ایرانی ڈرون اسرائیل پر ‘حملے کی نیت سے بھیجا گیا تھا’


اسرائیل نے کہا ہے کہ جس ایرانی ڈرون کو اس نے فروری میں مار گرایا تھا اس میں دھماکہ خیز مادہ تھا اور وہ ‘حملے کی نیت سے بھیجا گيا تھا۔’

جمعے کو اسرائیل فوج نے کہا کہ وہ اس نتیجے پر ڈرون کی ’پرواز کے راستے کے تجزیے’ اور اس کے ملبے کی ‘انٹیلیجنس پر مبنی جانچ’ کے بعد پہنچے ہیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے ایران کے اس حملے کو ناکام بنا دیا جو وہ اسرائیلی سرزمین پر کرنا چاہتا تھا۔

یہ ڈرون شام کے ایک ہوائی اڈے سے لانچ کیا گيا تھا جس پر بعد میں اسرائیل نے فضائی حملہ کیا۔

جوابی حملے میں اسرائیل کا ایک ایف 16 طیارہ تباہ ہو گیا جو اسرائیلی فورسز کے لیے کبھی کبھار ہونے والا نقصان تھا۔ تاہم اس پر سوار دونوں افراد طیارے کے تباہ ہونے سے پہلے ہی وہاں سے چھلانگ لگا کر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

ٹی-4 نامی وہی ہوائی اڈا سوموار کو ایک بار پھر حملے کی زد میں آيا جہاں سے تقریباً دو ماہ قبل ایرانی ڈرون مبینہ طور پر چھوڑا گیا تھا۔

https://twitter.com/IDFSpokesperson/status/962398794808725504

شام اور روس نے کہا ہے کہ حالیہ حملہ بھی اسرائیل نے کیا ہے جس میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اسرائیل نے اس بارے میں کوئی بھی بیان دینے سے گریز کیا ہے۔ مرنے والوں میں سات ایرانی شامل تھے۔

گذشتہ فروری میں بی بی سی کے ساتھ انٹرویو کے دوران ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس بات کی تردید کی تھی کہ ان کے ملک نے ڈرون اسرائیل بھیجا تھا اور کہا تھا کہ ڈرون شامی فوج کا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

٭ اسرائیل کی شام میں فضائی حملوں کے بعد ایران کو تنبیہ

٭ اسرائیل کا شام میں ’تیس برس میں سب سے بڑا حملہ‘

سرحد پار کرنے کے بعد اسے دس فروری کو اسرائیل کے انتہائی شمالی علاقے میں مار گرایا گيا۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا: ‘یہ واضح رہے کہ یو اے وی کی اسرائيلی دفاعی نظام نے شناخت کی اور اس ایرانی ڈرون کو ٹریک کر کے اس سے اسرائیل کو لاحق کسی خطرے کو موثر طریقے سے ختم کیا۔’

https://twitter.com/jonathangleslie/status/984850257782636544

اس بیان کے جواب میں ایرانی امور کے ماہر اور مشرق وسطیٰ پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ نگار جوناتھن لیزلی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘یہ عقل سے بعید ہے۔ ان الزامات کی بے وقوفی سے قطع نظر اسرائیلی فوج کس طرح کسی کی نیت کے بارے میں طے کر سکتی ہے؟ یو اے وی اسرائيل فضائی حدود میں صرف 90 سیکنڈ تک تھا۔’

ایران اور اسرائیل پرانے دشمن ہیں اور ایران پر الزام ہے کہ وہ اسرائیل کے شمال مشرقی پڑوسی شام میں دانستہ طور پر فوج تیار کر رہا ہے۔

ایران صدر بشار الاسد کا اہم علاقائی اتحادی ہے۔ اس پر لبنانی شیعہ ملیشیا گروپ حزب اللہ کو اسلحے فراہم کرنے کا بھی الزام ہے اور اس گروپ کو اسرائیل کا دشمن کہا جاتا ہے اور اس کی شام میں مضبوط فوج موجود ہے۔

سنہ 2017 کے اواخر میں اسرائیل وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے کہا: ‘ایران اسرائیل کے بالکل بغل شام میں اپنی فوج قائم کرنا چاہتا ہے۔’

انھوں نے مزید کہا: اسرائیل ایسا نہیں ہونے دے گا۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp