نواز شریف اور دیگر افراد کی جمہوریت پسندی کا تھرمامیٹر


ایک عزیز محترم نے برقی پیغام بھیجا ہے۔ لفظ بہ لفظ درج کرتا ہوں۔

“جس طرح آپ مجھے اعجاز حیدر کی طرح بنتا دیکھنا نہیں چاہتے، میں بھی آپ کو اسداللہ غالب، عطا الحق قاسمی، صالح ظافر یا مجیب الرحمن شامی یا جاوید چوہدری بنتا دیکھنا نہیں چاہتا۔
اگر آپ میرے استاد نہ ہوتے تو یہ لکھتا بھی نہ۔ لگتا ہے آپ جمہوریت سے وابستگی اور نواز شریف کی حمایت میں تمیز نہیں کر پا رہے۔ آپ کا مقام بہت بلند ہے۔ اس سے نیچے مت آئیں۔ ایسا بھی نہ لکھیں جس پر بین السطور یہ گمان ہو کہ آپ خوشامد کر رہے ہیں۔
قلم آپ کی باندی ہے۔ استعمال کیسے کرنا ہے یہ آپ کو بتانے کی ضرورت نہیں۔ جو لوگ آپ کو پڑھتے آئے ہیں ان کے لیے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ قلم کا جھکاؤ اب کہاں ہے۔
نواز شریف کتنے جمہوری ہیں یہ سب جانتے ہیں۔”

مخلصانہ رہنمائی پر برادر عزیز کا شکریہ واجب ہے۔ تعریف اور توصیف کے الفاظ کو دوست کی شفقت آمیز حوصلہ افزائی سمجھ کر نظر انداز کر دینا مناسب ہو گا۔ جن اصحاب کے اسمائے گرامی محترم بھائی نے نامناسب کی حتمی اکائی کے طور پر گنوائے ہیں، ان میں سے کم از کم دو حضرات کو میں اپنا استاد اور مکرم سمجھتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ علم، ہنر اور کردار میں ان کے نقش قدم پر چل سکوں۔ اگرچہ مجھے اندازہ ہے کہ یہ خواہش کرنا آسان ہے اور اسے عملی جامہ پہنانا بے حد مشکل۔ اس میں دو چار بہت سخت مقام آتے ہیں۔
عزیز دوست نے یہ تو بتا دیا کہ نواز شریف کی جمہور پسندی سے ہم سب واقف ہیں۔ گویا اس نکتے پر بحث امکان سے خارج ہوئی۔ تاہم ہمارے حالیہ تاریخ میں اس سے ملتے جلتے کچھ سوالات کا جواب ابھی باقی ہے۔ عزیز محترم ان سوالات کا مختصر جواب عنایت فرمائیں تو مزید رہنمائی مل سکے گی۔ متوقع مہربانی پر پہلے سے شکریہ قبول فرمائیں۔

1948۔۔۔ باچا خان اور خان عبدالقیوم خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1951۔۔۔ مرزا ابراہیم اور احمد سعید کرمانی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1953: گورنر جنرل غلا م محمد اور وزیراعظم خواجہ ناظم الدین میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1950: میاں افتخار الدین اور چوہدری خلیق الزماں میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1954: نورالامین اور فضل الحق میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1955: چوہدری محمد علی اور حسین شہید سہروردی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1956: سردار عبدالرب نشتر اور فضل الہٰی چوہدری میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1958: فیروز خان نون اور ایوب خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1958: ایوب خان اور اسکندر مرزا میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1959: قدرت اللہ شہاب اور مظہر علی خان سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1965: محترمہ فاطمہ جناح اور ذوالفقار علی بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1971: جنرل یحییٰ خان اور لیفٹنٹ جنرل صاحبزادہ یعقوب علی خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1971: شیخ مجیب الرحمن اور ذوالفقار علی بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1973: عبدالولی خان اور ذوالفقار علی بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1974: میر غوث بخش بزنجو اور سردار اکبر بگتی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1975: ملک محمد قاسم اور میاں طفیل محمد میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1976: شیخ رشید اور مصطفیٰ کھر میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1977: اصغر خان اور ذوالفقار علی بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1978: جنرل ضیالحق اور بیگم نصرت بھٹو مین سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1980: حفیظ جالندھری اور فیض احمد فیض میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1980: نذیر عباسی اور بریگیڈئر امتیاز بلا میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1982: جام ساقی اور بے نظیر بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1983: حبیب جالب اور پریشان خٹک میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1985: عاصمہ جہانگیر اور ڈاکٹر اسرار احمد میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1987: محمد خان جونیجو اور حاجی سیف اللہ میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1988: ایئر مارشل ذوالفقار علی خان اور جنرل حمید گل میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1989: جنرل ٹکا خان اور جنرل اسلم بیگ میں میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1990: غلام حیدر وائیں اور شہباز شریف میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1991:جام صادق علی اور شہلا رضا میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1993: نواز شریف اور بے نظیر بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1996: فاروق لغاری اور بے نظیر بھٹو میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

1999: پرویز رشید اور بابر اعوان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2001: جاوید ہاشمی اور چوہدری نثار علی خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2002: طاہر القادری اور عمران خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2002: طارق عزیز اور چوہدری اختر رسول میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2002: شاہ محمود قریشی اور فیصل صالح حیات میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2000: جسٹس سعید الزمان اور جسٹس افتخار محمد چوہدری میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2006: جنرل پرویز مشرف اور جنرل اشفاق پرویز کیانی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2007: جسٹس بھگوان داس اور جسٹس عبدالحمید ڈوگر میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2008: امین فہیم اور یوسف رضا گیلانی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2009: عرفان صدیقی اور نجم سیٹھی میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2010: رضا ربانی اور فاروق ستار میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2011: الطاف حسین اور ذوالفقار مرزا میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2012: طاہر القادری اور نواز شریف میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

2014: آصف علی زرداری اور عمران خان میں سے کون زیادہ جمہوری تھا؟

عزیز پڑھنے والوں سے گزارش ہے کہ درویش نے سوالات کا یہ سلسلہ 27 اگست 2014ء پر روک دیا ہے جب جاوید ہاشمی نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ تاریخ کا سفر اس کے بعد بھی جاری رہا۔ تاہم مخلص دوستوں نے اس کے بعد مجھ درویش پر ضمیر فروشی اور جعلی جمہوریت کی حمایت کا الزام لگانا شروع کر دیا۔ گویا عاجز کی بے مایہ ذات اس بحث میں گھسیٹ لی گئی۔ ذاتیات کی بحث ہمیشہ لاحاصل ہوتی ہے۔ اس کی بجائے درج بالا سوالات کے جواب سے کسی نتیجے پر پہنچنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).