غیبت گلی کے منگوکوچوان


\"usmanپہلی اپریل کو بھی وہی اکڑ۔۔۔۔۔۔ پہلی اپریل کو بھی وہی اکڑ ۔۔۔۔ اب ہمارا راج ہے بچہ۔

سعادت حسن منٹو کے افسانے نیا قانون کے کردار منگوکوچوان نے جب انگریز کو یہ تڑی لگا کر مارنا شروع کیا تو اسے حوالات میں ڈال دیا گیا جہاں وہ ساری رات پٹتا رہا اور نیا قانون نیا قانون چلاتا رہا۔

نجانے کس کمبخت نے منگوکوچوان کو یہ خبر دے دی تھی کہ یکم اپریل کو انگریز سرکار کا راج ختم ہوجائے گا، نیا قانون آجائے گا اور اس نے گن گن کر دن گزارے، یکم اپریل کو وہ شان سے تیار ہوا، اس نے صبح کے خنک دھندلکے میں کئی تنگ اور کھلے بازاروں کا چکر لگایا مگر اسے ہر چیز پرانی نظر آئی۔ آسمان کی طرح پرانی۔۔۔۔۔ بجلی کے کھمبے، دکانوں کے بورڈ، اس کے گھوڑے کے گلے میں پڑے ہوئے گھنگرؤں کی جھنجھناہٹ، بازار میں چلتے پھرتے آدمی۔

مجھے بتایا جارہا ہے کہ کرپشن کے الزامات کے تحت فوجی افسران کی برطرفی کے بعد فوج اب مقدس گائے نہیں رہی، نیا قانون آ چکا ہے ، میں اس بات پر یقین بھی کرنا چاہتا ہوں مگر منگو کوچوان کا حشر مجھے ڈرا رہا ہے، مہینہ بھی اپریل کا ہے اور معاملہ بھی ایک انہونی کا۔

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر ایک غیبت گلی ہے ، سرشام یہاں منڈلیاں سج جاتی ہیں اور صحافی غیبت کرتے ہیں، گلی سے نکلنے کے بعد سب اپنی کہی بھول جاتے ہیں، گویا یہ گلی ایک سراب ہے، یہاں آپ اپنے دل کی بھڑاس نکال سکتے ہیں۔

کراچی کے اس ہائیڈ پارک میں مجھے بہت سارے منگوکو چوان نظرآئےجو مقدس گائےکی تقدیس کا بت ٹوٹ جانے پر شاداں وفرحاں تھے، مجھے ڈرلگا کہ گلی سے باہر نکلنے پر سارے مارے نہ جائیں۔

کہہ رہے تھے کہ اب مثبت تنقید کا بیڑا اٹھایا جا سکتا ہے ، سوال ہوسکتے ہیں، ارے اب آنکھوں میں آنکھیں ڈالی جاسکتی ہیں۔

قبلہ جان کی امان پاؤں تو ایک چھوٹا سا سوال ہے، میں نے کچھ کہنے کی جسارت کی۔

کرپشن کے خلاف حقیقی کارروائی اور تاثر کی جنگ جیت لینے کی امنگ میں کیا فرق ہوتا ہے؟

کہیں ایسا تو نہیں کہ مقدس گائے تاثر کی اسی جنگ میں ایک فریق ہو، جس میں کسی کو کرپٹ قراردے کر میڈیا ٹرائل کیا گیا تو کسی کو دیانت کا دیوتا بنا کر پیش کیا گیا، اگر کرپشن کے خلاف یہ حقیقی کارروائی ہے تو کوئی بتائے گا کہ جن فوجی افسران کو برطرف کیا گیا، کیا ان کی لوٹی ہوئی دولت خزانے کو واپس مل گئی؟ اگر نہیں تو اس کے لیے کیا کوشش کی گئی۔

چلیں چھوڑیں۔

قوم کے وسیع ترمفاد میں صرف اتنا بتادیا جائے کہ کس نے کتنی کرپشن کی؟ جے آئی ٹی کہاں ہے صاحب!

کہیں ایسا تو نہیں کہ چندافسران کو ریٹائرڈ کرکے فوج اختیارات سے تجاوز کرے گی اور کرپشن کے خلاف کام کرنے والے اداروں کی موجودگی کے باوجود سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دار فوج خود انسداد بدعنوانی کا بیڑا اٹھائے گی؟

کہیں پاکستان میں مارشل لاء کے بغیر جمہوریت کا دھڑن تختہ تو نہیں ہوگیا؟ شاید نیا قانون یہی ہے

میرے اس سوال پر سارے منگوکوچوان بھڑک اٹھے، کہنے لگے کہ تمہیں جرات کیسے ہوئی سوال کی، تم نادان ہو، تم کرپشن کو تحفظ دے رہے ہو، چوروں کے ساتھی

میں گڑبڑاگیا، تنقید صرف مقدس گائے پر ہی نہیں ہوسکتی اور یہ کیسی غیرمقدس گائے ہے جو تنقید سے بھی بالاتر ہے، بہرحال منگو کوچوانوں کے سامنے میں نے ہمت جتائی

میرے دیس کے منگو کوچوانو! اٹھو اور کرپشن کو جڑسے اکھاڑپھینکو! اگر جرم ثابت ہو تونوازشریف کو پھانسی پرچڑھا دو، بلاول بھٹو کو سنگسار کردو مگر آئین وقانون کے مطابق یہ کام وہ کرے جس کی ذمہ داری ہے، اگر وہ نہیں کررہا تو اس کو پابند کیا جائےاور پابند کرنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ دباؤ ڈالا جائے ، میڈیا ٹرائل کروایا جائےاور فردجرم کے بغیر کسی ملزم کو مجرم گردانا جائے

اگر یہ واقعی تاریخ ساز لمحات ہیں تو مجھے اپنے سپہ سالار سے کچھ کہنا ہے، غیبت گلی میں میری آواز بہت سارے منگوکوچوانوں کو متوجہ کرگئی

جنرل صاحب!!

اگر آپ تاریخ میں امر ہونا چاہتے ہیں تو احتساب کا سلسلہ 1971سے شروع کریں اور حمود الرحمان کمیشن رپورٹ میں ملک دولخت کرنے کے ملزم تمام فوجی جرنیلوں کو علامتی سہی، تاہم سزائیں دیں

ملک دولخت ہوجانے سے ہم عوام کو اتنا درد ہوا ہے کہ آج تک ٹیسیں اٹھ رہی ہیں، خدارا کم ازکم حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کو ڈی کلاسیفائیڈ کی الماری سے ہی باہر نکال دیں

قوم کو بتایا جائے کہ ڈی ایچ اے اور بحریہ ٹاؤن میں کرپشن کرنے والے کب پکڑے جائیں گے؟

کہیں ایسا تو نہیں کہ سوری کرنے پر سارے مجرم این ایل سی اسکینڈل کی طرح معاف کردیئے جائیں گے؟

سوال ، سوال اور سوال ۔۔ ہمارے پاس فقط سوالات ہی رہ گئے ہیں، اب جواب دینے والا بھی کوئی نہیں رہا کہ قوم پر منگو کی کیفیت طاری ہے، غیبت گلی میں بہت سارے منگوؤں کوچیختا چلاتا چھوڑ کر میں آگے بڑھا، سامنے ایک کالعدم تنظیم کا جھنڈا لہرا رہا تھا

میں نے اس جھنڈے کے ڈنڈے سے سرٹکا دیااور دل ہی دل میں مالا جپنا شروع کردی

کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے

کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے

کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments