20 سال تک روزانہ کولڈ ڈرنک کے 30 کین پینے والی خاتون
ایک برطانوی خاتون 20سال تک روزانہ کولا مشروب کے 30 کین پیتی رہی جس سے اس کی حالت کچھ ایسی ہو گئی کہ سن کر ہر کوئی دنگ رہ گیا۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق 51سالہ ڈونا گنر نامی یہ خاتون ہفتے میں 70لیٹر سے زائد کولا مشروب پیتی تھی جس سے ایک باتھ ٹب بھر سکتا ہے۔ شروع سے اب تک وہ 50ہزار پاؤنڈ (تقریباً 76لاکھ 60ہزار روپے) کی کولا مشروب پی چکی ہے اور اس کا اس کی صحت پر یہ منفی اثر پڑا کہ وہ انتہائی فربہ ہو گئی اور اس کی حالت کسی نشئی جیسی ہو گئی۔
برطانوی قصبے وولاونگٹن کی ڈوناگنر کا کہنا تھا کہ ’’اتنی زیادہ کولا مشروب پینے سے میری حالت یہ ہو گئی تھی کہ مجھے چلتے ہوئے ہچکولے آتے تھے۔ مسلسل سردرد رہتا تھا اور ہمہ وقت کولا مشروب کی طلب ستاتی رہتی تھی، جیسے کسی نشے کے عادی شخص کو اس نشے کی طلب ہوتی ہے۔اتنی زیادہ مصنوعی شوگر لینے کی وجہ سے میرا وزن بھی 100کلوگرام سے زائد ہو گیا تھا اور کام کاج میں بھی شدید دشواری ہوتی تھی۔پھر ایک روز میں نے اس سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا اور باقاعدگی سے ورزش کرنے لگی۔ کچھ عرصہ تک مجھے اس کی شدید طلب ہوتی رہی لیکن آخر میں اسے چھوڑنے میں کامیاب ہو گئی۔ آج جب میں اپنی اس عادت کے متعلق سوچتی ہوں تو سوچ کر ہی خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔‘‘


