ویاگرا جب پودوں کو دی گئی
جب سائنسدانوں نے معروف دوا ویاگرا تجربے کے طور پہ پانی میں ملا کر پودوں کو دی تو انہیں خوشگوار حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح طور پہ ان پودوں کے پھول دیر تک کھلے رہنے کی تبدیلی نوٹ کی گئی۔
ویب سائٹ ncbi.nlm.nih.gov کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی شہر رمت گن کی بارآئیلن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے پھولدار پودوں کو جب ویاگرا کھلائی تو اس سے ان کے پھولوں کی عمر میں اضافہ ہو گیا اور وہ اپنی طبعی عمر کے ایک ہفتہ بعد تک پودوں پر موجود رہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر یعقوب لیشیم کا کہنا تھا کہ ”اس تجربے میں ہم نے دیکھا کہ ویاگرا کے اجزاء پودوں کے اندر سرایت کر گئے اور ان کا پھولوں کی عمر پر حیران کن اثر مرتب ہوا۔ اس تجربے سے اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ ویاگرا پودوں پر بھی وہی اثرات مرتب کرتی ہے جو انسانی صحت پر ہوتے ہیں۔ جن پودوں کو ہم نے ویاگرا دی تھی ان سے حاصل کیے گئے پھول گلدان میں معمول سے ایک ہفتہ زیادہ تروتازہ اور پوری طرح کھلے رہے۔“
واضح رہے کہ اس تجربے میں ایک گولی کا صرف دو فیصد حصہ استعمال کیا گیا تھا۔ نیز اس کی ٹھوس سائنسی وجہ ویاگرہ میں نائٹرک اوکسائیڈ کا موجود ہونا ہے جو پودوں کی نشوونما کے لیے اہم ترین جز سمجھا جاتا ہے۔
اس تحقیق کی خبر سب سے پہلے برطانوی اخبار گارجین میں آئی تھی۔


