اور خدا جب جب ہوا مہربان مجھ پر
یوں تو ہمیشہ سے ہی خدا مجھ پر مہربان رہا ہے مگر بات کچھ پرانے دنوں کی ہے جن کو میں پیچھے چھوڑ کر آگے نکلی ہوں جن سے شاید میں کبھی نہ نکل سکتی، وہ گہرے کالے بادل جو مجھے خود میں بے اختیار سموئے جا رہے تھے مگر وہ میرا ”خدا“ تھا جس نے مجھے ان اندھیری راتوں سے نکال کر روشنی کی طرف لا کر کھڑا کر دیا ان سب کالے بادلوں کو تاریخی سے روشنی میں بدل کر مجھے امید کی طرف پھر سے لوٹا دیا۔ اور اپنے ہونے کا احساس دلا دیا کہ صرف وہی ہے جو میرا رہبر ہے، میں نے امید کبھی نہیں چھوڑی اس وقت بھی جب مجھے پیدا کرنے والے میرے والدین اس دنیا سے چلے گئے۔
مایوسیوں نے جیسے گھیر لیا ہو زندگی کا جیسے مقصد ہی ختم ہو گیا ہو۔ خود کو ختم کرنے کا خیال اور وہ سب سوچیں سمندر کے گہرے پانی کی طرح مجھے اندر ہی اندر کھائے جاتی تھیں وہ وقت تھا کہ گزرے نہیں گزرتا تھا آنسوؤں میں آنکھیں ڈوبی رہتی تھی۔ راتیں طویل لگتی تھیں یوں مانو کہ وقت جیسے میرے لیے وہی تھم گیا ہو۔ کسی کا کوئی دلاسا کوئی دل جوئی کام نہیں آتی تھی۔ اس وقت میرا بس خدا تھا جس سے میں اپنی ان کہی باتیں کرتی تھی وہ سب خیالات اور وہ سب سوچیں جو مجھے دیمک کی طرح اندر سے چاٹ رہی تھی لیکن وقت میرے رب کا خاص کرم رہا مجھ پر کہ اس نے میرا ہاتھ تھاما اور جیسے وہ تھام لے پھر گرنے نہیں دیتا۔
بس پھر بہت آئے اپنی ہمدردیوں کے ساتھ مگر جو سہارا میرے خدا نے مجھے دیا پھر گرنے نہیں دیا۔ بہت سی امیدیں، کچھ ان کہی باتیں جو کسی نے نہ سہی مگر میرے خدا نے سن لی۔ کیونکہ وہ تو خدا ہے اور سب کا ہے۔ بس پھر اس کا تھامنا تھا کہ سب مل گیا مجھے وہ سکون، وہ رہبر وہ غمگسار مل گیا جس نے مجھے اپنی رضا پر چلنے کا گمان دل میں پیدا کر دیا اور میرا اللہ ہی تھا جس نے یہ خیال یہ کامل یقین میرے دل میں پیدا کیا کہ اک وہی ذات ہے جو مجھ پر سب سے مہربان ہے۔
اس طرح میرا یقین اور اللہ کی ذات پر میرا توکل بڑھتا گیا۔ جو ایک دن خدا کی رضا کو پانے میں بدل گیا۔ بہت سے لمحے جن کو سوچ کر دل دکھتا، بہت سے لوگ ایسے جن سے دکھ ملے اور بہت سے زندگی کے ایسے نا خوشگوار پہلو جن پر میں ابھی خاموش ہی رہوں گی۔ مگر اب ان سب کا جواب اور ان سب باتوں کا افسوس دل سے ختم ہو چکا ہے اور اس کی وجہ صرف ایک یہی جذبہ ہے کہ خدا کی ذات سے شکوہ نہیں کرنا۔ اللہ کی ذات پر یقین نے میرے ایمان کو اور زیادہ کامل کر دیا ہے کہ جو تھا بہت اچھا تھا، جو ہے سب سے بہتر ہے، اور جو ہو گا وہ بہترین ہو گا اور یہ ”انشاءاللہ“ کا لفظ جس میں خدا کے ”کن“ کی تکمیل ہے اس سے میرے دل کو اس بات کا یقین رہتا ہے کہ وہ خدا جو کرے گا وہ سب سے بہتر ہو گا میرے لیے اور یہی تمنا ہے میری کہ اپنی زندگی میں اللہ کو راضی کر سکوں۔ میری اب یہی دعا ہے کہ خدا مجھ پر یوں ہی اپنا کرم بنائے رکھے اور میرے ہر فیصلے میں اس کی رضا ہو۔ (آمین)
”خدا کو راضی کر جو تیرا کام ہے
بندوں کی فکر چھوڑ وہ ان کا بھی خدا ہے ”

