چائنہ کا ویرات کوہلی

انتخابات میں جہاں سیاسی جماعتوں کی ہار جیت ہونا ہوتی ہے وہیں کچھ ایسے واقعات بھی پیش آتے ہیں جو باوجود کوشش کے بھلائے نہیں جاتے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایسے ہی پیش آنے والے ایک واقعے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے اور ہنسی کا ایک طوفان برپا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق مہاراشٹرا میں گرام پنچائیت الیکشن مہم کے دوران ’رامالنگ ڈویلپمنٹ پینل‘ نے دعویٰ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ان کی الیکشن مہم کا حصہ ہوں گے اور پورے علاقے میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اور ویرات کوہلی کی تصویر والے پوسٹر بھی لگا دئیے گئے۔
یہ اعلان سن کر ایک طرف تو مذکورہ امیدوار کے حامی خوش ہو گئے کہ وہ اپنے ہر دلعزیز کپتان کو براہ راست دیکھ سکیں گے تو دوسری جانب پورے علاقے میں ایک جوش و خروش پھیل گیا۔
اب یہ تو ظاہر ہے کہ ایسا اعلان زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو متوجہ کرنے کیلئے کیا گیا لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بلانا کوئی آسان کام بھی نہیں ہے لیکن جب ”ویرات کوہلی“ انتخابی مہم چلانے کیلئے علاقے میں پہنچے تو ہنسی کا ایک طوفان برپا ہو گیا اور امیدوار کو بے حد شرمندگی اٹھانا پڑی۔
انتخابی مہم میں ویرات کوہلی کو لانے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے ویرات کوہلی ’جیسا‘ نظر آنے والا شخص بلا لیا گیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت سے لوگ ابتدائی طور پر پہچان بھی نہ سکے البتہ جس نے بھی ذرا قریب سے اور غور سے دیکھا تو اسے اندازہ ہو گیا کہ یہ ”چائنہ کا ویرات کوہلی“ ہے۔



