4 اپریل 1979: ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے سنٹرل نیوز روم میں کیا ہوا؟


4 اپریل 1979 کے دن ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے سنٹرل نیوز روم میں کیا ماحول تھا۔ اس کی منظر کشی ریڈیو پاکستان کے سابق کنٹرولر نیوز انور سعید صدیقی نے اپنی کتاب ‘ریڈیو پاکستان میں 30 سال’ میں کی ہے۔ اس روز ان کی ڈیوٹی علاقائی خبروں کے ڈیسک پر تھی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ایک ساتھی ایڈیٹر خالد محمود نے خدشہ ظاہر کیا کہ آج رات کسی بھی وقت بھٹو صاحب کو پھانسی دی جانی ہے کیونکہ گذشتہ روز بیگم نصرت بھٹو اور بینظیر بھٹو کی ان سے آخری ملاقات کرائی گئی ہے۔

‘تھوڑی دیر بعد ہم لوگ جنرل نیوز روم میں گئے اس وقت وہاں ڈپٹی کنٹرولر سید محبوب علی مرحوم شفٹ انچارج تھے۔ وہ رومال لیے بار بار اپنی آنکھوں کی نمی دور کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس سے ہمیں صورت حال کا اندازہ ہوگیا لیکن سرکاری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی تاہم بی بی سی اور آل انڈیا ریڈیو یہ خبر نشر کرچکے تھے۔ بعد میں یہ راز کھلا کہ پھانسی تو رات دو بجے تک دے دی گئی مگر طے یہ پایا تھا کہ جب تک بھٹو کی میت نوڈیرو ضلع لاڑکانہ نہیں پہنچ جاتی اس خبر کو نشر نہیں کیا جائے گا۔’

انور سعید لکھتے ہیں کہ میت لے جانے والا سی ون تھرٹی جہاز دوران سفر میاں والی کے قریب کسی جگہ فنی خرابی کا شکار ہوگیا۔ پائلٹ طیارے کو واپس چکلالہ ایئر بیس لایا اور کئی گھنٹے کے بعد میت کو دوسرے طیارے کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچایا گیا۔ یہ طیارہ صبح سات بجے کے قریب جیکب آباد پہنچا جہاں سے میت کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نوڈیرو لے جایا گیا۔

ریڈیو پاکستان نے یہ خبر صبح آٹھ بجے کے انگریزی کے بلیٹن میں نشر کی یعنی واقعے کے چھ گھنٹے بعد اور بعد میں دوپہر بارہ بجے تفصیلی خبر نشر ہونا شروع ہوئی جو سرکاری پریس نوٹ پر مبنی تھی۔ جو یوں کچھ تھی۔

‘مسٹر بھٹو کو آج علی الصبح دو بجے ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی میں پھانسی دی گئی ان کی میت ایک خصوصی طیارے کے ذریعے ان کے گاؤں گڑھی خدا بخش ضلع لاڑکانہ پہنچائی گئی۔ جہاں انھیں اہل خانہ کی خواہش پر نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ان کے رشتے داروں، احباب اور علاقے کے رہنے والوں نے شرکت کی۔’

انور سعید اپنی یادداشتوں میں لکھتے ہیں کہ اس وقت سندھی خبریں پڑھنے کی ڈیوٹی شاہد قلبانی نیوز ریڈر کی تھی ان کو جب یہ خبر دی گئی ہے تو انھوں نے طبعیت کی خرابی کی بنا پر یہ خبر پڑھنے سے معذرت کرلی، جس کے بعد مترجم سے خبریں پڑہائی گئیں۔

سجاد پرویز

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سجاد پرویز

سجاد پرویز ڈپٹی کنٹرولر نیوز، ریڈیو پاکستان بہاولپور ہیں۔ ان سےcajjadparvez@gmail.com پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

sajjadpervaiz has 38 posts and counting.See all posts by sajjadpervaiz