چند سانسیں خریدنے کے لئے روز زندگی بیچنے والوں کے نام ایک دن


چند سانسیں خریدنے کے لئے روز زندگی بیچنے والوں کے نام ایک دن۔ جو آج بھی دیہاڑی کی تلاش میں بیلچہ کاندھے پر رکھے نظر آئے گا۔ جو آج بھی یہ اندیشہ دل میں رکھے نکلا ہوگا کہ جانے آج بھی اپنے بچوں کے لیے گھر کچھ لے جائے گا یا خالی ہاتھ ہی جائے گا۔ جس سے شاید کوئی سوال کرے کہ دو اور دو کتنے ہوتے ہیں تو وہ کہے کہ چار روٹیاں۔
ہر دلعزیز شاعر، فقیر سائیں نے کیا خوب ترجمانی کی ہے کہ

کبھی فاقہ کشی میں چودہویں کے چاند کو دیکھو
تمھیں ایسا لگے گا جیسے تازہ نان ہوتا ہے

یومِ مزدور منائیے۔ آج کی چھٹی اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ انجوائے کیجئے، آپ کا بھی حق ہے۔ لیکن خدارا آج کے دن اپنے گھروں میں دن رات کولہو کے بیل کی طرح جتے مزدوروں / ورکروں کو بھی تھوڑا آرام کا موقع دیں۔ ان کی بدولت، ان کے طفیل جو آج کی فرصت آپ کو نصیب ہوئی ہے۔ تھوڑی سی فراغت کا موقع ان کو بھی دیں اور آج ان کی عید سمجھ کے عیدی بھی دے ڈالیں تو کیا ہی بات ہوگی۔ لکھنا اور کہنا بہت کچھ۔ بس مجھے ذاتی تجربہ ہے کہ ان کی جتنی عزت اور ان سے جتنی محبت کی جائے یہ اس سے سو گنا بڑھ کے آپ کی عزت اور خدمت کرتے ہیں۔

میری دل سے دعا ہے کہ میرے اللہ کریم کہیں بھی کسی مزدور / محنت کش کا بچہ بھوکا نہ سوئے، کوئی علاج کے لئے رقم نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ نہ دھو بیٹھے۔ کوئی مزدور بلند و بالا عمارات بناتے ہوئے جان سے ہاتھ نہ دھو بیٹھے اور اگر ایسا ہو بھی جائے تو مالکان آگے بڑھ کے اس غریب کے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری لیں۔ میری دل سے دعا ہے کہ مزدور کے بچے مزدور نہ بنیں، وہ بھی پڑھ لکھ پائیں۔ معاشرے میں اعلیٰ مقام پائیں۔ اس پاک سر زمین کے محافظین میں سے بنیں نہ کہ اس مقام اور سوچ تک آئیں کہ

جس کھیت سے دہقان کو میسّر نہیں روزی
اس کھیت کے ہر خوشہء گندم کو جلادو

میں ایک بہت چھوٹے سکیل پر اپنی مدد آپ کے تحت ضرورت مند بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کر رہی ہوں لیکن تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کو بہترتربیت دینا بھی بے حدضروری ہے۔ اپنے گرد و پیش دیکھئے۔ عزیز رشتہ داروں کی مشکلات سمجھئیے، اپنےگھریلو ملازمین کے بچوں پردستِ شفقت رکھیئے۔ اگر آپ اپنے ایک بچے کی دس پندرہ ہزار روپے فیس برداشت کرسکتے ہیں تو دو چار ہزار روپے اور نکالنا مشکل نہیں ہو گا۔ مالی مدد ممکن نہیں تو ہفتے کے دو دن، دو گھنٹے ایسے ضرورت مند بچوں کے لئے نکالیں۔ آئیے یومِ مزدور پر یہ وعدہ کریں کہ مزدور کا بچہ صرف مزدور ہی نہیں ہو گا۔ آپ کسی ایک بچے کی تعلیم و تربیت کا بیڑہ اٹھائیں گے۔

میرے الفاظ کو ایک حساس شاعرہ کی دیوانگی کہہ کے نظر انداز نہ کیجیئے گا۔ آپ میں سے ایک بھی عمل پیرا ہوا تو میں سمجھوں گی کہ میرے لفظوں میں خلوص تھا ریا نہیں۔

دل سے نکلے کچھ لفظ
رابعہ بصری

رابعہ بصری کا تعلق پاکستان کے حسین ترین علاقے بلتستان سے ہے۔ بطورِ شاعرہ، آرٹیکل رائٹر وہ اپنا آپ منوا چکی ہیں۔ رابعہ بصری کا تعلق پاکستان کے حسین ترین علاقے بلتستان سے ہے۔ بطورِ شاعرہ، آرٹیکل رائٹر وہ اپنا آپ منوا چکی ہیں۔ ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کی کوفاؤنڈر اور پریذیڈنٹ کی حیثیت سے نوجوان خواتین لکھاریوں کی رہنمائی کرتے ہوئے ادب کی ترویج اور فروغ میں اپنا حصہ بھرپور انداز میں ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔

رابعہ بصری

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

رابعہ بصری

رابعہ بصری کا تعلق پاکستان کے حسین ترین علاقے بلتستان سے ہے۔ بطورِ شاعرہ، آرٹیکل رائٹر وہ اپنا آپ منوا چکی ہیں ۔۔ ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کی کوفاؤنڈر اور پریذیڈنٹ کی حیثیت سے نوجوان خواتین لکھاریوں کی رہنمائی کرتے ہوئے ادب کی ترویج اور فروغ میں اپنا حصہ بھرپور انداز میں ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں

rabia-basri has 4 posts and counting.See all posts by rabia-basri