سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن رپورٹ، وارننگ لسٹ میں شامل


Photo by CWI Media/Kerrie Eversley

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین آف اسپنر سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کو میچ آفیشلز نے قواعد وضوابط کے برخلاف قرار دے دیا ہے۔

سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ امپائرز نے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران دی ہے ۔یہ میچ بدھ کی رات شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔

سنیل نارائن کو فی الحال وارننگ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کھیل سکتے ہیں اور بولنگ کرسکتے ہیں لیکن اگر وارننگ لسٹ میں رہتے ہوئے ان کا بولنگ ایکشن دوبارہ قواعد وضوابط کے برخلاف قرار پایا تو انھیں پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں بولنگ کرنے سے روک دیا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کا اب صرف ایک میچ پشاور زلمی کے خلاف باقی ہے۔

سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن سے متعلق امپائرز کی رپورٹ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کو بھیجی جائے گی اور انھیں مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے قواعد وضوابط کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ سنیل نارائن ماضی میں بھی مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آچکے ہیں۔

2014 کی چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔

2015 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا جس پر انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا ۔ یہ معطلی اپریل دو ہزار سولہ میں ختم ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp