یو ٹیوب کی حیران کن ٹپس جو ہم پہلے نہیں جانتے تھے


— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ہے جس پر روزانہ کروڑوں افراد ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

مگر عام لوگوں کو اس کے اندر چھپی چند اہم ٹرکس کا علم ہی نہیں ہوپاتا جو اس سائٹ کو استعمال کرنے کا تجربہ زبردست بنا دیتی ہیں۔

درج ذیل میں ان ٹرکس کا ذکر کیا جارہا ہے جن سے بیشتر افراد لاعلم ہیں۔

مخصوص وقت پر ویڈیو کا اسٹارٹ

اگر آپ اپنے کسی دوست کو ویڈیو بھیجتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ کسی مخصوص وقت سے شروع ہو، تو ویڈیو ٹائٹل کے نیچے موجود شیئر بٹن پر کلک کریں، ایک ٹیب سامنے آئے گا تو وہاں نیچے اسٹارٹ ایٹ کے باکس پر چیک لگادیں اور اس کے بعد اپنی پسند کے وقت کا انتخاب کریں، جس کے بعد دائیں جانب نیچے کاپی پر کلک کریں اور پھر اس لنک کو اپنے دوست کو ارسال کردیں، ویڈیو وہاں سے ہی شروع ہوگی، جس کا وقت آپ نے طے کیا ہوگا۔

فری میوزک لائبریری

اگر آپ کوئی ویڈیو کسی میوزک سے سجانا چاہتے ہیں اور کاپی رائٹس کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے تو اس لنک پر جاکر آپ یوٹیوب کی فری میوزک لائبریری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یوٹیوب ویڈیوز کو ڈاﺅن لوڈ کریں

اگر تو آپ کو کوئی ویڈیو بہت زیادہ پسند آتی ہے اور آپ اسے اپنے کمپیوٹر میں محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو کیسے کریں گے؟ گوگل سرچ پر وقت ضائع کرنے کی بجائے اس ٹرک کو آزما کر دیکھیں۔ آپ کو بس ویڈیو کے لنک میں ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ یوٹیوب کے درمیان 2 ایس کا اضافہ کرنا ہے، بالکل اس طرح www. ssyoutube اور انٹر کردیں اس طرح آپ کے سامنے ڈاﺅن لوڈ کے لیے نئی سائٹ آجائے گی۔

واچ ہسٹری کو صاف کرنا

پیج کے ہسٹری سیکشن میں جائیں جو مین پیج کے بائیں جانب ہوگا (ڈیسک ٹاپ پر)، اس میں جاکر کلیئر واچ ہسٹری سے سب کچھ صاف کیا جاسکتا ہے، اسی طرح پوز واچ ہسٹری سے مستقبل میں کوئی ہسٹری ریکارڈ نہیں ہوگی، یا ایک ایک کرکے بھی ویڈیو کو ہسٹری سے ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔

یوٹیوب کو ٹی وی کی طرح استعمال کریں

اگر تو آپ کا کمپیوٹر ماﺅس خراب ہوجاتا ہے یا آپ پرسکون ہوکر فل اسکرین بالکل ٹی وی کی طرح ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں تو اس لنک youtube.com/leanback, پر چلے جائیں، جہاں آپ کی بورڈ سے نیوی گیشن کرسکتے ہیں۔ آگے پیچھے اوپر نیچے کے ایروز، ہوم، اینڈ، اسپیس بار اور ٹی کی مدد سے آپ اسے بالکل ماﺅس کی طرح چلاسکیں گے۔

موبائل میں بیک گراؤنڈ میں گانے چلانا

یوٹیوب ایپ میں ایک بہت بڑی خامی یہ ہے کہ اس میں کوئی ویڈیو صرف اس وقت تک چلتی ہے جب تک اپلیکشن اوپن رہتی ہے اور جیسے ہی آپ اس سے باہر نکلتے ہیں وہ کام بند کردیتی ہے۔اس کا حل انتہائی آسان ہے۔ اینڈرائیڈ فون میں کروم براﺅزر کو اوپن کریں اور یوٹیوب ڈاٹ کام کھول لیں۔ اب اوپر دائیں جانب موجود تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے Request desktop site آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد اپنی پسند کا گانا منتخب کریں اور اس دوران یوٹیوب ڈسپلے نوٹیفکیشنز کے پوپ اپ کو یس کردیں۔ جب گانا چلنے لگے تو کروم ایپ سے پاور بٹن دبا کر باہر نکل جائیں اور دیگر ایپس استعمال کرنے لگیں، پہلے تو گانا رک جائے گا مگر آپ اسے فون کے نوٹیفکیشن مینیو میں جاکر کنٹرول کرسکتے ہیں۔

