ویلنٹائن ڈے پر شادی کرنا کیوں نقصان دہ ہے؟ دوبارہ سوچ لیجیے؛ تفصیلی رپورٹ

ویلنٹائنز ڈے کی آمد آمد ہے۔ اس دن کو پیار کے اظہار کا دن کہا جاتا ہے لیکن کچھ جوڑے ایسے بھی ہوتے ہیں جو اس روز شادی کرلیتے ہیں۔ ایسے جوڑوں کے لیے سائنسدانوں نے انتہائی سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف میلبرن کے سائنسدانوں نے جدید تحقیق کے بعد نوجوان جوڑوں کو ہدایت کی ہے کہ کبھی بھی ویلنٹائنز ڈے پر شادی مت کریں کیونکہ اس روز ہونے والی شادی کے بہت جلد خاتمے سے دوچار ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔
سائنسدانوں نے اس تحقیق کے لیے 11 لاکھ شادیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیاجن میں 6 فیصد ویلنٹائنز ڈے پر ہوئی تھیں۔ انہوں نے دونوں طرح کی شادیوں اور میاں بیوی کے تعلقات کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے جن میں معلوم ہوا کہ باقی سال میں ہونے والی شادیوں کی نسبت ویلنٹائنز ڈے پر ہونے والی شادیوں میں طلاق کی شرح 37 فیصدزیادہ تھی۔ 14 فروری کو ہونے والی شادیوں کے تین سال مکمل کرنے کی شرح بھی حیران کن طور پر 45 فیصد کم تھی۔ سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”ویلنٹائنز ڈے پر شادی کرنے والوں کی ایک سال کے اندر طلاق ہوجانے کا امکان سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ “

