میں ملالہ نہیں


آل پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا نے تیس مارچ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس دن کے لئے نعرہ تجویز کیا ہے، “میں ملالہ نہیں”۔ یوں تو مناسب تھا کہ کاشف مرزا ساحب کو فارسی ضرب المثل سنائی جاتی۔ گر ‌ہمیں ‌مکتب ‌است ‌و ‌ایں ‌ملا۔ ‌کار ‌طفلاں ‌تمام ‌خواہد ‌شد۔۔۔ تاہم ان کے عمیق سماجی شعور اور تبحر علمی سے توقع نہییں کہ وہ ایسا کلام نرم و نازک سمجھ پائیں۔ چنانچہ ان کی شان میں چند سطریں سرزد ہو گئی ہیں۔ مدعا محض یہ بتانا ہے کہ اگرچہ آپ ملالہ نہ ہونے کو باعث فخر سمجھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ ملالہ ہو بھی نہیں سکتے۔ آل پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کا کنواں آپ کے مناسب حال ہے۔ اسی کائی زدہ گڑھے میں قیام فرمائیں۔

کنویں کے مینڈک

جب تک چاہیں

بے موسم کے راگ الاپیں

آپ سنیں اور خود ٹرائیں

عقل کے اندھے

اپنی ٹر میں

اچھلیں کودیں

کھل کھل کھیلیں

بڑھ بڑھ بولیں

اوندھی ہانکیں

ملت کا پرچم لہرائیں

جہل مرکب پر جم جائیں

ہلہ بولیں

پون کی چکی سے ٹکرائیں

گڑھے کی جانب لپکے جائیں

دانا مصلح کو لٹھ ماریں

بینا ناصح پر غرائیں

قحط میں مصر پہ لعنت بھیجیں

بھوک کو غیرت سے ملوائیں

کنعاں کے بچوں کو گھرکیں

یوسف سا بننے سے ڈرائیں

مرزاصاحب، جب تک چاہیں

چاند پہ تھوکیں

روشن دن کو رات بتائیں

عطاالمصور پیرزادہ
Latest posts by عطاالمصور پیرزادہ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).