پلاسٹک کی بوتلوں پر لکھے کوڈز کا راز؛ یہ ہماری صحت کے لیے اہم ہے


پلاسٹک سے بنی بوتلیں ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی۔ہم ان بوتلوں میں موجود اشیا استعمال کرتے اور پھر ان کو ضائع کر دیتے ہیں۔

اکثر اوقات بہت سے پلاسٹک بوتلیں گھریلو استعمال میں بھی آ جاتی ہیں۔یہ بوتلیں برتتے ہوئے بعض مرد وخواتین نے غور کیا ہو گا کہ ہر بوتل کے پیندے پر کچھ تکونیں بنی ہوتی ہیں جن میں کچھ نمبر درج ہوتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ پلاسٹک کی بوتلوں پر یہ نمبر کیوں لکھے جاتے ہیں؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

اگر پلاسٹک کی بوتل کے نیچے بنی تکون میں نمبر 1 درج ہو تو اس کا مطلب ہے کہ یہ بوتل پولی تھین ٹیریپھتلیٹ (polythene terephthalate) مادے سے بنی ہے۔اس مادے کو مخفف کے طور پر PET یا PETE بھی کہا جاتا ہے۔ اس مادے کے پلاسٹک سے بنی بوتلوں میں عام طور پر پانی اور سافٹ ڈرنکس محفوظ کی جاتی ہیں۔ان بوتلوں کو صرف ایک مرتبہ ہی استعمال کے لیے بنایا جاتا ہے۔ اسی لیے بوتل میں بند پانی یا مشروب استعمال کرنے کے بعد ان بوتلوں کو ضائع کر دینا چاہیے۔یہ اور بات ہے کہ پاکستان میں عموماً لوگ انہی بوتلوں میں پانی بھر کر فریج میں رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ ا ن بوتلوں کو تادیر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

اگر کسی پلاسٹک کی بوتل کے نیچے بنی تکون میں نمبر 2 درج ہو تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ہے کہ اسے ڈیٹرجنٹ اور شیمپو جیسی اشیا کو محفوظ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔اگر بوتل کے نیچے بنی تکون میں نمبر 3 درج ہو تو خبردار ہو جائیں کیونکہ اس پلاسٹک کو پولی ونائل کلورائیڈ سے بنایا گیا ہے۔ اس قسم کے پلاسٹک کو صرف چند ایک اشیا کو محفوظ کرنے کی خاطر ہی بنایا جاتا ہے جیسے مونگ پھلی سے بنے مکھن وغیرہ ۔

اگر کسی پلاسٹک سے بنی اشیا کے نیچے نمبر 4 درج ہو تو بے فکر ہو جائیں کیونکہ اسے آپ دوبارہ اپنے استعمال میں لا سکتے ہیں۔ اس قسم کے پلاسٹک سے شاپنگ بیگز بنائے جاتے ہیں۔سب سے محفوظ پلاسٹک وہ ہوتا ہے جس پر بنی تکون کے اندر نمبر5 درج ہو۔ اس قسم کے پلاسٹک سے آئس کریم کپ، ڈرنکنگ سٹراز، سیرپ کی بوتلیں اور ادویات محفوظ رکھنے والی اشیا بنائی جاتی ہیں۔

اگر پلاسٹک کی بنی کسی اشیا کے نیچے آپ کو نمبر 6 اور 7 لکھا نظر آئے تو جان لیں یہ خطرے کا نشان ہے۔ اس قسم کے پلاسٹک کو پولی سٹائرین اور پولی کاربونیٹ بسفنول اے سے بنایا جاتا ہے۔ اس قسم کا پلاسٹک انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس پلاسٹک کا لگاتار استعمال آپ کو کینسر جیسے موذی مرض اور دل کے عارضے میں بھی مبتلا کر سکتا ہے۔

ہمارے ہاں اس قسم کے پلاسٹک سے چمچ، بوتلیں اور دیگر اشیا بنائی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ پلاسٹک سے بنی اشیا میں آپ نے چمچ اور گلاس کا نشان بنا بھی دیکھا ہوگا۔ اس نشان کا مطلب ہے کہ یہ پلاسٹک کھانے پینے کی اشیا کے سلسلے میں محفوظ ہے۔

Facebook Comments HS