شریف خاندان خود اپنوں کی سازش کا شکار ہوا ہے


کیسی عجیب قوم ہیں حکمران ہوں۔ ادارے ہوں یا عوام اپنی نا اہلی اور غلطی مانتے ہی نہیں۔ بس ایک ہی طرہقہ ہے کہ دوسروں پر ڈال دو بیٹا فیل ہو تو اکثریت مائیں کہتی ہیں کہ کسی رشتہ دار نے جادو کروا دیا اور پھوپھی کا نام اس میں سرفہرست ہوتا ہے۔ مجال ہے کہ اپنے بیٹے سے باز پرس کریں کہ یہ جو سارا دن تم دوستوں کے ساتھ پھرتے رہتے تھے اور رات پھر فون سے بندھے رہتے تھے یہ اسی کا نتیجہ ہے لیکن نہیں صاحب اپنی ناکامی مان لی تو وہ ناکامی کیسی۔

یہی حال آج کل شریف فیملی اور حکمران جماعت کے سیاسی رہنماؤں کا ہے۔ پچھلے لمبے عرصے سے سازش سازش کے الفاظ سن کر کان پک گئے ہیں کہتے ہیں حکمران جماعت اور شریف خاندان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔

تو جناب عالی اب ذرا اطمینان اور سکون سے سنیئے گا۔ یہ سازش کون کر رہا ہے اور کب سے کر رہا ہے میں بتاتا ہوں۔ میرے خیال میں تو یہ سازش 1996 میں شروع ہوئی جب آپ نے لندن فلیٹس خریدے۔ یہ سازش تب ہوئی جب 18 سال کا حسین نواز کروڑوں کا مالک بن گیا کہ جس عمر میں عام آدمی کے بچے کا شناختی کارڈ نہیں بنتا۔

کیا اس سازش کی مرکزی کردار وہ خاتون مریم نواز نہیں ہیں کہ جو سب کچھ جانتے بوجھتے بھی فرماتی رہیں کہ میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ اس سازش کے کردار کیا حسن اور حسین نواز نہیں کہ جن میں سے حسن کہتا ہے کہ ان فلیٹس کا کرایہ 1996 میں حسین دیتا تھا اور حسین کہتا ہے مجھے معلوم نہیں۔ کیا اس سازش میں کلثوم نواز شامل نہیں کہ جنہوں نے 2003 کے ایک انٹرویو میں فلیٹس کی ملکیت تسلیم کی تھی۔ کیا آف شور کمپنیاں کسی نے سازش کے تحت بنوائیں تھیں۔ کیا میاں صاحب آپ نے 2005 میں دبئی میں نوکری کے لئے جو فارم بھرا تھا وہ سازش کے تحت بھروایا گیا تھا۔ کیا جو رقم ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے آپ بھجواتے رہے وہ آپ سے اس لیے بھجوائی جاتی رہی کہ 20 سال بعد جے آئی ٹی بنے گی تو اس میں پکڑے جائیں گے۔ میاں صاحب جو آپ نے سعودی عرب میں بینک اکاونٹ کھلوا رکھا ہے اس کا اندراج اپنے کاغذات نامزدگی میں نہ کرنا کس کی سازش تھی۔ حسین نواز نے آپ کو ایک سو چار کروڑ کے تحفے دیے جس میں سے آپ نے مریم کو 82 کروڑ کے تحفے دیے کیا یہ بھی کوئی سازش تھی۔

میاں صاحب آپ نے بیٹی اسماء نواز کو 30 ملین کے اثاثے دیے وہ آپ کی ماں شمیم اختر کو 22 لاکھ اور اپنی ماں کلثوم نواز کو 10 لاکھ قرض دے رہی ہے۔ ٹیکس بچانے کا یہ ہیر پھیر بھی کیا سازش ہے؟ اسحاق ڈار نے ٹیکس بچانے کے لئے 17 کروڑ روپے کی چیرٹی اپنے زیر سایہ اداروں کو دے دی کیا یہ بھی سازش کا حصہ تھی؟ باربار انکار کے باوجود نیلسن اور نیسکول کی مالک مریم نواز ثابت ہو گئیں کیا یہ بھی سازش کا حصہ تھا؟

آپ نے 1990 سے مال جوڑنے اور مال بنانے کا کام شروع کیا ہوا تھا اس کی حقیقت اب آشکار ہو رہی ہے اور آپ اس ایک بھونڈی دلیل کے پیچھے چھپ رہے ہیں کہ آپ کے خلاف سازش کی گئی ہے۔ میاں صاحب اگر یہ واقعی آپ اور آپ کے اہل و عیال کے خلاف سازش ہے تو میں آپ کو کرداروں کے نام بتائے دیتا ہوں۔

آپ کے خلاف سازش میں نواز شریف، مریم نواز، کلثوم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور اسحاق ڈار شامل ہیں جو پچھلے 27 سالوں سے ان حرکتوں کے ذریعے آپ کے خلاف سازش کر رہے تھے جن کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور آف شور کمپنیوں کا نام دیا گیا ہے۔ جس پر آپ اور آپ کے بچے آج پکڑ میں آ گئے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).