مسکراتی سطریں


اس خاتون کا نام تو کچھ اور تھا، وہ پیار سے اسے ’تبدیلی‘ کہتا تھا۔ میں نے پوچھا کہ وہ کب آرہی ہے تو شرما کرکہنے لگا، تبدیلی آنہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے!


ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق ٹویٹ کے جواب میں مولانا نے اپنا بیان جاری کر دیا ہے۔ دوسری طرف امریکی وزارت خارجہ نے ٹرمپ کی ’پین‘ کو تنازعے میں گھسیٹنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ٹرمپ کی ’پین‘ نےبھی اس امر پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ دور دراز کے ایک ملک میں ایک شخص انہیں دیکھے اور ملے بغیر کس طرح ان کی ’سِری‘ پر ایک سیر حاصل تبصرہ کر سکتا ہے۔


پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے حوالے سے اپنی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ پالیسی کے مطابق کھلاڑی کو پکڑے جانے کی صورت میں پانچ سال تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سزا کہ دورانیے میں وہ اپنے آپ کو فِٹ رکھیں تاکہ بعد ازاں انہیں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا جا سکے۔ پالیسی کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے ایک اجتماع میں کیا گیا۔ اس موقعہ پر محمد عامر کو ایک یادگاری شیلڈ بھی عطا کی گئی۔


وکلاء رہنماؤں نے اپنی برادری پر لگنے والے قانون شکنی اور وکلاءگردی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ کسی نے ایسا جھوٹا اور بے بنیادالزام لگانے کی جرأت کی تو اس کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔ اس موقعہ پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وکلا ءکو لائسنس کے حصول کے لیے آئندہ سے کراٹے کا ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہو گا اور ججوں کے سامنے پیش ہوتے ہوئےکالے کوٹ کے ساتھ ساتھ ’بلیک بیلٹ‘ بھی پہننا ہو گی، خاص طور پر ضمانت کے کیسوں کی پیروی کے دوران!


پی آئی اے کا گمشدہ بوئنگ طیارہ جرمنی کے عجائب گھر سے برآمد ہونے پر پی آئی اے نے طیاروں کی حفاظت کے لئے دوررس، دیرپا اور غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کی رُو سے ہر طیارے پر ایک ایک چوکیدار مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹئیرنگ لاک اور چور سوئچ بھی لگایا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر رات کو طیاروں کو کھمبوں سے باندھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔


افغان حکومت نے سرحد پر باڑ لگانے کے پاکستانی فیصلے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر پاکستانی حکومت نے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی تو وہ پوری باڑ پر گیلے کپڑے سوکھنے کے لئے ڈال دیں گے۔


وزارتِ بجلی کے اس بیان کے کامیابی سے اجراء کے بعد کہ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے سوائے ان علاقوں کے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے، ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ نے بھی ایک بیان کو جاری کرنے پر غور شروع کر دیا ہے کہ ملک بھر سے مہنگائی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے سوائے ان علاقوں کے جہاں اشیاءفروخت ہوتی ہیں!


اعلٰی عدلیہ کے ایک سینیئرجج نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر کے تمام محکموں کی اصلاح کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور اس سے فراغت ملنے پر عدلیہ کی طرف بھی توجہ دینے پر غور کیا جائے گا۔ فاضل جج نے دیگر محکموں میں رائج پیسے کے چلن اور لوگوں کو ریلیف دینے میں غیر ضروری تاخیر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔


وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس خبر کو سرا سر بے بنیاد قرار دیا ہے کے کلبھوشن یادیو کی بیوی کی جوتی اسلام آباد میں مندر کے باھر سے اس وقت چوری ہوئی جب وہ مندر میں پرارتھنا کے لئے گئی ہوئی تھیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ہمارے جوتی چور خدا کے فضل سے کلمہ گو ہوتے ہیں اور جوتی صرف مسجد جیسے متبرک مقام سےہی چوری کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کلبھوشن یادیو کی بیوی کی جوتی نہ صرف چلتے ہوئے چوں چوں کرتی تھی بلکہ ان کے کپڑوں سےبھی بالکل میچ نہیں کر رہی تھی، جس کے سبب پاکستانی حکومت نے جذبۂ خیر سگالی کے طور پر انہیں باٹا کی دکان میں لگی سیل سے نیا جوڑا دلا دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).