سعید اجمل سمیت ایفرو-ٹی20 کے شریک کھلاڑی شدید پریشانی کا شکار
انڈین کرکٹ لیگ اور ابوظبی کی ماسٹرز لیگ کے بعد یوگنڈا میں ہونے والی ایفرو ٹی20 لیگ بھی ختم ہوگئی، اسپانسرز ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر بھاگ گئے، جس کی وجہ سے پاکستان کے کئی کھلاڑی یوگنڈا کے شہر کمپالا میں پھنس گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ دنیا بھر کی لیگز میں اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیتا ہے اور کھلاڑی بغیر کسی تصدیق کے غیر ملکی لیگز میں شرکت کے معاہدے کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں کیس کے دفاع میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اب یوگنڈا میں پاکستانی کھلاڑی بے یار و مدد گار پڑے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ رُل کر رہ گئے ہیں، ان کے پاس پیسے ختم ہوچکے ہیں اور واپسی کے لئے ٹکٹ بھی نہیں ہے۔
یوگنڈا میں ایفرو ٹی ٹوئنٹی لیگ کے منتظمین نے اچانک حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے لیگ ختم کرنے کا اعلان کردیا اور کھلاڑی پریشانی کی حالت میں واپسی کے منتظر ہیں۔
ٹورنامنٹ میں اکثر غیر ملکی کرکٹرز پاکستان کے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز، بھارت اور امریکا کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں نے بھی لیگ میں شرکت کی۔
پاکستان کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر غیر ملکی کرکٹرز تیسرے درجے کے تھے جن کی تعداد 22 بتائی جاتی ہے، متاثرہ پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو معاوضہ طے ہوا تھا اس میں سے ایک پیسے کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی ہے۔
ادھر سابق کپتان عامر سہیل کمنٹیٹر کی حیثیت سے کمپالا گئے تھے وہ کھلاڑیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے اپنے اثر و رسوخ استعمال کررہے ہیں تاہم پاکستان کے جو کھلاڑی یوگنڈا میں پھنسے ہوئے ہیں ان میں اسٹار کرکٹر سعید اجمل، ٹیسٹ کرکٹر عمران خان جونیئر،یاسر حمید اور انٹرنیشنل کرکٹر مختار احمد بھی شامل ہیں۔
کرکٹرز کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دن اذیت میں گزرے اور انہیں کھانا بھی فراہم نہیں کیا گیا، ایک کمرے میں 8,8 کھلاڑی رہ رہے ہیں جبکہ یوگنڈا میں پاکستانی کمیونٹی کوشش کررہی ہے کہ کھلاڑیوں کو واپسی کے ٹکٹ کراکر دیئے جائیں۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایفرو لیگ آئی سی سی سے منظور شدہ تھی اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد خلیل نے کھلاڑیوں کے معاہدے کرائے تھے اور ٹورنامنٹ منسوخ ہوتے ہی خلیل مبینہ طور پر کمپالا سے فرار اور منتظمین منظر سے غائب ہوگئے ہیں۔
کھلاڑی جب ایئر پورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ آپ کے ٹکٹ منسوخ ہوچکے ہیں اب آپ کو نئے ٹکٹ خریدنا ہوگا جس کے بعد کھلاڑی ایئر پورٹ کے ایک ہوٹل میں شفٹ ہوکر واپسی کی کوششیں کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے 2 دن قبل شارجہ لیگ ختم ہوتے ہی تصدیق کی تھی کہ اس نے پاکستانی کھلاڑیوں کو یوگنڈا لیگ میں کھیلنے کی اجازت دی تھی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، بگ بیش اور متنازع شارجہ لیگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال اپنے کئی کھلاڑیوں کو ایفرو ٹی 20 کھیلنے کی بھی اجازت دے دی تھی۔


