا جو آج تک نہ آیا تھا، ”الہی عورت کو کیوں تخلیق کیا؟“ جب اتنی بے عزتی کرانی تھی۔ کیا ضرورت تھی ایسی بے مایہ ہستی پیدا کرنے کا۔ جس کو دیکھو عورت کو ہی سکھانے پڑھانے کے لیے تلا بیٹھا ہے۔ ڈپٹی نذیر احمد کی مرۃالعروس ہو یا اشرف علی تھانوی کی بہشتی زیور یا آج کل کے مفتیان کرام کی جدید ویڈیوز۔ دنیاوی زندگی کے معاملات ہوں یا دین کے فلسفے، عورت کو ناقص العقل مانا جاتا ہے اور اس کی ہدایت کی سامان کیے جاتے ہیں۔ صدیاں گزر گئیں لیکن خیالات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی ہے۔ اس دنیا کے حالات بہتر ہوتے اگر مرۃالعروس کے ساتھ ساتھ مرۃالعروس بھی لکھی جاتی اور بہشتی زیور کے ساتھ ساتھ بہشتی اوزار بھی تخلیق کی جاتی۔

انٹر نیٹ پر موجود بے حساب ویڈیوز میں سے چند ویڈیوز کے موضوع یہاں درج کر رہی ہوں
· 10 جہنمی عورتوں پر اللہ کا سخت عذاب
· شوہر کو یہ جملہ بولنے والی عورت جہنم میں جائے گی
· عورتیں جہنم میں زیادہ کیوں جائیں گی؟
· ایک عورت چار مردوں کو جہنم میں لے کر جائے گی
· ایسی عورتیں جہنم میں جائیں گی
· جہنم عورتوں سے بھر جائے گی
· جہنم میں لے جانے والی بیوی
· قیامت کے دن یہ عورتیں ننگی اٹھائی جائیں گی

یہ ان بے شمار ویڈیوز میں سے چند کے موضوعات ہیں جو انٹر نیٹ پر دستیاب ہیں اور معروف و غیر معروف مولویان کے بیانات پر مبنی ہیں۔ مانا کہ عورتیں بڑی نالائق ہیں، گناہ گار ہیں، جہنمی ہیں، مولوی حضرات بڑے ہی ثواب کا کام کر رہے ہیں جو انہیں ان کے انجام سے ہوشیار کر رہے ہیں، حضور بہت شکریہ! لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس کرہ ارض پر کوئی مرد ایسا نہیں جو کسی گناہ سے آلودہ ہو یا گناہ کرنے پر آمادہ ہو؟ کیا اس کائنات میں کسی مرد کو ہدایت کی ضرورت نہیں؟ آخر مردوں کی ہدایت کے لیے کسی کتاب، کسی بیان یا کسی ویڈیو کی ضرورت کیوں نہیں؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments