نواز شریف، مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد


پاکستان

اسلام آباد میں احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کے حوالے سے دی جانے والی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے پہلے ہی ریفرنس میں نامزد ملزمان کا نام ای س ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ سے رجوع کر رکھا ہے۔

جمعرات کو سماعت میں شرکت کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی احتساب عدالت میں موجود تھے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے نیب کے تینوں ریفرنسز میں حاضری سے متعلق استثنیٰ کی درخواستیں دی ہوئی تھیں۔

نانہ نگار عابد حسین کے مطابق استثنیٰ درخواستوں کے ہمراہ نواز شریف کی علیل اہلیہ کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جو کہ اس وقت لندن میں زیر علاج ہیں۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ رپورٹ کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی مکمل ہو چکی لیکن ریڈیو تھراپی ہونا باقی ہے اور نواز شریف اور مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت دی جائے۔ سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز جو لندن میں زیرِ علاج ہیں ان کی حالت بہتر ہونے کے بجائے بگڑتی چلی جا رہی ہے اور شریف خاندان ان کی طبیعت کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہے۔

بیگم کلثوم نواز کو دو دن قبل ہی ہسپتال سے پارک لین میں ان کے گھر منتقل کیا گیا تھا جہاں اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر ان کی حالت بگڑ گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو کینسر کا مرض لاحق ہے اور وہ تقریباً ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج ہیں۔ سماعت میں نیب پراسیکیوٹر افضال قریشی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں کہیں درج نہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کی موجودگی ضروری ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دونوں صاحبزادے لندن میں موجود ہیں اور اگر انھیں اور مریم نواز کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے تو اس سےعدالتی کارروائی متاثر ہو گی۔ دلائل کی تکمیل کے بعد عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنی مسترد کرتے ہوئے درخواستیں خارج کر دیں۔

یاد رہے کہ سات مارچ کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت ریفرنسز کو مکمل کرنے کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کر دی تھی جس کی مدت 13 مارچ کو ختم ہو رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp