عمران خان نے تیسری شادی کی ہے یا چوتھی؟


رومانی شخصیت سے روحانی شخصیت تک کا سفر کرنے والے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ طور پر تیسری خفیہ شادی کی خبر نے پورے ملک میں  افراتفری مچا دی ہے۔ خود عمران خان نے ان اطلاعات پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔ البتہ ان کی جماعت نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے مذکورہ روحانی شخصیت کو شادی کی پیشکش کی ہے۔ سیاسی اور سماجی حلقوں میں یہ سوال دلچسپ صورت اختیار کر گیا ہے کہ عمران خان نے دراصل تیسری شادی کی ہے یا چوتھی؟ آئینی معاملات میں دلچسپی رکھنے والے افراد میں بحث جاری ہے کہ ایک ہی خبر کی پروزور تردید اور پھر کچھ عرصے بعد تصدیق  کرنے والا فرد آئین کی شق 62 (الف) کی رو سے صادق اور امین رہتا ہے یا نہیں؟

اطلاعات کے مطابق عمران خان نے 66 برس کی عمر میں لاہور میں یکم جنوری کو خفیہ طور پر تیسری شادی کر کے سال نو کا آغاز کیا اور یہ شادی بشریٰ بی بی نامی خاتون سے ہوئی جن کے پاس عمران خان روحانی رہنمائی کے لئے جایا کرتے تھے۔ عمران خان کا بشریٰ بی بی سے چند سال قبل روحانی رہنمائی کے لئے رابطہ ہوا تھا جو شادی کے بندھن کی صورت میں اختتام پذیر ہوا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا۔ 8 جنوری 2015ء کو ریحام خان سے شادی کے موقع پر بھی مفتی سعید نکاح خواں تھے۔ کچھ حلقوں میں یہ دلچسپ بحث ہو رہی ہے کہ عمران خان کے نکاح پڑھانے سے شہرت پانے والے مفتی سعید نے خود شادی نہیں کی ہے۔ دوسری طرف عمران خان کے قریبی ساتھی اور ان کے عائلی معاملات پر دلچسپ تبصرے کرنے کی شہرت رکھنے والے راولپنڈی کے سیاسی رہنما شیخ رشید بھی غیر شادی شدہ ہیں۔

پارٹی کے سینئر رہنماؤں چوہدری سرور اور محمود الرشید بھی اپنے قائد کی تیسری شادی کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہ دے سکے۔ البتہ محمود الرشید نے ہلکے پھلکے انداز مین یہ ضرور کہا کہ اسلام میں بیک وقت چار شادیوں کی اجازت ہے۔ سینئر صحافی عارف نظامی نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کی اور بتایا کہ اطلاع کے مطابق عمران خان پیر کو لاہور میں تھے اور ان کا فون بھی بند تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تیسری شادی روحانی رہنما بشریٰ بی بی سے یکم جنوری کو ڈیفنس ہائؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹر Y میں دلہن کی قریبی دوست فرح جبیں کے گھر میں ہوئی۔ 66 سالہ عمران خان کی اس سے قبل دو باقاعدہ شادیاں ہو چکی ہیں جو طلاق پر انجام پذیر ہوئیں۔ عمران خان کی پہلی شادی 16 مئی 1995ء کو جمائما خان سے ہوئی اور 9 سال بعد 22 جون 2004ء کو طلاق ہو گئی۔ جمائما کے بطن سے عمران خان کے دو بیٹے سلمان اور قاسم ہیں جو لندن میں اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتے ہیں تاہم وہ اپنے والد سے ملنے پاکستان آتے رہتے ہیں جبکہ عمران خان بھی ان سے ملنے لندن جاتے ہیں۔

ٹیریان نے اپنی سالگرہ بھائیوں کے ساتھ منائی

عمران خان کی دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل دس ماہ چل سکی۔ عمران خان نے ریحام خان سے شادی کا باضابطہ اعلان 8 جنوری 2015ء کو کیا تاہم اس وقت بھی اطلاعات تھیں کہ ان کا نکاح دراصل نومبر 2014ء میں ہوا تھا۔ ریحام اپنے شوہر عمران خان سے ناراض ہو کر لندن گئیں جس کے بعد عمران خان نے انہیں طلاق دے دی۔ ریحام خان کا کہنا ہے کہ میں نے عمران خان سے پوچھا تھا کہ سالگرہ پر کیا تحفہ دیں گے تو انہوں نے طلاق دے دی۔

واضح رہے کہ جمایما گولڈ اسمتھ سے شادی سے پہلے بھی عمران خان کے خواتین کے ساتھ اسکینڈلز سامنے آتے رہے۔ امریکی خاتون سیتا وائٹ نے عمران خان سے تعلقات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ان کی ایک بچی ٹیریان بھی ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی عدالت نے بھی یہی فیصلہ سنایا کہ ٹیریان عمران خان کی بیٹی ہے۔ عمران خان اس مقدمے میں عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے تاہم انہوں نے ٹیریان کے حوالے سے تردید کی تھی۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ ٹیریان وائٹ نے اپنی والدہ سیتا وائٹ کی وفات کے بعد لندن میں عمران کان کے صاحبزادوں کے ساتھ پرورش پائی۔

حال مین تحریک انصاف سے علیحدہ ہونے والی پشاور کی ایم این اے عائشہ گلالئی نے بھی عمران پر الزام لگایا تھا کہ وہ انہیں ٹیلی فون پر نازیبا پیغامات بھیجتے رہے ہیں۔

تیز ہے دریائے دل اپنی روانی میں بہت

عمران خان کی دوسری شادی اور طلاق کی خبر دینے والی ماہر علم نجوم سامعہ خان نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کی ہے۔ گزشتہ روز نجی ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے نامور آسٹرو لوجسٹ سامعہ خان نے کہا کہ میں گزشتہ دو سالوں سے کہہ رہی ہوں کہ عمران خان کی تیسری شادی پتھر پر لکیر ہے، میں نے 2018 کی پیش گوئیوں کے حوالے سے کہا تھا کہ وزارت تو بعد کی بات ہے لیکن اس سے پہلے عمران خان کو شیروانی کی خوشخبری ملے گی۔ سامعہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پیش گوئی کی تھی کہ عمران خان کی خوشخبری کا وقت اکتوبر 2017 سے شروع ہو چکا ہے اور ستاروں سے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ماہر علم نجوم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تیسری اہلیہ بھی روحانیت سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے بھی ستاروں کو دیکھ کر ہی اس شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ سامعہ خان نے کہا کہ عمران خان کی یہ شادی کامیاب بھی رہے گی اور انہیں اپنے ہمسفر کی گڈ لگ بھی ملے گی۔

ملتان میں قتل ہونے والی معروف ماڈل قندل بلوچ نے یکم فروری 2016ء کو ایک ٹی وی انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں سب خبر ہے کہ عمران خان پنکی نامی خاتون کے پاس جاتے ہیں جو لوگوں کو دم درود کرتی ہیں اور ان کے مسائل حل کرتی ہیں ، عمران خان بھی ان کے پاس آج کل بہت جاتے ہیں۔

Facebook Comments HS

Comments are closed.