وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نامزدگی بشریٰ بی بی کے استخارے کا نتیجہ ہے


وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے استخارہ کے نتیجہ میں سردار عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا انکشاف ہوا ہے۔ لاہور کے ایک روزنامہ اخبار کے مطابق سردار عثمان بزدار کو بشریٰ بی بی کے استخارہ نے وزیراعلیٰ پنجاب بنوایا، ان کی نامزدگی میں جہانگیر ترین کا کوئی ہاتھ نہیں۔ عمران خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو استخارہ کیلئے کہا تھا۔ امیدوار کی نامزدگی میں تاخیر استخارہ کی وجہ سے ہی ہوتی رہی۔ پاکستان کے سیاسی حلقے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے رہے کہ جہانگیر ترین نے عمران خان پر دبائو ڈال کر سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنوایا اور وہ ڈمی وزیراعلیٰ ہوں گے، اصل پاور جہانگیر ترین گروپ کے پاس ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین سے منسوب خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ بشریٰ بی بی نے جب عمران خان کو بتایا کہ استخارہ میں بار بار نام عثمان بزدار کا آ رہا ہے تو عمران خان نے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا کہ وہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانے کا اعلان کرنے والے ہیں جس پر دونوں شخصیات کو حیرانی بھی ہوئی۔ جہانگیر ترین نے کھلے دل سے اس فیصلہ پر رضامندی اور شاہ محمود قریشی نے کچھ تخفظات کا اظہار کیا جبکہ عمران خان نے اپنے فیصلے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق ایک میڈیا ٹائیکون نے میاں اسلم اقبال کے حق میں مہم چلا رکھی تھی کہ ان کو وزیراعلیٰ بنوایا جائے۔ جب عثمان بزدار کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا تو ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت اسی میڈیا گروپ نے ان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم شروع کرا دی۔ اس مہم میں علیم خان کا بھی نام لیا جارہا تھا۔ جب یہ باتیں عمران خان تک پہنچیں تو انہوں نے علیم خان کو بھی پیغام بھجوایا کہ وہ عثمان بزدار کے خلاف جاری کسی بھی مہم کا حصہ بننے سے باز رہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں عثمان بزدار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی پراپیگنڈہ سے متاثر نہیں ہوں گے اور وہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز کے اندر اپنے کاروباری معاملات کی وجہ سے جہانگیر ترین تقریباً چار پانچ ماہ کیلئے لندن چلے جائیں گے۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).