پاکستانی پاسپورٹ پہ روکا گیا، بھارتی نکل گئے، ہم کہاں کھڑے ہیں؟ صبا قمرکا شدید احتجاج


صبا قمر نے خود کو اورپاکستانی شہریوں کو بین الاقوامی ائیرپورٹس پر پیش آنے والے تلخ حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ممالک ائیرپورٹس پر ہمیں زیادتی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی اپنے فن کا لوہا منوالے والی اداکارہ صبا قمر اپنے بے لاگ تبصروں اور ہر موضوع پر کھل کر اظہار خیال کرنے سے کبھی نہیں گھبراتیں اوراپنی اسی عادت کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں ۔ صبا قمر  نے حال ہی میں قصور میں ننھی زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل پر نہ صرف شدید الفاظ میں مذمت کی بلکہ حکومتی نااہلی اور بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو درپیش آنے والے مسائل پر بھی کھل کر بات کی۔

چند روز قبل ایک شو کے دوران صبا قمر نے زینب واقعے اور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اپنا دل کھول کر رکھدیا۔ ویڈیو میں صبا نے آنسوؤں سے لبریز آنکھوں کے ساتھ کہا کہ بین الاقوامی ائیرپورٹس پر مجھ سمیت ہر پاکستانی کو نہایت سخت چیکنگ سے گزرنا پڑتا ہے، اس کے علاوہ ائیرپورٹ پر موجود عملہ اور سیکیورٹی اسٹاف ہم لوگوں کو ایسی نظروں سے دیکھتے ہیں جیسے ہم نے کوئی گناہ کردیا ہواور ایسا صرف اس لیے ہوتا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں۔

صبا نے کہاکہ اپنی بالی ووڈ فلم کے دوران میں اور ہماری فلم کی ٹیم شوٹنگ کے لیے تبلیسی گئے تاہم میرے ساتھ موجود تمام بھارتی افراد کو جانے کی اجازت دے دی گئی لیکن مجھے روک لیاگیا کیونکہ میرا پاسپورٹ پاکستانی تھا اور میرا تعلق پاکستان سے تھا انہوں نے مجھ سے تفتیش کی اور میرا مکمل انٹرویو کرنے کے بعد مجھے جانے کی اجازت دی اس وقت مجھے احساس ہوا کہ آخر ہم لوگ کہاں کھڑے ہیں۔

 اسی ویڈیو میں صبا نے زینب قتل کیس پراور پاکستانیوں کو بیرون ممالک درپیش آنے والے مسائل پر حکومت اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر یہ سب کیوں ختم نہیں ہورہا، آج قانون ہمارا ساتھ نہیں دے رہا توکل کو ہم اپنے لیے خود ایکشن لیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).