ورلڈ کپ کے ہیرو ایمباپے کا ’پی ایس جی‘ کے لیے فرنچ لیگ میں سب سے زیادہ 201 گول کرنے کا اعزاز
انھیں اس ریکارڈ گول کے لیے کھیل کے 92 ویں منٹ تک انتظار کرنا پڑا لیکن جب انھوں نے انتہائی ماہرانہ انداز میں بائیں پاؤں سے شاٹ لگا کر فٹبال کو گول کے اندر ڈال دیا تو وہ پی ایس جی کی جانب سے گول کرنے والوں کی سرفہرست میں یوراگوئے کے سٹرائیکر ایڈنسن کاوانی کو پیچھے چھوڑ گئے۔
دسمبر میں 24 سال کے ہونے والے فرانس کے فارورڈ نے خود کو فٹبالنگ سپر سٹار کے طور پر نام کمایا ہے۔
انھوں نے دو ورلڈ کپ فائنل کھیلے ہیں۔ سنہ 2018 میں انھوں نے ٹرافی جیتی اور سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹاپ سکورر کے طور پر گولڈن بوٹ حاصل کیا۔
ایمباپے نے اپنے ملک کے لیے سنہ 2021 نیشنز لیگ بھی جیتی تھی۔ انھوں نے دسمبر کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹائن کے خلاف ہیٹ ٹرک سکور کی اور کھیل کو اضافی ٹائم کے خاتمے پر تین، تین گول سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ارجنٹائن کے حق میں ہوا۔
’ریکارڈ فیس‘
ایمباپے سنہ 2017 میں موناکو سے پی ایس جی میں شامل ہوئے اور ایک ٹین ایجر کے طور پر ریکارڈ فیس کے عوض ان کی خدمات حاصل کی گئی۔ اس کے بعد سے انھوں نے لیگ-1 کے چار ٹائٹل جیتے ہیں اور پچھلے چار سیزن میں سے ہر ایک کے لیے ڈویژن کے سکورنگ چارٹ میں سرفہرست رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
میسی کو پہنائی جانے والی عبا ’بشت‘ کیا ہے اور اس پر تنازع کیوں؟
فٹ بال ورلڈ کپ: کون سے کھلاڑی سب پر حاوی رہے؟
رواں سیزن میں فرانسیسی فارورڈ نے اب تک 30 گول سکور کیے ہیں اور آٹھ گول ہونے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 247 میچز میں کلب کے لیے ان کے کل گول کی تعداد 85 ہو گئی ہے۔
پی ایس جی کی جانب سے لیونل میسی نے گول کرنے کی شروعات کی اور پھر جاوین ہیڈجامز نے اپنے ہی خلاف گول کر دیا۔
بہر حال پی ایس جی نے شروع میں ہی دو گول کی سبقت حاصل کر لی تھی لیکن لوڈووک بلاس اور اگنیٹیئس گناگو کے لگاتار گولز کی بدولت نینٹیس نے ہاف ٹائم سے قبل ہی برابری کر لی۔
پی ایس جی گول کیپر جیان لوئیگی ڈوناروما نے دو بار غلطی کی جس کے نتیجے میں یہ گول ہوئے۔
اس کے بعد 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے ڈینیلو پیریرا کو پاس بڑھایا جسے انھوں نے سر سے گول میں بدل دیا اور پھر انجری ٹائم میں وہ لمحہ آیا جس کی بدولت اپنے کلب کے لیے ایمباپے کے سر سب سے زیادہ گول کرنے کا سہرا سجا۔

