بدقسمت طیارہ تباہ ہونے سے پہلے مسافروں کے آخری لمحات کی ویڈیو
امریکی ریاست ایریزونا میں المناک حادثے کا شکار ہونے والے چھوٹے طیارے کے بدقسمت مسافروں کے آخری لمحات کی ویڈیو سامنے آ گئی.
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ ویڈیو طیارے کے گرنے سے چند منٹ پہلے بنائی گئی جس کے بعد طیارے نے فضا میں ہی آگ پکڑلی اور زمین سے جاٹکرایا۔ لاس ویگس کے لئے روانہ ہونے والا یہ طیارہ ٹیک آف کے کچھ ہی وقت بعد ریاست ایریزونا کے ایک گالف کورس میں گر کر تباہ ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب طیارہ سکاٹس ڈیل ائیرپورٹ ایریزونا سے ٹیک آف کررہا ہے تو اس میں موجود چھ افراد بہت خوش ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے قہقہے لگارہے ہیں۔ اپنی سیٹوں پر بیٹھنے سے قبل وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر گروپ فوٹو بھی بنواتے ہیں۔
چند منٹ بعد ہی طیارہ آگ کے شعلوں میں گھِر گیا اور پھر سیدھا زمین پر جاگرا۔ اس حادثے میں پائلٹ سمیت تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے چار افراد کے نام پائلٹ جیمز پیٹروزا، آنند پٹیل، ماریہ کوگن اور ہیلینا بتائے گئے ہیں جبکہ باقی دو کی شناخت تاحال معلوم نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 1970ءمیں بنایا گیا پائپر PA-24 تھا جس میں بنیادی طو رپر صرف چار افراد کی گنجائش ہوتی ہے۔ تحقیق کار اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کہیں حادثے کی بنیادی وجہ گنجائش سے زیادہ مسافر تو نہیں۔


