مردوں میں جنسی صحت کے مسائل کا سادہ ترین حل؛ تحقیق استنبول یونیورسٹی

مردوں میں جنسی صحت کے مسئلے کی بڑی وجہ دوران خون کی خرابی ہوتی ہے اور یہ مسئلہ بسااوقات مہنگے علاج سے بھی رفع نہیں ہوتا، تاہم اب ترک سائنسدانوں نے ہر گھر میں پائی جانے والی ایک عام سی گولی کے ذریعے اس کا انتہائی آسان علاج بتا دیا ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ گولی ”اسپرین“ ہے، جس کے متعلق استنبول کی میڈی پول یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر مردانہ جنسی مسائل سے دوچار افراد اسپرین کی روزانہ ایک گولی مسلسل 6 ہفتے تک کھائیں تو انہیں اس مسئلے سے نجات مل جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 184 ایسے مردوں پر تجربات کیے جن کی عمراوسطاً 48 سال تھی اور وہ اس مسئلے کا شکار تھے۔ انہیں دو گروپوں میں تقسیم کرکے سائنسدانوں نے ایک گروپ کو 6 ہفتے تک روزانہ اسپرین کی ایک گولی کھلائی جبکہ دوسرے گروپ کو پلیسیبو گولی دی جاتی رہی (پلیسیبو گولی سائنسی تجربات میں دوا کے نفسیاتی اثرات کو برابر کرنے کے لیے دی جاتی ہے۔ یہ اصل میں اپنے اندر کوئی طبی تاثیر نہیں رکھتی۔ اس سے دوسرے گروپ کے لوگوں کو بھی یہ احساس رہتا ہے کہ وہ بھی گولی کھا رہے ہیں لیکن گولی کا کوئی منفی یا مثبت اثر نہیں ہوتا۔)
چھ ہفتے بعد ماہرین نے دوبارہ ان کے مرض کے ٹیسٹ کیے تو حیران کن نتائج سامنے آئے۔ پلیسیبو گولی کھانے والوں کو کوئی فرق نہیں پڑا تھا جبکہ جو لوگ روزانہ اسپرین کی گولی کھا رہے تھے ان کا 50سے 88.3فیصد تک مرض ختم ہو گیا تھا۔
جنسی تقویت کی گولی ’ویاگرا‘ کھانے سے یہ شرح 48سے 81فیصد ہوتی ہے۔ چنانچہ اس تحقیق میں اسپرین کے نتائج ویاگرا سے بھی بہترسامنے آئے۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر زیکی بیراکتر کا کہنا تھا کہ ”بعض لوگوں کے خون میں موجود پلیٹ لیٹس بہت بڑے ہوتے ہیں جو دوران خون میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ اسپرین کی گولی ان سمیت دوران خون میں رکاوٹ کی دیگر وجوہات کو دور کر دیتی ہے جس کے نتیجے میں مردوں کا یہ جنسی مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔“

