واٹس ایپ کے چھ نئے حیران کن فیچرز کیا ہیں؟


مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ نے چھ نئے حیران کن فیچر متعارف کروا دئیے ہیں جو گروپ ایڈمنز کے ساتھ عام صارفین کے لئے بھی خوشگوار حیرت کا باعث بن رہے ہیں۔ نئے فیچر آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین دونوں کے لئے دستیاب ہیں اور ان کے ذریعے گروپ ایڈمن اور عام صارفین کو پہلے سے زیادہ کنٹرول اور تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

گروپ ڈسکرپشن کے نئے فیچر کے ذریعے گروپ کے متعلق زیادہ معلومات بآسانی اور بہتر انداز میں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ اسے استعمال کرتے ہوئے گروپ انفو کے نیچے گروپ کا مقصد، ارکان کے لئے گائیڈ لائن او رموضوعات کے متعلق معلومات دی جا سکتی ہیں۔ جب کوئی نیا شخص گروپ کو جوائن کرے گا تو یہ معلومات چیٹ کے اوپر ظاہر ہوں گی۔

نئے فیچرز کے ذریعے واٹس ایپ ایڈمن کو زیادہ بااختیار بنا دیا گیا ہے۔ اب وہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ گروپ کے ارکان میں سے کون گروپ کے سبجیکٹ کو تبدیل کرسکتا ہے یا اس کے آئیکون یا ڈسکرپشن میں تبدیلی کرسکتا ہے۔

واٹس ایپ گروپس میں اب نئے @بٹن کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔ یہ بٹن کسی بھی چیٹ کے نیچے دائیں طرف والے کونے میں ظاہر ہوگا۔ اگر آپ کسی چیٹ کو مس کر چکے ہیں تو اس بٹن پر کلک کرکے وہ سب میسج دیکھ سکتے ہیں جن میں آپ کا ذکر کیا گیا ہے یا آپ کو reply کیا گیا ہے۔

گروپ میں کسی بھی رکن کو سرچ کرنے کی آپشن بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ گروپ انفو پیج پر کسی بھی رکن کو سرچ کرنے کے لئے اس کا نام لکھ کر اسے بآسانی تلاش کیا جاسکتا ہے۔

گروپ تخلیق کرنے والے شخص کو اب کسی بھی صورت اس گروپ سے باہر نہیں کیا جاسکے گا۔ اسی طرح گروپ کے ایڈمن کو اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ گروپ کے کسی بھی رکن کو دی گئی کوئی بھی اجازت واپس لے سکتا ہے۔

گروپ اور اس کے صارفین کے لئے پروٹیکشن کا نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے۔ اب اگر کوئی صارف کسی گروپ کو چھوڑ دیتا ہے تو بار بار اسے گروپ کا حصہ نہیں بنایا جاسکے گا۔

نئے فیچرز کی مقبولیت اور افادیت کا اندازہ تو کچھ وقت گزرنے کے بعد ہی ہوگا تاہم فی الحال اکثر سوشل میڈیا صارفین ان فیچرز کے لئے پسندیدگی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).