نئے برس کا عزم
چین کے شہر جیان میں دریا کی سرخ ریت اور بار بی کیو کی خوشبو دور تک پھیل ہوئی تھی۔ عبداللہ، ، توصیف اور میں دسمبر کی ٹھنڈی دوپہر میں آج یونیورسٹی کے قریب دریا پہ بار بی کیو کرنے آئے ہوئے تھے۔ اس دن بہت تیز ہوا چل رہی تھی اور آگ جلانے میں بڑی مشکل پیش آئی، زیادہ وقت کوئلوں کو جلانے میں لگ گیا۔ پھر اس کا حل یہ نکالا گیا کہ توصیف کی شال سے سائیڈ پہ ڈھال بنائی جائے اور دوسری طرف دریا کے پل کے ستون کا سہارا لیا جائے۔
توصیف نے سگریٹ جلائی اور اپنے جم والے ڈولے پھیلا کر ہوا کی مخالف سمت میں کھڑا ہو گیا اور مجھے بھی ایک سگریٹ جلا کر تھما دی۔ میں نے چار، پانچ کش لگائے اور سگریٹ کو کوئلوں کی نذر کر دیا۔ اسی لمحے توصیف مجھ سے گویا ہوا کہ ”نیازی ایک بات بتاوٴ، آپ جب میرے ساتھ ہوتے ہو تو سگریٹ پیتے ہو، لیکن عام روٹین میں آپ کو سگریٹ نوشی کرتے ہوئے نہیں دیکھا“ ۔ میں نے بھی جاوید چودھری کے انداز میں سوچا، اپنے انداز میں سوچ کو پرکھا، پھر جس نتیجے پہ پہنچا اس کو آپ سب کے گوش گزار کر رہا ہوں۔
میں ہر سال دوسرے کچھ لوگوں کی طرح اپنے آپ سے نئے عہد کرتا ہوں، نئی راہیں متعین کرتا ہوں، جس میں کچھ عادتیں اپنانے کے عہد ہوتے ہیں اور کچھ چھوڑنے کے۔ اس سال بھی میں نے ایک عہد کیا ہے کہ میں سگریٹ نوشی اپناوٴں گا۔ یقیناً لوگ اس بری لت سے جان چھڑانے کا عہد کرتے ہوں گے لیکن میں نے اپنانے کا عہد کیا ہے۔
اسکی ایک وجہ ہے، وہ یہ کہ مجھے پتا ہے جس طرح میں باقی عہد پورے نہیں کرتا، بالکل اسی طرح سگریٹ نوشی اپنانے کا عہد بھی پورا نہیں ہو پائے گا۔ میرا عہد بھی اس لطیفے کے مصداق ہے جس میں ایک شخص گھر سے نکلتا ہے تو سامنے راستے پہ کیلے کا چھلکا دیکھ کے کہتا ہے کہ ”اج فیر تلکاں گے“ ۔ مجھے بھی اسی شخص کی طرح یقین ہے کہ یہ نہیں ہو پائے گا۔
مستقل مزاجی کا یہ انداز صرف میرا نہیں ہے، بلکہ ہم سب بحیثیت قوم اس کا شکار ہیں۔ آج کل صدارتی نظام کی ہوا جس رفتار سے چل رہی ہے اسی کو دیکھ لیں۔ ہم آج تک یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ ہم نے اس ملک کو کس نظام کے تحت چلانا ہے۔
جس نظام سے متعلقہ گروہ کی حکومت کو دوام ملے، وہ اسی نظام کی راہیں ہموار کرنا شروع کر دیتا ہے۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ جس نظام کے تحت موجودہ حکومت معرض وجود میں آئی ہے کیا وہ صدارتی نظام تھا؟ اگر پہلے یہ حکومت اس نظام میں اپنی جگہ بنا کے آئی ہے تو اب اس نظام میں کیا خرابی پیدا ہو گئی ہے؟
قائد اعظم نے نہ جانے پاکستان کو کس طرح کی تجربہ گاہ کہا تھا، حکمران طبقہ کے رویے سے تو یہی لگتا ہے کہ یہ لوگ اس ملک کو مختلف نظاموں کی تجربہ گاہ سمجھ بیٹھے ہیں۔
خدا را جو نظام چل رہا ہے اسی کو مضبوط کریں اور اس ملک کو کسی نئے بحران کی نذر نہ کریں۔


