ای کامرس اور ٹیکنالوجی: نوجوانوں کا بڑھتا ہوا رجحان

معاشی انحطاط اور بے روزگاری کے دور میں اگر یونیورسٹی میں دوران تعلیم ہی آپ کو ایسی انٹرن شپ مل جائے جس کا اختتام نوکری پر ہوتو کیسا رہے گا؟ یہ سلسلہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح اب پاکستان میں بھی پنپنا شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان میں دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح بے تحاشا بے روزگاری اور معاشی انحطاط ہے۔ پاکستان میں سالانہ لاکھوں نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوکریوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور انہیں کہیں ڈھنگ کی جاب نہیں ملتی۔
پاکستان کے معاشی حالات سے ہم سب واقف ہیں لیکن یہاں میں معیشت پر بحث کرنے کی بجائے یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومتی سطح پر ای کامرس اور ٹیکنالوجی کی ضرورت اور اہمیت کو محسوس اور تسلیم کیا جانے لگا ہے۔ گزشتہ برس وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں 15 ایکڑ پر 12 منزلہ جدید آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھا جس کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے تعمیر کے بعد 10 سے 15 ہزار سے زائد آئی ٹی ماہرین، طلباء و طالبات اور انڈسٹری سے متعلقہ افراد کو روزگار کی فراہمی جبکہ براہ راست بیرونی و مقامی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونے کا بھی عندیہ دیا تھا۔
اسی سلسلے میں ایک اور خوش آئند بات یہ ہے کہ کچھ دنوں پہلے پاکستان کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹیز میں سے ایک نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) ، اسلام آباد میں کمپیوٹر سائنسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ اسٹوڈنٹس کے مابین ایک Coding Competition منعقد کروایا گیا۔ اس دو روزہ competition کا انعقاد ای کامرس سے متعلق Urtasker گروپ آف کمپنیز کے تحت کام کرنے والی عالمی آئی ٹی کمپنی TechBlink نے نسٹ اسکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز کے اشتراک سے کروایا گیا جس میں حصہ لینے والے طلباء کو انوینٹری مینجمنٹ اور ای کامرس ڈومین میں کسٹمرز کے تجربے کو بہتر کرنے کے حوالے سے چیلنجز کا ایک سیٹ دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے ٹیمز کے طور پر حصہ لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد اور رنر اپ ٹیم کو 75 ہزار روپے نقد کا انعام دیا گیا۔
ذیشان ریاض، چیف ایگزیکٹو افسر Urtasker اور توصیف ریاض، چیف ایگزیکٹو افسر TechBlink کا کہنا تھا کہ ہم نسٹ کے ساتھ مل کر پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی مارکیٹ میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں ہم نے نسٹ کے ساتھ MoUسائن کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء اس سے مستفید ہو سکیں۔ نوجوانوں کو مستقبل کی مارکیٹ کے لئے تیار کرنے کی غرض سے ہم سال 2022 میں پورے پاکستان میں برانڈ ایمبیسیڈر اور انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جس کے ذریعے ہم پاکستان کی دیگر معروف یونیورسٹیز میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہاں پر حکومت پاکستان، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور اس شعبے کی متعلقہ سینیٹ اور پارلیمانی کمیٹیز پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہمسایہ ملک بھارت اور دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ای کامرس، کمپیوٹر سائنسز اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے پہلے سے موجود اسٹیک ہولڈرز، کمپنیز اور انفرادی حیثیت میں کام کرنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے اور جامع و دوررس منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں موجود بیش بہا ٹیلنٹ کو استعمال کرتے ہوئے ای کامرس اور ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا کر دے تاکہ یہ نوجوان اچھا روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک پر سے بے روزگار نوجوانوں کا بوجھ بھی کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں اور پاکستان کا ایک بہت بڑی تعداد میں موجود ٹیلنٹ صحیح سمت میں استعمال ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور معاشی استحکام میں کام آ سکے۔

