غربت اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بل
وطن عزیز میں موجودہ معاشی حالات اور غربت نے عوام کی زندگیوں کو بے حد مشکل بنا دیا ہے۔ ایک طرف لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، تو دوسری طرف بجلی اور دیگر ضروریات زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے انہیں مزید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس دور میں غریب انسان اس قدر بے حال ہے کہ وہ اپنے لیے موت مانگتا ہے غربت اور مہنگائی کا یہ طوفان انسانی وقار کو پامال کر رہا ہے اور عوام کی زندگیاں دن بدن اجیرن ہوتی جا رہی ہیں۔
جب ایک عام پاکستانی گھرانا اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہ ہو، تو اس کے سامنے بجلی کے بلوں کا بوجھ ایک اور اذیت بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ بجلی جو کہ کسی بھی جدید زندگی کا بنیادی جزو ہے، اب اس قدر مہنگی ہو چکی ہے کہ غریب اور متوسط طبقہ اس کو برداشت کرنے سے قاصر ہے۔ بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ عام آدمی کی زندگی کو معاشی دلدل میں دھکیل رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، کم آمدنی والے افراد کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔
یہ اضافہ نہ صرف بجلی کے استعمال کو مشکل بنا رہا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی میں رکاوٹیں بھی عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہیں۔ خاص طور پر گرمی کے موسم میں جب لوگ بجلی کی شدید ضرورت محسوس کرتے ہیں، اس وقت بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے ان کی زندگیوں کو مزید تکلیف دہ بنا دیا ہے۔ غربت اور مہنگائی کے اس بڑھتے ہوئے سلسلے نے نہ صرف عوام کی قوت خرید کو متاثر کیا ہے بلکہ ان کی صحت اور ذہنی سکون کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
جب انسان بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو اس کا اثر اس کے خاندان پر بھی پڑتا ہے۔ بچے تعلیم سے محروم ہوتے ہیں، بیماریاں بڑھتی ہیں، اور گھریلو ناچاقی میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف خاندان کے اندرونی ماحول کو متاثر کرتی ہے بلکہ پورے معاشرے میں بے چینی اور عدم استحکام پیدا کرتی ہے ہر انسان ایک لگ ہی سوچ میں گھومتا پھرتا نظر اتا ہے۔ اس بحران میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی مشکلات کو سمجھے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔
لیکن بدقسمتی سے حکومت کی ترجیحات کچھ اور نظر آتی ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کی بجائے سیاسی رسہ کشی اور غیر ضروری منصوبوں پر وقت اور پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ عوام کو اس وقت بنیادی ضروریات فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس مسئلے کا ایک اور پہلو یہ ہے کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں عوام کو کنکشن منقطع ہونے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کہ مزید مشکلات کا باعث بنتا ہے۔
ایک طرف غربت، دوسری طرف بجلی کے بڑھتے بل، اور پھر کنکشن کٹنے کا خوف یہ تمام عوامل ایک عام انسان کی زندگی کو بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا کر رہے ہیں۔ یہ صورتحال اس بات کا متقاضی ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کرے اور ایسی پالیسیز بنائے جو غریب اور متوسط طبقے کو اس بوجھ سے نجات دلانے میں مدد کریں۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور سستی توانائی کے ذرائع کا استعمال بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف بجلی کے بلوں میں کمی کرے بلکہ بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے تاکہ عوام کی زندگیوں میں کچھ آسانی پیدا ہو۔ غربت اور انسان کی بے بسی کا احوال بیان کرتے ہوئے ایک شعر ذہن میں آتا ہے۔
بھوکے پیٹ کا دکھ، لفظوں میں بیان نہیں ہوتا،
غربت کے سفر میں، ہر لمحہ عذاب بن جاتا ہے۔ ”


