اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر پاکستان کی خدمت کی: اسد درانی


آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل اسد درانی نے متنازع کتاب لکھنے پر کل پیر کو جی ایچ کیو میں پیش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نئی کتاب سے متعلق فوج کو اپنا کیس پیش کریں گے۔

اپنے ٹوئٹر ہنڈل پر جنرل ریٹائرڈ اسد درانی نے کہاکہ انہوں نے فوج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی اور انہیں یقین ہے کہ فوج ان کے موقف سے اتفاق کرے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہیں اپنے لوگوں کی جانب سے الزامات پر افسوس ہوا ہے۔ سابق آئی ایس آئی چیف نے کہا کہ انہوں نےاپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر پاکستان کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دوسروں کے لئے خدمت کی ہے انہیں اس طرح صورتحال کا سامنا کر نا پڑتا ہے اور جنہوں نے اپنے مفادات کے لئے غلطیاں کی ہیں انہیں بادشاہ کی طرح کا سلوک کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے دو سابق سربراہوں کی کتاب ‘دی سپائے کرونیکلز: را، اٰئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس’ کی اشاعت پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ کتاب پر فوج کو تحفظات ہیں اور ا س سلسلے میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی جی ایچ کیو میں پیش ہو کر وضاحت کریں۔ واضح رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی سابق ‘را’ چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔

 ٗ کتاب ‘دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس’ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معاملات پر بات کی۔ کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی ٗ اْن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسد درانی کی کتاب پر قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔ دوسری جانب سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھی کتاب کی اشاعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی سویلین یا سیاستدان نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو اس پر غدار کا فتویٰ لگا دیا جاتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).