بھٹواور خاندانِ بھٹو کو شہید ہوئے برسوں گزرگئے مگر…!!  زندہ ہے بھٹوزندہ ہے؟ 


آج یہ نکتہ ہمیں ہر حال میں تسلیم کرناپڑے گا ، کہ گزشتہ ستر سالوں کے دوران پاکستا نی قوم اور عوام کو امریکا یا کسی یورپی ملک نے اتنا بے وقوف نہیں بنایا ہے۔ جتنا کہ ہر معصوم پاکستا نی شہر ی کو ہمارے حکمران/ اشرافیہ طبقے اور سیاستدانوں نے مل کر بے وقوف بنا یا، اور قدم قدم پر ذلیل وخوار کیا ، اور پریشانیوں میں مبتلاکیاہے۔ قومی خزانے سے اللے تللے کرتے حکمران اور سیاستدان ہاتھ پہ ہاتھ اور پاوں پہ پاوں دھرے اورخواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ مگر شہر کراچی جیسا مُلک کاتجارتی حب کا درجہ پا نے والادنیا کا انٹرنیشنل شہر گندگی اور غلاظت کے انبار اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں ، ابلتے گٹروں ، بہتے سیوریج کے بدبودار پانی کے ساتھ دنیا کاسب سے گنداترین شہر بنادیاگیاہے۔ اِسے اِس حال تک پہنچا نے میں ن لیگ، پی پی پی اور ایم کیو ایم سمیت شہر کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی برابرکی حصے دار ہیں۔ مگر پی پی پی اور ایم کیوایم اقتدار کی چھینا چھپٹی نے توشہر کو کھنڈربنا کر رکھ دیاہے۔ شہر میں قبضے اور اقتدار اور اختیار کی ( پی پی پی اور ایم کیو ایم میں)سیاسی جنگ جاری ہے۔ مگراِن کی جنگ میں پس عوام رہے ہیں ۔ پینے کا پا نی نلوں سے غائب ہے؛ مگر گٹر کا کالا بدبودارپانی جس پر مچھر بہنبہناتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایساپانی وافر مقدار میں جابجا ہر گلی ہر محلے میں گھٹنوں گھٹنوں ضرور نظر آتاہے۔ مگر اِس پر بھی یہ نعرہ ہے کہ ماوں بہنوں کا رکھوالا شیر ہمارا، زندہ ہے بھٹوزندہ ہے” دہت تیرے کی ۔
 
