شاہ ولی اللہؒ کی فکر کی عصری معنویت
میں نے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے افکار کا مطالعہ کیا، تو مجھے احساس ہوا کہ وہ صرف ایک دینی مفکر نہیں، بلکہ ایک سوشیالوجسٹ، ایک پولیٹیکل سائنٹسٹ اور ایک معاشرتی مصلح بھی تھے، جنہوں نے اٹھارہویں صدی کے برصغیر میں حکومت، عوام، مذہب اور اخلاقی نظم کو ایک منظم فکری فریم ورک کے ذریعے بیان کیا۔ ان کی تحریروں میں وہ تمام اجزاء موجود ہیں جو آج کی سوشل سائنسز میں کسی بھی معاشرتی نظریے کی تشکیل کے لیے ضروری سمجھے جاتے ہیں : مشاہدہ، تجزیہ، علت و معلول کا ربط، اور اصلاحی تجویز۔
شاہ صاحب کے نزدیک حکومت ایک ”اخلاقی ادارہ“ ہے، نہ کہ صرف ایک انتظامی یا عسکری قوت۔ وہ انسانی معاشروں میں اقتدار کو ایک فطری ضرورت مانتے ہیں، لیکن اس شرط کے ساتھ کہ اقتدار عدل، حکمت، اور عوامی بھلائی پر قائم ہو۔ وہ اپنی مشہور کتاب ”حجۃ اللہ البالغہ“ میں لکھتے ہیں ”سلطنت (حکومت) ان بنیادی امور میں سے ہے جن کی دنیا کو اپنے ظاہری اور باطنی مصالح کے قیام کے لیے شدید ضرورت ہے۔“
یہ اقتباس شاہ صاحب کے اس نظریے کو واضح کرتا ہے کہ حکومت کا وجود محض طاقت یا اختیار نہیں بلکہ ایک اجتماعی ضرورت ہے، جو معاشرتی نظم کو برقرار رکھتی ہے۔ لیکن وہ ساتھ ہی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اگر یہ طاقت نا اہل اور ظالم ہاتھوں میں چلی جائے تو وہی ادارہ جو خیر کا ذریعہ بن سکتا تھا، فساد اور بگاڑ کا سرچشمہ بن جاتا ہے۔
ایک نکتہ جو شاہ صاحب کی فکر میں نمایاں طور پر ابھرتا ہے، وہ یہ ہے کہ حکومت اور اخلاقی نظم ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔ وہ لکھتے ہیں :
”اگر حکومت میں خرابی آ جائے، یا وہ کمزور ہو جائے، تو اس کا نتیجہ نظم کے بگاڑ، فتنوں کے ظہور، اور اخلاقی زوال کی صورت میں نکلتا ہے“ ۔ اس جملے میں شاہ صاحب معاشرتی سائنس کی بنیاد پر ایک سادہ سی causal relationship بیان کرتے ہیں کہ حکومت کی نوعیت، رعایا کے اخلاق پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔
ان کے اس موقف کو ہم جدید سوشیالوجی میں Max Weber کے ”legitimate authority“ یا Antonio Gramsci کے ”moral hegemony“ جیسے تصورات کے متبادل کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ شاہ صاحب کا تصور ”عادل حکومت“ اسی اخلاقی برتری پر مبنی ہے جس میں حکومت کا وجود عوامی فلاح کے لیے ہو، نہ کہ محض بالادستی کے لیے۔
وہ مزید کہتے ہیں ”جب جاہل افراد اقتدار سنبھالتے ہیں تو سیاست تباہ ہو جاتی ہے، امور بگڑ جاتے ہیں، ظلم پھیلتا ہے، دولت ضائع ہوتی ہے، اور فتنہ جڑ پکڑتا ہے“ ۔ اس مشاہدے کی بنیاد پر شاہ ولی اللہ سماجی زوال کو ایک ادارہ جاتی ناکامی (institutional failure) کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ جو بالکل وہی ماڈل ہے جو آج سیاسی سائنس میں ریاستی ناکامی کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔
شاہ ولی اللہ کا معاشرتی شعور صرف سیاسی سطح تک محدود نہیں۔ وہ عوام کے رویوں اور اخلاقیات کو بھی اقتدار کے آئینے میں دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر حکمران بددیانت، حریص، اور عدل سے محروم ہو، تو رعایا میں بددلی، مایوسی، اور روحانی زوال پھیلتا ہے۔ وہ تفہیمات الٰہیہ میں لکھتے ہیں ”عوام اپنے حکمرانوں کے دین پر ہوتے ہیں، جب ان کی نیتیں خراب ہو جائیں تو پوری امت کا حال بگڑ جاتا ہے“ ۔ یہاں وہ اخلاقی transmission اور سماجی اثر کا وہی تصور پیش کرتے ہیں جسے آج کی زبان میں social learning theory کہا جا سکتا ہے۔