سلوموشن میں چلائیں

کسی ویڈیو میں کوئی خاص فریم بہت تیزی سے گزرتے نہیں دیکھنا چاہتے؟ تو کی بورڈ پر اسپیس بٹن کو دبا کر رکھیں، اس سے ویڈیو سلوموشن میں چلنے لگے گی، جس کی وجہ ویڈیو کا بار بار پوز اور آن ہونا ہوگا۔

نئے ڈیزائن کو آزما کر دیکھیں

اس لنک youtube.com/testtube پر جائیں اور اسکرول کرکے نیچے جائیں اور ‘ گیٹ دی پلیئر’ پر کلک کریں، اس نئے پلیئر میں پرانے ڈیزائن کے مقابلے میں ٹرانسپیرنٹ کنٹرول بار اور اسکیلز کے آپشن ہر سائز کی اسکرین کے موجود ہیں۔

اپنے ٹی وی پر ویڈیو چلائیں

اگر آپ کے پاس اسمارٹ ٹی وی ہے تو آپ اپنی موبائل ڈیوائس سے بھی وائی فائی کی مدد سے ٹی وی پر یوٹیوب ویڈیوز چلاسکتے ہیں۔ اپنے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ اوپن کریں اور پھر youtube.com/pairجائیں۔ اب اپنے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ میں سیٹنگز میں جاکر پیئر ڈیوائسز کو سلیکٹ کریں اور پھر کوڈ کو youtube.com/pair پر انٹر کردیں۔ ایک بار جب آپ کی ڈیوائس پیئر ہوجائے گی تو آپ موبائل ڈیوائس سے یوٹیوب ویڈیوز اپنے ٹی وی پر چلاسکیں گے۔

بچوں کے لیے یوٹیوب فلٹر

یوٹیوب کی بچوں کے لیے کڈز ایپ موجود ہے جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مفت ہے اور یہاں بچوں کے لیے ہی ویڈیوز دستیاب ہوتی ہیں، اس ایپ کے رنگا رنگ بٹن اور وائس سرچ کی بدولت ننھے فرشتوں کے لیے ویڈیوز تلاش کرنا آسان ہوتا ہے اگر وہ ٹائپ نہیں کرسکتے، اس کے لیے آپ ٹائمرز سیٹ کرکے ان کے دیکھنے کا وقت بھی مقرر کرسکتے ہیں۔

ویڈیو بفرنگ سے نجات کیسے ممکن؟

اگر آپ کے پاس ہمیشہ ویڈیوز کو لوڈ ہونے میں کافی وقت لگتا ہے تو اپنے اکاﺅنٹ پر ڈیفالٹ اسٹریمنگ کوالٹی کو تبدیل کردیں۔ اس کے لیے youtube.com/account_playback پر جائیں اور یہ آپشن منتخب کریں I have a slow connection. Never play higher-quality video۔

کسی بھی ویڈیو کو ایم پی تھری میں بدل دیں

اگر آپ کسی یوٹیوب ویڈیو اور ساﺅنڈ کلاﺅڈ ٹریکس کو ایم پی تھری میں بدلنا چاہتے ہیں تو Peggo نامی ویب سائٹ پر جائیں۔

ویب سرفنگ کے دوران بھی ویڈیوز دیکھیں

فلوٹنگ یوٹیوب ایک کروم ایکسٹیشن ہے جو یوٹیوب کے منی پلیئر کو تمام ویب ونڈوز میں چلا کر رکھتی ہے۔

ویڈیوز کی رفتار پر کنٹرول

ویڈیو پر موجود گیئر آئیکون ، پھر اسپیڈ پر کلک کرکے .5 یا .25 پر کرکے ویڈیو کو سلوموشن میں چلایا جاسکتا ہے، یہ کسی چیز کے بارے میں سیکھانے والی ویڈیو کے لیے انتہائی مددگار فیچر ہے۔

ویڈیو کی موسیقی کی شناخت

MooMa.sh نامی سائٹ یوٹیوب، ڈیلی موشن اور ویمو کی کسی بھی ویڈیو کی موسیقی کی شناخت کرنے میں مدد دے سکتی ہے، بس ویڈیو کا لنک اس سائٹ پر کاپی پیسٹ کریں اور پھر اسے کام کرنے دیں۔

کی بورڈ شارٹ کٹس

کے : روکنے یا پلے کے لیے

جے: دس سیکنڈ ریوائنڈ کے لیے

ایل: دس سیکنڈ فارورڈ کے لیے لیے

ایم: میوٹ کرنے کے لیے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).