اَب قوم کو پل پل اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد اور مفادات کے لئے بے وقوف بنانے والے احمقوں سے کوئی پوچھے کہ آخر کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا؟ ویسے تو ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کی ساری زندگی قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے میں گزری اور گزررہی ہے، مگر اِن کا ایک بس یہی سچ ہے کہ یہ دانا پاکستا نی ہیں مگر عمل کے مسلمان آٹے میں کم جتنے بھی نہیں ہیں، اور کچھ نے تو دُہری شہریت بھی رکھی ہو ئی ہے جو اکثرجس کا اقراربھی کرتے ہیں تو اِنکار بھی مگر پھر کہتے ہیں کہ یہی پکے اور سچے پاکستا نی اور مسلمان ہیں؟ تاہم آج اگر ہم اپنے مُلک کی سیاسی جماعتوں اور اِن کے منشوروں اور نعروں کا بغور جائزہ لیں تو ہم پر بہت سی باتیں اورکئی راز عیاں ہو جائیں گے کہ یہ سب تضادات سے بھری ہوئی ہیں مثال کے طور پر شیر ایک درندہ اور آدم خور جانور ہے تب ہی جنگل کے جانور اِس سے ڈر کر خوشامدی انداز اپناتے ہوئے اِسے خوش کرنے کے لئے جنگل کا بادشاہ کہتے ہیں تاکہ یہ خوش رہے اور اِن کی جانیں بچی رہیں کو ئی کچھ بھی کرلے شیر شیر ہی رہتاہے شیر کا اپنا ایک خوف ہوتا ہے جو قا ئم رہتاہے خواہ اِس کا پیٹ بھر ا ہوا ہو یا خالی ہو یہ خوش ہو یا ناراض ،یہ تکالیف سے آزاد ہو یا مصیبتوں میں مبتلا ہو۔بہر حال ہر صورت میں شیر سے ڈراورخوف محسوس ہوتا ہے یہ جنگل کابڑفاسق و فاجر، آمر اور جابر اور درندہ صفت جانور ہے اِس سے کہیں سے وفاداری کا گمان نہیں کیا جاسکتاہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ کسی کا نہیں ہوتا ہے جب یہ اپنے پر آتا ہے تو کسی کی نہیں سُنتا،ساری خدا ئی ایک طرف شیر کی مرضی دوسری طرف ، جب یہ ایسا بد مزاج اور ضدی آدم خور جانور ہے تو یہاں ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھلا اِس پر اعتماد کیو ں کر کیا جاسکتاہے؟پھر تو اِس سے وفاداری کا توسوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا؟ مگر ہمارے مُلک اور ہماری سیاسی جماعتوں کے تو انداز ہی نرالے ہیں اندازہ کیجئے کہ آج کل ہمارے مُلک کی رواں برسرِ اقتدار جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخا بی نشان “شیر” سے متعلق ایک نغمہ بنایاہواہے جو اِن دِنوں ن لیگ کے انتخابی جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں میں بہت زیادہ چلایا جارہاہے۔ جس کے اتبدائی بول کچھ یوں ہیں” ماؤں بہنوں کا رکھوالا شیر ہمارا شیرہمارا” ۔
اَب ذراسوچیں، کہ شیر جو ایک آدمخور ردرندہ ہے وہ معصوم ماو ¿ں بہنوں ہی کا کیا ؟ وہ تو کسی مرد کے بچے کا بھی رکھوالا نہیں ہوسکتاہے ۔ شاید ن لیگ نے یہ جانے بغیر کہ شیر سے وفاداری کی اُمید نہیں کی جاسکتی ہے اِس نے اپنا انتخابی نشان ” شیر ” رکھ لیا ہے۔ شیر کی فطرت اور خصلت میں موقعہ پرستی اور مفاد پرستی اور خود غرضی کوٹ کوٹ کر بھری ہو ئی ہے ۔ تب ہی مُلک میں تین بار حکمرانی کرنے والی ن لیگ کے سربراہ اور تاحیات قائد میاں محمد نوازشریف اپنے انتخا بی نشان شیر کی خصلت اور فطرت سے مجبور ہو کر جب ہی اِنہیں موقع ملا تو اُنہوں نے قومی خزا نے سے رقوم اِدھر اُدھر کیں اور آف شور کمپنیاں بنا ڈالیں اور پھر تو بناتے ہی چلے گئے، مگرجب قانونی کی گرفت میں آئے تو ایک ذرا سے اقا مے پر ڈھیر ہوگئے۔ مُلکی سیاسی جماعتوں کے منشوروں اور نعروں اور اِن کے قول و فعل سے متعلق تضادات کے حوالے سے بات چل ہی نکلی ہے تو اِس حوالے سے صرف ن لیگ ہی نہیں ہے۔ بلکہ اِس کی جوڑی دار دوسری جماعت پاکستان پیپلز پارٹی بھی ہے جس کا نعرہ ” زندہ ہے بھٹوزندہ ہے” حالانکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور خاندانِ بھٹو کی پی پی پی برسی ایک عرصے سے ہر سال مناتی ہے اور پھر بھی ہربار یہ نعرہ لگا تی ہے کہ ” زندہ ہے بھٹوزندہ ہے”۔ اگر بھٹو زندہ ہے۔ تو پھر برسی کس کی منائی جارہی ہے؟ برائے مہربانی اَب اشرافیہ اور سیاستدان ہر الیکشن میں عام شہری کی آنکھ میں جھوٹ اور دھوکے پر مبنی نعروں اور منشوروں سے دھول جھونکنا بند کریں، اور حقائق اور سچا ئی پر مبنی منشوروں اور نعروں کے ساتھ عوام کی دہلیز پر جا ئیں ۔ ورنہ قبل اِس کے کہ پاکستا نی مفلوک الحال اور ننگے بھوکے شہر ی سڑ کو ں پر آجائیں، اور اِن کی برداشت کی تمام حدیں ختم ہو جا ئیں۔ وہ سیاسی جماعتوں کے جھوٹ و فریب پر مبنی منشوروں اور نعروں کو سمجھ جا ئیں اور اِن کو عقل آجا ئے اور حکمرانوں اور سیاستدانوں سے یہ سوال کریں کہ “پاکستان میں بھوک اور افلاس کی برسی کب بنا ئی جا ئے گی؟
 
اَب کو ئی کچھ بھی کہے ، مگر پھر بھی یہ حقیقت ہے کہ ن لیگ اور پی پی پی اور دیگر مُلکی سیاسی و مذہبی جماعتیںکس ڈھٹائی اور ناقص عقل و فہم وفراست سے اگلے متوقعہ انتخابات کے لئے اپنے اپنے برسوں پرا نے تضادات سے بھر پور منشوروں اور نعروں کے ساتھ اپنی انتخابی مہم چلارہی ہیں ۔اَب پھر بھی آئندہ کے متوقعہ الیکشن صاف و شفاف ہوں یا نہ ہوں مگر مُلک” ماؤں بہنوں کا رکھوالا شیر ہمارا “اور” زندہ ہے بھٹو زندہ ہے” اور ” تبدیلی آئی نہیں آگئی ہے “کے نعروں سے ضرور گونجے گا۔ 

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).