کیا امریکہ جانا بھی اب ایک خواب بن جائے گا


اہل ِ دانش سمیت عام لوگوں کا بھی ایک پختہ تاثر یہی ہے کہ 2016 ء میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد سے دینا کے دوسرے ممالک کے ساتھ امریکہ کی خارجہ پالیسی سے لے کر امیگریشن سمیت دیگر اندرونی پالیسیوں میں کافی تبدیلیاں آ چکی ہیں۔ اور چند مسلم ممالک پر ویزوں کی عارضی پابندیوں کے ساتھ ساتھ مزید نئے اور سخت قوانین روبہء عمل لائے جا چکے ہیں۔ اور کچھ ابھی پائپ لائن میں ہیں، جن کا سامنا آنے والے آیندہ سالوں میں کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کی ایک واضح مثال امریکی امیگریشن قوانین ہیں، جن میں سے اکثر تو پہلے ہی سے موجود تھے، تاہم پہلے ان پر اتنی سختی سے عملدرآمد نہیں ہوتا تھا، اب مزید سرعت کے ساتھ ان کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال سے پوری دنیا کے لیے نافذ ویزہ پالیسیوں میں مزید سختی اور چند نئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں جن کی وجہ سے سال 2017 ہ پوری دنیا میں قائم امریکی سفارت خانوں اور قونصیلیٹس میں ویزوں کے اجراء میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے سال 2017 ء میں دنیا بھر میں قائم اپنے قونصیلیٹ اور سفارت خانوں کی جانب سے مختلف کیٹیگریز میں ایشو کیے جانے والے امیگرانٹ اور نان امیگرانٹ ویزوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ جن کے مطابق گزشتہ سال 2017 ء میں چھیانوے لاکھ اکیاسی ہزار نو سو تیرہ (9681913) نان امیگرانٹ ویزے جاری ہوئے۔ جبکہ 2016ء کے مقابلے میں 2017 ء میں جاری کیے جانے والے ویزوں میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ 2016ء میں انہی کیٹیگریز میں ایک کروڑ اڑتیس لاکھ چار سو اکیانوے (10381491) ویزے جاری ہوئے تھے۔

اسی طرح امیگرانٹس ویزہ کیٹیگریز میں 2017 ء میں جاری ہونے والے ویزوں کی تعداد پانچ لاکھ انسٹھ پانچ سو چھتیس (559536) رہی، جبکہ 2016 ء میں ریکارڈ چھ لاکھ سترہ ہزار سات سو باون (617752) امیگرانٹس ویزے ایشو کیے گئے۔

امریکی ایمبیسی اسلام آباد سے سال 2017 ء میں پاکستانی شہریوں کو فیملی سپانسرشپ اور دیگر کیٹیگریز میں گیارہ ہزار نو سو پیجھتر (11975) امیگرانٹ ویزے دیے گئے۔
اسی طرح ہر سال پڑھائی اور ریسرچ کے لیے لاکھوں غیرملکی طلباء و طالبات اور ریسرچ سکالرز امریکہ پہنچتے ہیں اور پوری دنیا سے کلچرل ویلیوز کے ساتھ ساتھ کروڑوں ڈالر کی شکل میں زرِ مبادلہ میں امریکہ آتا ہے جس سے مقامی طور پر بزنس اور نئی ملازمتوں کے مواقع میسر آتے ہیں۔ تاہم گزشتہ سال میں 2016ء کی نسبت خاصی کم تعداد میں غیر ملکی طالب علموں کو ویزے جاری ہوئے۔

2017 ء میں سٹوڈنٹس کے لیے مختص ایف کیٹیگری میں کل چار لاکھ اکیس ہزار آٹھ (421008)ویزے جاری ہوئے، جبکہ تین لاکھ ترانوے ہزار پانچ سو تہتر (393573) سٹوڈنٹس امریکہ آئے، 2016ء میں ایسے امریکہ پہنچنے والے طالب علموں کی تعداد چار لاکھ اکہتر ہزار سات سو اٹھائیس (471728) تھی۔ جبکہ سال 2015ء کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال ریکارڈ چھ لاکھ چوالیس ہزار دو سو تینتیس (644233) سٹوڈنٹس امریکہ پڑھنے کے لئے آئے۔ تھے۔

پاکستان سے تعلیم کی غرض سے امریکہ آنے والے سٹوڈنٹس میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کوئی پانچ سال پہلے تک پاکستانی طلباء تعلیم کی غرض سے امریکہ آنے والے ٹاپ 20 فہرست ممالک میں میں آتے تھے۔ اور کئی سال تک ایسے سٹوڈنٹس کی تعداد پانچ ہزار سے لے کر آٹھ ہزار کے لگ بھگ ہوتی تھی، اب اس میں بتدریج نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ دوسرے ممالک خصوصاً انگلینڈ، کینڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چین، روس اور اس سے الگ ہونے والی آزاد ریاستیں اور یورپی ممالک کی یونیورسٹیوں اور کالجز کی کم فیسیں اور اٹریکشن کے علاوہ امریکی ویزہ پراسیس میں زیادہ سختی، نئے قوانین کے اجراء کے علاوہ اس کی اور بہت ساری وجوہات ہیں، جو ایک الگ مضمون کی متقاضی ہیں۔