یہی نہیں، بلکہ وہ اپنی ایک اور کتاب ازالۃ الخفاء میں تاریخی تناظر میں خلفاء راشدین کی حکومت کو مثالی ماڈل کے طور پر پیش کرتے ہیں اور یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ جب حکومت علم، عدل اور دیانت پر قائم ہو تو وہ صرف معاشرتی نظم ہی نہیں، دلوں کی اصلاح کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔ شاہ صاحب کے نزدیک حکومت ایک با اختیار مگر اخلاقی قوت ہونی چاہیے، جو عدل کی چھاؤں مہیا کرے۔ امام شاہ ولی اللہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اقتدار جس کے پاس بھی ہو، اسے خدا کی دی ہوئی ذمہ داری سمجھ کر استعمال کرے۔
ان کی فکر میں یہ بات بھی موجود ہے کہ اگر معاشرہ مسلسل ظلم سہتا رہے اور علماء و مفکرین خاموش رہیں، تو زوال صرف مادی نہیں بلکہ فکری اور روحانی بھی ہو جاتا ہے۔ اور یہی وہ حالت ہے جسے وہ کئی بار ”اجتماعی تباہی کی ابتدائی علامت“ کہتے ہیں۔
میری نگاہ میں شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فکر ایک مکمل سوشیالوجیکل فریم ورک ہے، جو اقتدار، عوام، اخلاق اور روحانی تربیت کے مابین ایک مضبوط ربط پیدا کرتا ہے۔ ان کی تحریریں آج بھی اس بات کی شاہد ہیں کہ اگر ہم ایک ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جو عدل، شعور، اور روحانیت پر قائم ہو، تو ہمیں اپنے حکمرانوں کو فقط سیاستدان نہیں بلکہ عوام کا امین اور دین کا نمائندہ سمجھ کر چننا ہو گا۔ اور اگر ایسا ممکن نہ ہو، تو کم از کم عوام کو اس قدر باشعور ضرور ہونا چاہیے کہ وہ ظلم پر خاموش نہ رہیں، کیونکہ خاموشی بھی بالآخر ظالم کی طاقت بن جاتی ہے۔
آج کا پاکستان ایک ایسے نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں ایک طرف ریاستی ادارے باہمی کشمکش کا شکار ہیں، دوسری طرف عوام غربت، بے عدلی، کرپشن، اور فکری انتشار سے نڈھال ہیں۔ قوم کی اکثریت احساسِ محرومی، اخلاقی بحران اور روحانی خلا میں بھٹک رہی ہے۔ ایسے میں نہ صرف مذہبی طبقہ بلکہ دانشور، اساتذہ، طلبہ، سیاستدان اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فکر سے رجوع کریں۔ اُن کی تحریریں نہ صرف مذہبی اصولوں کی تشریح کرتی ہیں بلکہ معاشرتی، سیاسی اور اخلاقی پہلوؤں پر بھی گہری روشنی ڈالتی ہیں۔ شاہ ولی اللہؒ کا مطالعہ ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ ایک نیک اور باشعور قیادت کے بغیر نہ دین محفوظ رہتا ہے نہ دنیا، اور یہ کہ معاشرے کی اصلاح صرف عبادات سے نہیں بلکہ عدل، علم، اور خیر کے نظام سے ہوتی ہے۔
نوجوان نسل، جو آج بے سمتی اور فکری افراط و تفریط کا شکار ہے، اگر شاہ ولی اللہؒ کی تعلیمات کو سنجیدگی سے سمجھے اور اسے اپنی فکری بنیاد بنائے، تو نہ صرف وہ اپنا راستہ پا سکتی ہے بلکہ ایک عادل اور بامقصد معاشرے کی تشکیل میں بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔ شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فکر صرف ماضی کی یادگار نہیں بلکہ ہمارے حال کا علاج اور مستقبل کی امید ہے۔ ان کا مطالعہ محض علمی ضرورت نہیں بلکہ قومی بقاء کا زینہ ہے۔