2017 ء کے اعداد و شمار کے مطابق طلباء کے لیے مخصوص“F“ کیٹیگری میں پاکستانی سٹوڈنٹس کو (2162) ویزے جاری ہوئے جبکہ 2016ء میں جاری ہونے والے ایسے ویزوں کی تعداد (2598)تھی۔

اسی طرح ہر سال انٹرنیشنل فارن میڈیا سے منسلک ہزاروں غیر ملکی صحافی بھی اپنے اداروں کی جانب سے اپنی عارضی اور تادیر صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے کی غرض سے امریکہ آتے ہیں۔ جن کے لیے آئی (I) ویزہ کی کیٹیگری مخصوص ہے۔ صحافیوں کے لیے مخصوص اس کیٹیگری میں بھی قدرے کمی دیکھنے میں آئی۔ سال 2017 ء میں کل چودہ ہزا ایک سو چھبیس (14126) غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری ہوئے۔ جبکہ 2016 ء میں اسی مد میں جاری ہونے والے ویزوں کی تعداد چودہ ہزار پانچ سو چھتیس (14536) تھی۔ تاہم اس کیٹیگری کے علاوہ بھی بہت سے صحافی ریگولر ٹوریسٹ ویزوں پر بھی امریکہ آتے رہتے ہیں۔ پاکستان میں 2017ء میں 76 صحافیوں کو ”I“ ویزے جاری کیے گئے جبکہ 2016ء جاری ہونے والے ایسے ویزوں کی تعداد 113 تھی۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق 2017 ء میں نان امیگرانٹ کیٹیگریز میں پاکستانی شہریوں کو پاکستان سے جاری ہونے والے امریکی ویزوں میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ سال پاکستان میں کل انسٹھ ہزار آٹھ سو ترپن (59853) ویزے جاری ہوئے۔ جن میں پچیس ہزار تین سو تین (25303) اسلام آباد ایمبیسی سے جبکہ سولہ ہزار آٹھ سو چھبیس (16826) یو۔ ایس قونصیلیٹ کراچی سے جاری ہوئے۔ جبکہ 2016 ء میں پاکستانی باشندوں کو انہی مقامات سے کل اٹھہتر ہزار چھ سو سینتیس (78637) ویزوں کا اجراء ہوا تھا۔ اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو 2016ء کے مقابلے میں سال 2017 میں پاکستانی شہریوں کو اٹھارہ ہزار سات سو چوراسی (18784) کم ویزے جاریکیے گئے، جوکہ ایک بہت بڑی تعداد ہے،

پاکستانی شہریوں کی جانب سے 2017 ء میں B1/B2 ویزوں کے لیے دی گئی ویزہ درخواستوں کے ( ریجیکٹ) مسترد کیے جانے کی شرح کا اگر جائزہ لیا جائے تو اس میں بھی بتدریج اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مثال کے طور پر دستیاب ریکارڈ کے مطابق 2017 ء میں مسترد شدہ درخواستوں کی شرح ( 49.4)فیصد، 2016ء میں (46.43) فیصد، 2015ء میں (40.04) فیصد جبکہ 2014ء میں ویزا درخواست مسترد کیے جانے کی یہ شرح سب سے کم یعنی (38) فیصد تھی۔

اسلام آباد اور کراچی قونصیلیٹ سے پاکستانی شہریوں کو 2017 میں جاری کیے جانے والے کل (59853) ویزوں میں سے سب سے زیادہ ویزے B1، 2 کیٹیگریز میں جاری کیے گئے، جن کی تعداد (48537) ہے جبکہ دیگر ویزہ کیٹیگریز جیسے سفارت کاروں اور فارن گورنمنٹ آفیشلز و فیملیز کے لیے مختص ”A“ کیٹیگری میں (2077) B 1 کیٹیگری میں (90)، B 2 کیٹیگری کے لیے (772)، مجموعی طور پر B1/B2 کیٹیگریز کے لیے (48537)، سی کیٹیگری (29)، اسی طرح C۔ 1/D کی مد میں (459)، اور D کیٹیگری میں صرف دو ویزے جاری ہوئے۔
اسی طرح E کیٹیگری میں( 118) ویزوں کا اجراء ہوا، سٹوڈنٹس کیٹیگریز F میں مجموعی طور( 2162)، اور G کیٹیگری کی مد میں (713) ویزے جاری ہوئے۔

اسی طرح امریکہ میں ملازمت کی کیٹیگریز H کے لیے پاکستانی شہریوں کو (1028) ویزے دیے گئے۔ میڈیا کیٹیگری آئی (76)اور J کیٹیگریز کی مد میں (2735) ویزوں کا اجراء ہوا۔ اسی طرح K کیٹیگری میں (337)، اور L کیٹیگری کے (457) ویزے دیے گئے۔

دیگر کیٹیگریز جیسے M، کے (22)، O کی مد میں (49)، P کے ضمن میں (113)، R کے (25)، T کی مد میں تین، U کے ضمن میں (6) اور NAFTA کیٹیگریز کے (43) ویزے ایشو ہوئے۔ اس طرح پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پرسال 2017 ء میں امریکی ایمبیسی اسلام آباد اور یو ایس قونصیلیٹ کراچی سے کل (59853) ویزے دیے گئے۔ جبکہ 2016 ء جاری کیے گئے ویزوں کی تعداد (78637) تھی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).